معروف صحافی اور وقت ٹی وی کے سینئر اینکر پرسن مطیع اللہ جان پر اتوار کی سہہ پہر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے حملہ کیا ہے ۔
حملہ آوروں نے مطیع اللہ جان کی گاڑی کی ونڈ اسکرین پر اس وقت اینٹ پھینکی جب وہ اپنے فیملی کے ہمراہ بہارہ کہو میں واقع اپنے گھر جا رہے تھے . حملے کے بعد حملہ آور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔
مطیع اللہ جان کے مطابق دو افراد موٹر سائیکل پر سوار تھے جنہوں نے پھلگراں پل کے سامنے موڑ مڑتے ہوئے کار پر اینٹ ماری اور بھاگ گئے، گاڑی موڑ کو جب تعاقب کرنے کی کوشش کی تو گلیوں میں غائب ہو چکے تھے ۔
مطیع اللہ جان نے واقعے کی اطلاع پولیس کو دے دی ہے . مطیع اللہ جان ایک متحرک اور مقبول صحافی ہیں . ملک بھر کی صحافتی برادری نے ان پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے . مطیع اللہ جان اپنے سخت سوالوں کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں . وہ اس سے پہلے ڈان نیوز پر اپنا گریبان چاک کے نام سے پروگرام کرتے تھے جس میں انہوں نے صحافت کے میدان میں مفاد پرست ٹولے کو بے نقاب کیا . اس کی انہیں بھاری قیمت چکانی پڑی اور انہیں اپنی ملازمت سے بھی ہاتھ دھونے پڑے . وہ نوائے وقت اخبار میں کالم لکھتے ہیں جبکہ وقت نیوز پر اپنا اپنا گریبان کے نام سے پروگرام کرتے ہیں .