افغانستان: فوجی اڈے پر حملے میں 26 افغان اہلکار ہلاک

افغانستان کے جنوبی صوبے قندھار میں فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں 26 افغان فوجی ہلاک ہوگئے، تاہم جوابی کارروائی میں 80 دہشت گردوں کو بھی مار گرایا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق افغان فضائیہ کے بیان میں کہا گیا کہ منگل کو رات گئے کیے جانے والے حملے کے دوران اڈے پر موجود فوجی اہلکاروں کی مدد کے لیے فضائی کارروائی بھی کی گئی۔

افغان وزارت دفاع کے ترجمان جنرل دولت وزیری نے کہا کہ حملے میں کم از کم 13 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے، افغان فورسز نے حملے کا بہادری سے جواب دیا جس کے نتیجے میں 80 سے زائد دہشت گرد مارے گئے۔

فوجی اڈہ شورش زدہ صوبہ ہلمند کی سرحد کے سرحدی علاقے کارزیلا میں واقع تھا۔

صوبائی ایئر فورس کمانڈر جنرل رازِق شیرازی کا کہنا تھا کہ ’ہم نے کئی فضائی حملے کیے جس میں درجنوں دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ہماری ہیلی کاپٹرز نے زخمی فوجی اہلکاروں کو ہسپتالوں تک پہنچایا۔‘

ایک سینئر آرمی ذرائع نے کہا کہ حملے کے بعد 12 فوجی اہلکار لاپتہ ہیں۔

مقامی رہائشیوں نے کہا کہ طالبان کے سیکڑوں جنگجوؤں نے مختلف جانب سے فوجی بیس پر حملہ کیا۔

طالبان نے حملے کی ذمہ داری ٹویٹر کےذریعے قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھی شمالی شہر مزار شریف کے باہر واقع فوجی اڈے پر طالبان کے حملے میں کم از کم 135 فوجی اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

فوجی تنصیبات پر طالبان کے حملوں میں یہ اب تک کا سب سے خطرناک اور تباہ کن حملہ تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے