گالیاں اور لعنت دینے والا جیل جائے گا، نواز شریف

ہری پور: سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ وہ عمران خان کو صادق و امین قرار دینے والے جج صاحبان کو سلام پیش کرتے ہیں جبکہ گالیاں اور لعنت دینے والا جیل جائے گا۔

ہری پور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ ہری پور سمیت پورے ملک میں سڑکوں کا جال بچھادوں اور موٹروے بناؤں، ہم نے عوام کو لوڈشیڈنگ سے چھٹکارا دلایا، دہشت گردی کا خاتمہ کیا لیکن مجھے عوام کی خدمت کا صلہ نہیں ملا بلکہ الٹا بیٹے سے تنخواہ لینے کا الزام لگا کر مجھے نااہل قرار دے دیا گیا۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ عدالتی لاڈلہ جس تھالی میں کھاتا ہے اسی میں چھید کرتا ہے، وہ جس اسمبلی سے تنخواہ لیتا اور جس کے لیے الیکشن لڑتا ہے اسی پر لعنت بھیجتا ہے، لیکن دوسروں کو گالیاں دینے والا خود جیل جائے گا، عمران خان کہتے تھے ہم پورے ملک کو بدل دیں گے لیکن پاکستان کے ایک صوبے خیبرپختون خوا کو تبدیل نہیں کرپائے، وہ بتائیں کہ 4 سال کے عرصے میں بجلی کے کتنے کارخانے لگائے، کتنے اسکول بنائے، ایک ارب درخت لگانے کا دعویٰ کرنے والے مجھے 200 درخت دکھادیں۔

نواز شریف نے کہا کہ آئے روز عمران خان کے حوالے سے اخباروں میں آتا رہتا ہے، ان کا کام سیاسی مخالفین اور قومی ادارے کے عہدیداروں اور سربراہوں کو گالیاں دینا اور بہتان تراشی و الزامات لگانا ہے، جلسوں میں قوم کے اخلاق کو بگاڑا جارہا ہے، دھمکیاں دیتے ہیں اور کبھی آئی جی اور کبھی قومی ادارے کے سربراہوں کو دھمکیاں دیتے ہیں کہ تمھیں جیل میں ڈال دوں گا، عمران خان کو صادق و امین قرار دینے والے ججز کو سلام پیش کرتا ہوں اور بتا دیتا ہوں کہ دوسروں کو گالیاں دینے والا خود جیل میں جائے گا اور عوام گندی سیاست کرنے والوں کو رد کردیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے