جمعرات یکم مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس کا ’ناقابل تسخیر‘ میزائلوں کی نئی جنریشن تیار کرنے کا دعویٰ[/pullquote]

روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے ہائپر سونک میزائل کی نئی جنریشن کی تیاری کا دعویٰ کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق روسی صدر نے ٹیلی ویژن پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران ملک کی جانب سے تیار کردہ میزائلوں سمیت کئی نئے ہتھیاروں کی ویڈیوز دکھائیں، جو بحر اوقیانوس سمیت دنیا میں کہیں بھی استعمال کیے جاسکتے ہیں۔ولادی میر پیوٹن نے اپنی 2004 کی ایک تقریر کا حوالہ دیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ روس ہتھیاروں کی نئی جنریشن تیار کرے گا، اور ان کے مطابق اب ان کا یہ وعدہ پورا ہوچکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’پہلے کوئی بھی ہم سے بات تک نہیں کرنا چاہتا تھا اور نہ ہمیں سننا چاہتا تھا، لیکن اب وہ ہمیں سنیں گے۔‘

[pullquote]شام کی اقوامِ متحدہ کی قرار داد کی خلاف ورزی پر امریکی مذمت[/pullquote]

امریکا نے شامی اور روسی افواج کو اقوامِ متحدہ کی جنگ بندی سے متعلق قرارداد کی خلاف ورزی کرنے اور شامی شہر غوطہ میں بمباری جاری رکھنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔عرب نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے امریکی نمائندہ کیلی کری کا کہنا تھا کہ امریکا، شامی فورسز کی جانب سے غوطہ میں جاری بمباری کی شدید مذمت کرتا ہے۔ شامی دارالحکومت دمشق سے کچھ فاصلے پر واقعے شہر غوطہ 2013 سے باغیوں کے زیرِ اثر ہے۔امریکی سفیر نے کہا کہ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں متفقہ طور پر جنگ بندی کے لیے منظور ہونے والی قرارداد کے بعد بھی شامی حکومت نے غوطہ میں بمباری جاری رکھی اور سیکڑوں لوگوں کی جان لے لی۔

[pullquote]ایل او سی: بھارتی شیلنگ سے بزرگ شہری جاں بحق[/pullquote]

لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بھارت کی سیز فائر کی خلاف ورزی جاری ہے اور جمعرات کے روز بھی آزاد جموں و کشمیر کے ضلع کوٹلی میں بھارتی شیلنگ سے بزرگ شہری ہلاک ہوگیا۔اسسٹنٹ کمشنر نکیال ولید انور نے کہا کہ ’شیلنگ کا آغاز صبح ساڑھے 7 بجے ہوا اور بھارتی فوج نے شہری آبادی پر متعدد مارٹر گولے فائر کیے۔‘انہوں نے کہا کہ ’شیلنگ کے دوران تقریباً ساڑھے 10 بجے ایک مارٹر گولے کے اسپلنٹرز ڈھیری گاؤں کے 70 سالہ نذیر حسین مغل کو لگے، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔‘ولید انور کا کہنا تھا کہ شیلنگ کے دوران بھارتی فوج تعلیمی اداروں کو ہدف بنا رہی ہے، جہاں گزشتہ منگل سے ابتدائی بورڈ امتحانات جاری ہیں۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں فائر بندی کی مدت بڑھائی جائے، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ شام میں جنگ بندی کے روسی منصوبے کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ ماسکو حکومت نے مشرقی غوطہ میں پانچ گھنٹے کی یک طرفہ جنگ بندی کا منصوبہ پیش کیا ہے۔ تاہم اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے شام اسٹیفان ڈے مستورا کے مطابق کوشش جاری رہے گی کہ اس فائر بندی کی مدت تیس دن کر دی جائے تاکہ دمشق کے اس نواحی علاقے میں محصور لوگوں کو فوری مدد فراہم کی جا سکے۔

[pullquote]فرانس، مارین لے پن کے خلاف قانونی کارروائی شروع[/pullquote]

فرانسیسی دفتر استغاثہ نے پرتشدد تصاویر کی تقسیم پر انتہائی دائیں بازو کی سیاستدان مارین لے پن کے خلاف باقاعدہ قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ سن دو ہزار پندرہ میں انہوں نے ایسی تصاویر ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی تھیں، جن میں اسلامک اسٹیٹ کی طرف سے پرتشدد کارروائیوں کی عکاسی ہوتی ہے۔ ان میں امریکی صحافی جیمز فولی کے قتل کرنے کی تصاویر شامل تھیں۔ مارین لے پن ان تحقیقات کو ’سیاسی مداخلت‘ قرار دے چکی ہیں۔ ناقدین کے مطابق لے پن کے خلاف یہ کارروائی ان کی پارٹی میں مقبولیت میں کمی کا باعث نہیں بنے گی۔

[pullquote]پولینڈ میں ہولو کوسٹ سے متعلق متنازعہ قانون نافذ العمل[/pullquote]

پولینڈ میں ہولو کوسٹ سے متعلق ایک متنازعہ قانون نافذ العمل ہو گیا ہے۔ اس قانون کے تحت نازی دور حکومت کے دوران ہوئے ظلم وستم میں پولش لوگوں کو مورد الزام ٹھہرانے پر جرمانے یا تین سال تک قید کی سزائیں سنائی جا سکیں گی۔ اس قانون کی وجہ سے وارسا حکومت کے اسرائیل اور یوکرائن کے ساتھ باہمی تعلقات میں ایک کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔ سن 1939 تا 1945 نازی جرمنوں نے پولینڈ پر قبضہ کر لیا تھا، جس دوران بالخصوص یورپی یہودیوں کی بڑے پیمانے پر نسل کشی بھی کی گئی تھی۔

[pullquote]ریل نظام کا مکمل معائنہ کیا جائے، مصری صدر[/pullquote]

مصری صدر نے ملکی ریلوے نظام کے مکمل معائنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ سرکاری میڈیا کے مطابق عبدالفتاح السیسی نے جمعرات کے دن کہا ہے کہ ریل نظام کے مکمل چیک اپ کے بعد اس میں بہتری کے لیے تجاویز مرتب کی جائیں۔ السیسی نے یہ حکم ایک ایسے وقت میں جاری کیا ہے، جب ایک روز قبل ہی ایک ٹرین حادثے کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ مصر میں حالیہ برسوں کے دوران ریل گاڑیوں کے متعدد حادثات رونما ہو چکے ہیں۔

[pullquote]گن لابی سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں، صدر ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ملک میں ’گن کنٹرول‘ کے لیے اصلاحات کرنا چاہییں۔ بدھ کے دن قانون سازوں کے ایک گروپ پر زور دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں ملک کی طاقتور اسلحہ لابی ’نیشنل رائفل ایسوسی ایشن‘ سے خوفزدہ ہوئے بغیر گن کنٹرول کے موجودہ قوانین میں اصلاحات کے لیے متحرک ہونا چاہیے۔ اپنی سیاسی پارٹی ری پبلکن کے موقف کے برعکس ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا میں اس تناظر میں ایک جامع اور مفصل اصلاحاتی بل متعارف کرانا چاہیے۔ ری پبلکن سیاستدان ٹرمپ کے اس بیان کو اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کی ان کوششوں کے لیے ایک امید قرار دیا جا رہا ہے، جن کے تحت وہ امریکا میں اسلحے سے متعلق قوانین کو مؤثر بنانے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]ہیمبرگ، فلسطینی جہادی کو عمر قید[/pullquote]

جرمنی کی ایک عدالت نے اُس فلسطینی جہادی کو عمر قید کی سزا سنا دی ہے، جس نے چاقو کی مدد سے ہیمبرگ کی ایک سپر مارکیٹ میں حملہ کرتے ہوئے ایک شخص کو ہلاک جبکہ چھ کو زخمی کر دیا تھا۔ ستائیس سالہ احمد الحو نے گزشتہ برس جولائی میں اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔ اس کیس کی حساسیت کے تناظر میں جج نے کہا ہے کہ مجرم کے پیرول پر قبل از وقت رہا کیے جانے کے امکانات کم ہیں۔

[pullquote]ایران جوہری ڈیل، یورپی اور امریکی حکام کی ملاقات مارچ میں ہو گی[/pullquote]

یورپی اور امریکی حکام ایران کی جوہری معاہدے پر ایک ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ جرمن وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق یہ ملاقات مارچ میں برلن میں ہو گی۔ اس مجوزہ ملاقات میں سن دو ہزار پندرہ میں طے پانی والی اس تاریخی ڈیل پر امریکی تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ خبردار کر چکی ہے کہ واشنگٹن حکومت اس عالمی ڈیل سے دستبردار ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق اس ڈیل میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے۔

[pullquote]جرمن حکومتی کمپوٹرز پر حملہ ناکام بنا دیا گیا[/pullquote]

جرمن حکام نے کہا ہے کہ بدھ کے دن ہیکرز کی جانب سے حکومتی کمپیوٹرز پر کیے گئے حملے کو ناکام بنا دیا گیا۔ جرمن وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق سکیورٹی حکام اس بارے میں تفتیش کر رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے جرمن میڈیا میں نشر ہونے والی ایسی خبروں پر تبصرہ نہیں کیا کہ اس حملے میں مبینہ طور پر روسی ہیکر گروپ APT28 ملوث تھا۔ اسی گروپ نے سن دو ہزار پندرہ میں جرمن پارلیمان کے کمپیوٹر نظام کو ہیک کرنے کی کوشش کی تھی۔

[pullquote]وال مارٹ اکیس سال سے کم افراد کو آتشی اسلحہ فروخت نہیں کرے گا[/pullquote]

مشہور امریکی سپر مارکیٹ چین ’وال مارٹ‘ نے کہا ہے کہ وہ اب اکیس سال سے کم عمر افراد کو آتشیں اسلحہ اور گولیاں فروخت نہیں کرے گی۔ بدھ کے دن جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اسٹور کی ویب سائٹ سے ایسے طرز کے ہتھیاروں کو ہٹا لیا جائے گا، جو بڑے حملوں میں استعمال ہوتے ہیں۔ ان میں خود کار ہتھیاروں میں استعمال ہونے والے میگزین بھی شامل ہیں۔ وال مارٹ نے یہ فیصلہ ریاست فلوریڈا کے شہر پارک لینڈ کے ایک اسکول میں ہوئے حملے کے بعد کیا ہے، جس میں ایک انیس سالہ لڑکے نے سترہ افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]مشرقی غوطہ میں تشدد، ذمہ دار کون؟[/pullquote]

شامی علاقے مشرقی غوطہ میں جنگ بندی کی ناکامی پر امریکا اور روس نے ایک دوسرے کا مورد الزام ٹھہرایا ہے۔ امریکا نے دمشق حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ بدھ کی شام اس کی فورسز نے مشرقی غوطہ میں کارروائی کی۔ دوسری طرف روس نے کہا ہے کہ شامی باغی پرتشدد کارروائیوں سے باز نہیں آ رہے ہیں۔ باغیوں کے زیر قبضہ دمشق کے اس نواحی علاقے میں شہریوں کی ایک بڑی تعداد محصور ہے، جنہیں فوری مدد کی ضرورت ہے۔ عالمی طاقتوں کی کوششوں کے باوجود شام میں قیام امن کے لیے ایک عارضی سمجھوتے پر عملدرآمد نہیں ہو سکا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کا مشیر مشتبہ جرمن شہری گرفتار[/pullquote]

افغاستان میں طالبان کے ایک ایسے مشیر کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کے بارے میں یقین ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ جرمن شہری ہے۔ ہلمند صوبے کے حکام نے بتایا ہے کہ بدھ کو گرفتار کیا گیا یہ شخص ڈچ زبان بولتا ہے اور خود کو جرمن شہری قرار دیتا ہے۔ شک ہے کہ یہ طالبان کے ایلیٹ ’ریڈ یونٹ‘ کے سربراہ ملا نصیر کا مشیر تھا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے کہا ہے کہ اس شخص کے علاوہ تین دیگر مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

[pullquote]غیرملکی افواج کے انخلا کا نظام الاوقات دیا جائے، عراقی پارلیمنٹ[/pullquote]

عراقی قانون سازوں نے وزیراعظم حیدر العبادی کی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں موجود غیر ملکی افواج کے انخلا کا نظام الاوقات پارلیمان میں پیش کیا جائے۔ امریکا نے سن 2014 میں اپنے فوجیوں کو عراقی افواج کی مدد و معاونت کے لیے متعین کیا تھا تا کہ جہادی تنظیم داعش کا مقابلہ کیا جا سکے۔ عراقی افواج نے اب داعش کو مکمل شکست دینے کا اعلان کر رکھا ہے اور پارلیمان نے اسی تناظر میں کثیر الملکی افواج کے انخلا کے ممکنہ نظام الاوقات کا حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ رواں برس پانچ فروری کو اتحادی فوج کی جانب سے یہ کہا گیا تھا کہ تازہ صورت حال میں فوجیوں کی ضرورت کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

[pullquote]یمنی جنگ میں امریکی شمولیت کا خاتمہ، سینیٹرز سرگرم[/pullquote]

امریکی سینیٹرز نے ایک ایسا مسودہٴ قرارداد پیش کیا ہے، جس کا مقصد یمن کے مسلح تنازعے میں سے امریکی شمولیت کا خاتمہ ہے۔ اس سلسلے میں جلد ہی رائے شماری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ پیش کی جانے والی قرارداد کا مسودہ تین سینیٹرز نے مرتب کیا ہے۔ ان تینوں سینیٹرز کے مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ قرارداد پر رائے شماری سے یمن میں جاری غیرقانونی جنگ میں سے امریکی عمل دخل کو ختم کرنا مقصود ہے۔ سن دو 2015 سے امریکا سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کو ہتھیاروں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریائی اور امریکی صدور کے درمیان بات چیت[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مُون جے اِن نے علاقائی صورت حال پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے۔ جنوبی کوریائی صدر کی رہائش گاہ بلُو ہاؤس سے بتایا گیا ہے دونوں صدور کے درمیان یہ ٹیلی فونک رابطہ یکم مارچ کو ہوا۔ ٹیلی فون پر ہونے والی بات چیت کی تفصیل ظاہر نہیں کی گئی۔ جنوبی کوریائی نیوز ایجنسی نے یہ ضرور رپورٹ کیا کہ دونوں رہنماؤں نے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان ممکنہ مذاکراتی عمل شروع کرنے پر بات چیت کی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے