دبئی: سری لنکا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹاس سرفراز احمد کی آس توڑتی رہی۔
کلین سوئپ کے بعد پریس کانفرنس میں کپتان سرفراز احمد نے کہاکہ سری لنکن ٹیم نے بہترین بیٹنگ اور بولنگ کا مظاہرہ کیا، پیسرز نے بھی اہم وکٹیں حاصل کیں، سیریز میں ناکامی سے ہم نے بہت کچھ سیکھا، ہمیں نوجوان کرکٹرز کی خدمات میسر اور میری بھی بطور کپتان یہ پہلی سیریز تھی، کوشش ہوگی کہ آئندہ یہ غلطیاں نہ دہرائیں۔
کپتان نے کہا کہ ایشیائی وکٹوں پر ٹاس ہارنے کے بعد میچ میں واپس آنا کافی مشکل ہوتا ہے، سکہ حریف کے حق میں پلٹنے کے باوجود پاکستانی ٹیم نے دونوں میچز میں کم بیک کیا مگر جیت مقدر نہ بن سکی، ہمارے اصل مسائل بیٹنگ میں رہے،اس شعبے میں بہترکارکردگی کی مظاہرہ کرتے تو نتائج بہتر ہوتے،اچھے آغازملنے پر بھی بیٹسمین بڑے اسکور نہیں پائے۔ مڈل آرڈر کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے،جن پلیئرز نے ففٹیز بنائیں ان کومزید کوشش کرتے ہوئے سنچریاں بنانا ہونگی۔
سرفراز احمد نے اسد شفیق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اگر پہلے یا دوسرے ٹیسٹ کی ابتدائی باری میں کوئی بیٹسمین ایسی اننگز کھیل جاتا تو نتیجہ کچھ اور ہوتا،پہلے مڈل آرڈر کافی مضبوط تھی،اب تھوڑے مسائل پیش آرہے ہیں،امید ہے کہ نوجوان بیٹسمین ڈومیسٹک کرکٹ میں جاکر اپنی غلطیاں سدھارنے کیلیے کام کرینگے اور ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
کپتان نے کہا کہ بابر اعظم باصلاحیت ہیں،انھیں ابھی سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے،امید ہے کہ مستقبل میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔