نواز شریف،حسن اورحسین کی آج نیب میں پیشی متوقع

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور انکے دونوں صاحبزادے حسن اور حسین نواز کی نیب آفس لاہور میں آج پیشی متوقع ہے۔ نیب نے ریفرنسوں کے معاملے پر آج شریف فیملی سے آج جواب طلب کیا ہے جبکہ طارق شفیع اور اسحاق ڈار کو ذاتی طور پر پیش ہونے کے لیے کہا گیا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ روز نیب نے سپریم کورٹ سے جے آئی ٹی رپورٹ کے والیم 10کی تصدیق شدہ نقول حاصل کرلی ہیں ، جبکہ شریف خاندان کے اثاثوں کی تفصیلات کے لیے سعودی حکومت کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔

سپریم کورٹ نے پاناما کیس کافیصلہ28 جولائی کو سنایا تھا جس کے فیصلے پر عمل درآمد کا اگلا مرحلہ آ گیا ہے جس میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 4 ریفرنسز 6 ہفتوں میں یعنی 8 ستمبر تک دائر کرنا ہیں ۔

تحقیقاتی عمل کی نگرانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم راولپنڈی کے ڈائریکٹر رضوان احمد کریں گے جبکہ وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے تحقیقات کی نگرانی ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور میجر (ر) شہزاد سلیم کریں گے۔

نیب نے شریف خاندان کے اثاثوں سے متعلق سعودی عرب کی حکومت سے بھی تفصیلات مانگ لی ہیں ۔سعودی حکومت کے نام خط میں کہا گیا ہے کہ عزیزیہ ملز سے متعلق معلومات بھی 30 اگست تک فراہم کردی جائیں ۔

ذرائع کے مطابق والیم 10 میں شامل باہمی قانونی معاونت کے تحت بیرون ممالک لکھے گئے خطوط کی نقول شامل ہیں جو نیب کو مزید معلومات کے حصول میں مدد فراہم کرے گی ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے