میانمار کے سفیر کی دفتر خارجہ طلبی، مسلمانوں پر مظالم کیخلاف شدید احتجاج

اسلام آباد: پاکستان نے میانمار کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

میڈیا کے مطابق سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کے سفیر یوون منٹ کو دفتر خارجہ طلب کرکے روہنگیا کے قتل عام پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے میانمار کی حکومت پر زور دیا کہ ریاست راکھائن میں روہنگیا مسلمانوں کیخلاف تشدد کے اقدامات روکنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

تہمینہ جنجوعہ نے برمی سفیر سے مطالبہ کیا کہ میانمار میں مسلمانوں کو جان و مال کا تحفظ فراہم کیا جائے اور مسئلے کے حل کے لیے کوفی عنان کمیشن کی سفارشات پر عمل کیا جائے۔

تہمینہ جنجوعہ نے کہا کہ میانمار حکومت اقلیت کے خلاف گھناؤنے جرائم میں ملوث افراد کو فوری طور پر انصاف کے کٹہرے میں لائے اور مسلمانوں پر منظم تشدد کی تحقیقات کرائے۔ میانمار کے سفیر نے اپنی حکومت کو پاکستان کے تحفظات اور خدشات سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے مطابق میانمار میں ریاستی تشدد کے نتیجے میں سیکڑوں مسلمان شہید اور لاکھوں ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے