اظہرعلی ٹیسٹ میں 5 ہزار رنز بنانے والے آٹھویں پاکستانی

پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی نے سری لنکا کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کیریئر کے 5 ہزار رنز مکمل کرلیے۔

اظہرعلی ٹیسٹ کرکٹ میں 5 ہزار سے زائد رنز بنانے والے پاکستان کے آٹھویں بلے باز بن گئے ہیں اور عظیم کرکٹر ظہیر عباس سے چند رنز کے فاصلے پر ہیں۔

32 سالہ بلے باز نے یہ سنگ میل اپنے کیریئر کے 61 ویں ٹیسٹ میچ میں اس وقت عبور کرلیا جب انھوں نے ابوظہبی میں کھیلے جارہے پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 32 رنز بنائے۔

اظہرعلی نے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز 13 جولائی 2010 کو لارڈز کے مقام پر انگلینڈ کے خلاف کھیلے گئے میچ سے کیا اور پہلی اننگز میں 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ دوسری اننگز میں 42 رنز بنائے تھے۔

ٹیسٹ کیریئر میں ٹرپل سنچری کا اعزاز حاصل کرنے والے بلے باز نے گزشتہ سال ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں سنچری مکمل کی اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے بلےباز ہیں۔

انھوں نے 2016 میں 11 ٹیسٹ میچوں میں ایک ہزار 198 رنز بنائے تھے جس میں میلبورن میں آسٹریلیا کے خلاف شاندار ڈبل سنچری بھی شامل ہے۔

اظہرعلی نے تین ڈبل سنچریاں بنائیں اور پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔

انھوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹرپل سنچری بنا کر حنیف محمد، انضمام الحق اور یونس خان جیسے عظیم بلے بازوں کی فہرست میں اپنا نام شامل کرلیا۔

اظہر علی پاکستان کی جانب سے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے بازوں میں چھٹے نمبر پر ہیں، یونس خان 34 سنچریوں کےساتھ سرفہرست ہیں، انضمام الحق 25، محمد یوسف 24، جاوید میانداد 23، سلیم ملک 15 اور اظہر علی 14 سنچریوں کے ساتھ نمایاں ہیں۔

یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے کئی بڑے اعزاز اپنے نام کیے وہی ٹیسٹ میں دس ہزار رنز بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے، انھوں نے 118 ٹیسٹ میچوں میں دس ہزار 99 رنز بنائے اور رواں سال کرکٹ سے کنارہ کشی اختیار کی۔

[pullquote]5 ہزار سے زائد ٹیسٹ رنز بنانےوالے پاکستانی[/pullquote]

• یونس خان: دس ہزار 99 رنز

• جاوید میانداد: 8 ہزار 832 رنز

• انضمام الحق: 8 ہزار 830 رنز

• محمد یوسف: 7 ہزار 530 رنز

• سلیم ملک: 5 ہزار 768 رنز

• مصباح الحق: 5 ہزار 222 رنز

• ظہیرعباس: 5 ہزار 60 رنز

• اظہرعلی: 5 ہزار 42 رنز

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے