وفاقی وزیر ریاض پیرزادہ کا کہنا ہےکہ شہبازشریف کے ن لیگ کو ٹیک اوور کرنے کے بیان پر اب بھی قائم ہوں۔
اپنے چیمبر میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیرریاض پیرزادہ نے کہا کہ میں نے ہمیشہ سیدھی بات کی جس سے سب ناراض ہوجاتے ہیں، شہبازشریف نواز شریف کے ایک تابعدار بھائی ہیں اس لیے ایک بھائی کو پارٹی ٹیک اوور کرنے کا کہا اور اس بیان پر قائم ہوں۔
ریاض پیر زادہ نے کہا کہ میری گفتگو کے سیدھے مطلب ہوتے ہیں اس میں کوئی سازش کی بات نہیں، ہمیں نوازشریف کی لیڈر شپ پر بھی کوئی اعتراض نہیں، صرف آنے والے وقت کی فکر ہے کہ اس طرح ہماری جماعت الیکشن میں کیسے جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ کیا شہبازشریف ٹرپل ون کے بریگیڈیئر ہیں، اگر ایسا ہے تو الفاظ واپس لیتا ہوں، شہبازشریف
کبھی نوازشریف کے حکم کے خلاف نہیں گئے۔
ریاض پیرزادہ نے کہا کہ مجھ پر جو تنقید کررہے ہیں مجھے نہیں پتا ان کے دل میں کیا ہے، میں جس کشتی کا سوار ہوں اس میں سوراخ کرنے والا نہیں ہوں، مجھ پر کسی کا کوئی دباؤ نہیں جب کہ موسمی مینڈکوں کی کوئی پرواہ نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کی پگڑی نہیں اچھالی بلکہ ہمیں دہشت گرد کہہ کر ہماری پگڑی اچھالی گئی۔
واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما ریاض پیرزادہ نے گزشتہ دنوں بیان دیا تھا کہ شہبازشریف پارٹی کو ٹیک اوور کرلیں جس پر لیگی رہنماؤں کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا تاہم اب ریاض پیر زادہ نے اس حوالے سے ایک بار پھر لب کشائی کی ہے۔