نیب ریفرنسز: مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے

سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر احتساب عدالت میں پیشی کے لئے جوڈیشل کمپلیکس پہنچ گئے۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد بشیر شریف خاندان کے خلاف لندن فلیٹس، فلیگ شپ انویسٹمنٹ اور العزیزیہ ا سٹیل ملز ریفرنسز کی سماعت کریں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر پر آج فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اہلیہ کلثوم نواز کی علالت کے باعث لندن میں موجود ہیں جو عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوں گے تاہم ان کی جانب سے ظافر خان کو نمائندہ نامزد کیا ہے جو عدالت میں پیش ہوں گے۔

مریم نواز سمدھی چوہدری منیر کی رہائشگاہ سے احتساب عدالت کے لئے روانہ ہوگئیں تاہم ان کے ہمراہ کیپٹن (ر) محمد صفدر موجود نہیں تھے۔

نیب ریفرنسز: نواز شریف، مریم اور کیپٹن صفدر پر فرد جرم 13 اکتوبر کو عائد ہو گی

عدالت نے گزشتہ سماعت پر لندن میں رہائش پذیر حسن نواز اور حسین نواز کو مفرور ملزم قرار دے کر ان کا کیس الگ کر دیا تھا جب کہ دونوں ملزمان کو بذریعہ اشتہار پیش ہونے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔

ملزمان کی لاہور میں رہائش گاہ اور احاطہ عدالت میں چسپاں کیے گئے اشتہار میں لکھا ہے کہ دونوں ایک ماہ کے اندر عدالت کے سامنے پیش نہ ہوئے تو انہیں اشتہاری ملزم قرار دے دیا جائے گا، اس اشتہار کی اشاعت کے بعد کسی بھی مرحلے پر جائیداد ضبطی کی کارروائی بھی شروع کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی جانب سے فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کے خلاف درخواست نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پہلے متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔

سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف 3 ریفرنسز احتساب عدالت میں دائر کئے ہیں جو ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق ہے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا ہے۔

العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور 15 آف شور کمپنیوں سے متعلق فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں نواز شریف اور ان کے دونوں بیٹوں حسن اور حسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنس کا سامنا کرنے کے لئے دو مرتبہ 26 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ذاتی حیثیت میں احتساب عدالت کے روبرو پیش ہوئے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے