جمعہ : 30 مارچ 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شام میں امریکی فوجی ہلاک[/pullquote]

امریکی حکام نے شامی شہر منبج میں ایک امریکی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ پینٹا گون نے جمعے کے دن بتایا کہ یہ واقعہ اس وقت رونما ہوا، جب اس شمالی شہر میں ایک دھماکا ہوا۔ جمعرات کو ہوئی اس کارروائی کے نتیجے میں مجموعی طور پر امریکی عسکری اتحاد میں شامل دو اہلکار ہلاک جبکہ پانچ زخمی ہوئے۔ ہلاک ہونے والے دوسرے غیر ملکی کی قومیت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں پارلیمانی انتخابات اکتوبر میں متوقع[/pullquote]

افغان حکام نے بتایا ہے کہ ملک میں پارلیمانی انتخابات اکتوبر میں منعقد کرانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ اس شورش زدہ ملک میں پارلیمانی اور علاقائی انتخابات گزشتہ تین سالوں سے تاخیر کا شکار ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اکتوبر میں انتخابات منعقد کرانے کے لیے ابھی کافی زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے تاہم ان کا ہدف ہے کہ یہ انتخابی مرحلہ جلد ہی منعقد کرا لیا جائے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات کا انعقاد سن دو ہزار انیس میں ہو گا۔

[pullquote]فلسطین اور غزہ کی سرحد کے قریب ہزاروں فلسطینیوں کا مارچ[/pullquote]

غزہ اور فلسطین کی سرحد کے قریب آج بروز جمعہ ہزاروں فلسطینیوں نے احتجاجی مارچ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نامہ نگاروں کے مطابق مظاہرین بارڈر کے ساتھ ساتھ مختلف مقامات پر جمع ہوئے۔ بارڈر کی دوسری جانب اسرائیلی ٹینک اور نشانہ باز پوزیشن لیے ہوئے تھے اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال بھی کیا گیا۔ حماس نے تیس مارچ سے غزہ اسرائیل سرحد پر پرامن مظاہرے کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

[pullquote]غزہ اسرائیلی سرحد کے قریب مظاہرے، پانچ فلسطینی ہلاک[/pullquote]

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق فلسطینی مظاہرین اور اسرائیلی سکیورٹی فورسز کے مابین ہونے والی جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم پانچ افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ آج جمعے کی صبح سے یہاں ہزاروں مظاہرین ، فلسطینی مہاجرین اور اُن کے بچوں کے اپنے وطن لوٹنے کے حق میں احتجاج کر رہے ہیں۔ علاقے میں ’گریٹ مارچ آف ریٹرن‘ کے حوالے سے تناؤ گزشتہ رات سے ہی بڑھ گیا تھا جب اسرائیلی گولہ باری سے ایک فلسطینی شہری کی ہلاکت ہوئی تھی۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ اُن کے ٹینکوں نے دو مشتبہ مظاہرین کے باڑھ کے قریب آنے پر کارروائی کی۔

[pullquote]غزہ اسرائیلی سرحد پر جھڑپیں، سات فلسطینی ہلاک[/pullquote]

غزہ حکام کے مطابق اسرائیلی سکیورٹی فورسز اور فلسطینی مظاہرین کے مابین ہونے والی تازہ جھڑپوں کے نتیجے میں کم ازکم سات فلسطینی مارے گئے ہیں۔ غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر شروع ہونے والے یہ مظاہرے شدت اختیار کر چکے ہیں۔ فلسطینی حکام کے مطابق ان مظاہروں میں ہزاروں افراد شریک ہوئے ہیں۔ اسرائیلی فورسز کے مطابق مظاہرین کی طرف سے پتھراؤ اور فائر بم پھینکنے کے بعد یہ جھڑپیں شروع ہوئیں۔

[pullquote]افغان صوبے بدخشاں میں طالبان اور افغان فورسز کے درمیان جھڑپ، چار شہری ہلاک[/pullquote]

شمال مشرقی افغان صوبے بدخشاں میں طالبان اور افغان سکیورٹی فورسز کے مابین ایک جھڑپ کے نتیجے میں چار شہری ہلاک جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے ہیں۔ مقامی ضلعی پولیس افسر اسداللہ مجددی نے بروز جمعہ بتایا ہے کہ فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ اس وقت شروع ہوا، جب سکیورٹی فورسز نے ضلع جُرم میں طالبان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔ طالبان نے ایک بیان میں چار سے زائد شہریوں کی ہلاکت کا دعوی کرتے ہوئے اس کا ذمہ دار افغان حکومت کو ٹھہرایا ہے۔

[pullquote]’دوما چھوڑنے کے لیے روس سے کوئی ڈیل نہیں کی‘، جیش الاسلام[/pullquote]

دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں موجود آخری باغی گروہ نے ایسی رپورٹوں کو مسترد کیا ہے کہ اس نے دوما کا قصبہ چھوڑنے کے حوالے سے روس سے کوئی معاہدہ کیا ہے۔ اس سے قبل روسی فوج نے کہا تھا کہ باغی گروپ جیش الاسلام نے دوما چھوڑنے کے لیے ڈیل طے کر لی ہے۔ گروپ کے ترجمان حمزہ برق دار نے ایک پیغام میں کہا کہ اُن کی پوزیشن اب بھی واضح اور مضبوط ہے۔ دوما کے قصبے کو چاروں طرف سے شامی افواج نے گھیر رکھا ہے اور قصبے میں ہزاروں شہری محصور ہیں۔

[pullquote]چین کا بحری مشقوں میں طیارہ بردار بحری جہاز کی شمولیت سے انکار[/pullquote]

مصنوعی سیارے سے لی گئی تصاویر کے مطابق بُحیرہ جنوبی چین میں بڑے پیمانے پر ہوئی بحریہ کی مشقوں میں چین کے طیارہ بردار بحری جہاز نے بھی حصہ لیا ہے۔ ان مشقوں میں چالیس مزید بحری جہاز بھی شامل تھے۔ تاہم چین کی وزارت دفاع نے اس بات کی تصدیق سے انکار کیا ہے کہ لیاؤننگ نامی اس طیارہ بردار کیرئیر نے بحری مشقوں میں حصہ لیا تھا۔ چین کی جانب سے عسکری طاقت کا یہ مظاہرہ تائیوان کی جانب سے اس بیان کے کئی روز بعد کیا گیا ہے، جس میں اُس نے کہا تھا کہ طیارہ بردار بحری جہاز’ لیاؤننگ‘ اور دیگر بحری جہاز بیس مارچ کو آبنائے تائیوان سے گزرے ہیں۔

[pullquote]فرانسیسی صدر کے بیان پر ایردوآن کے تحفظات[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے ایک بیان میں کہا ہے کہ فرانس نے شامی تنازعے کے حوالے سے غلط موقف اپنایا ہے۔ یہ بیان فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں کے اُس اعلان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کرد سکیورٹی فورسز سے وعدہ کیا تھا کہ وہ شام کے شمال مشرقی حصے میں استحکام لانے میں مدد کریں گے۔ ایردوآن نے ماکروں کے اس بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس پر افسردہ ہیں اور امید کرتے ہیں کہ یہ کسی غلط فہمی کا نتیجہ ہو گا۔

[pullquote]ترکی میں مہاجرین کی وین کا حادثہ، سترہ تارکین وطن ہلاک[/pullquote]

ترک صوبے اِغدیر میں جمعے کے دن ہوئے ایک روڈ حادثے کے نتیجے میں سترہ تارکین وطن ہلاک جبکہ چھتیس زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبائی گورنر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب ایک چھوٹی مسافر وین بجلی کے ایک کھمبے سے جا ٹکرائی اور اس میں آگ لگ گئی۔ ترک سرکاری نیوز ایجنسی انادولو کا کہنا ہے کہ مہاجرین کا تعلق ایران، پاکستان اور افغانستان سے تھا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق ان تارکین وطن کی یہ وین غیر قانونی طور پر ایران سے ترکی میں داخل ہوئی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے