معروف گلوکار جواداحمد نے باقاعدہ طورپر انتخابی سیاست میں حصہ لینے کے لیے اپنی سیاسی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے درخواست جمع کرادی۔
’گوری کرت سنگھار‘ گانے سے شہرت پانے والے گلوکار جواد احمد نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی جماعت ‘پولیٹکل فرنٹ’ عوام کو ان کے حقوق دلانے کی کوشش کرے گی۔
2013 کے انتخابات میں عمران خان کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پلیٹ فارم سے حصہ لینے والے گلوکار ابرارالحق اور عطااللہ عیسیٰ خیلوی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے جواد احمد گزشتہ چند برسوں سے سیاست میں داخلے کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔
انھوں نے لاہور میں واقع الیکشن کمیشن آف پاکستان کے دفتر میں اپنی پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواست پیر کے روز جمع کرادی۔
خیال رہے کہ جواد احمد چند برسوں سے فلاحی کاموں میں حصہ لے رہے تھے اور خصوصاً تعلیم کے میدان میں وہ سرگرم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انھوں نے جماعت ‘عام آدمی اور غریبوں کے لیے’ بنائی ہے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ وہ نئی جماعت کی رجسٹریشن کے لیے کاغذات کی جانچ پڑتال کررہے ہیں۔