وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے ،گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی ایئر پورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔
ایک روزہ دورے میں پورٹ قاسم پر کوئلے کے ٹرمینل کا افتتاح ، پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداران سے ملاقات اور کراچی میں وفاق کے تعاون سے چلنے والے منصوبوں کا جائزہ لیں گے ۔
کراچی آمد کے بعد وزیر اعظم کو فوجی آئل ٹرمینل کمپنی کے پاکستان گیس پورٹ کنسورشیم کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی ۔
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پورٹ قاسم پر پاکستان کے پہلے انٹرنیشنل بلک ٹرمینل کے منصوبے کا افتتاح کریں گے۔
اس کے بعد وزیر اعظم گورنر ہاؤس میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے عہدیداروں سے بھی ملاقات کریں گے، جس کے دوران انہیں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی گزشتہ 4 سال کی مجموعی کارکردگی کے ساتھ ساتھ انڈیکس میں حالیہ کمی کی وجوہات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی جائے گی۔
ملاقات کے دوران پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی ترقی ،اس میں مزید بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کے اقدامات کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔
اس کے بعد ایک اور اجلاس میں گورنر ہاؤس میں وزیر اعظم کو کراچی میں وفاق کے تعاون سے چلنے والے گرین لائن منصوبے پر پیش رفت پر بھی بریفنگ دی جائے گی ۔