امریکی جنگی طیاروں کی شمالی کوریا کی سرحد کے قریب پروازیں

واشنگٹن: امریکی بمبار طیاروں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے امریکی بمبار طیاروں نے شمالی کوریا کی سرحد کے قریب سمندر پر پروازیں کی ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنگی جہازوں نے پروازیں جنوبی کوریا اور شمالی کوریا کی سرحد سے متصل علاقے میں سمندر پر کیں جب کہ اس کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ امریکا کسی بھی قسم کے خطرے سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتا ہے۔

پینٹاگون کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کو واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے مختلف فوجی آپشن موجود ہیں جب کہ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکا اپنے اور اپنے اتحادیوں کے دفاع کے لیے تمام فوجی صلاحیتوں کے ساتھ مکمل طور پر تیار ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان شدید تناؤ پایا جاتا ہے جب کہ گزشتہ چند ماہ سے دونوں ممالک کے درمیان لفظی گولا باری میں بھی شدت آچکی ہے۔
دوسری جانب اقوام متحدہ کی پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا کی جانب سے جدید ترین ہائیڈورجن اور ایٹمی میزائل کے تجربات بھی جاری ہیں جس پر چین، جاپان، جنوبی کوریا اور امریکا نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے