اتوار : یکم اپریل 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فلسطينوں کی ہلاکت پر ترک صدر کی تنقيد اور اسرائيلی وزير اعظم کا جواب[/pullquote]

غزہ ميں اسرائيلی فوجيوں کی فائرنگ سے سولہ فلسطينيوں کی ہلاکت پر ترک صدر رجب طيب ايردوآن کی تنقيد کا اسرائيلی وزير اعظم بينجمن نيتن ياہو نے اتوار کو سخت جواب ديا ہے۔ نيتن ياہو نے ٹوئٹر پر اپنے پيغام ميں لکھا کہ ’دنيا کی سب سے با اخلاق فوج ايک ايسے شخص سے ليکچر نہيں لے گی، جو سالہا سال سے شہريوں پر بمباری کرتا آيا ہے‘۔ نيتن ياہو غالباً ترک افواج کی جانب سے کردوں کے حلاف جاری کارروائی کی طرف اشارہ کر رہے تھے۔ قبل ازيں جمعے کو غزہ پٹی ميں فلسطينوں کی ہلاکت کا سبب بننے والی اسرائيلی فوج کی کارروائی کو ايردوآن نے ’غير انسانی‘ قرار ديا تھا۔

[pullquote]ايران ميں زلزلہ، فی الحال کسی جانی يا مالی نقصان کی اطلاع نہيں[/pullquote]

ايران کے مغربی حصوں ميں آج زلزلے کے جھٹکے محسوس کيے گئے ہيں۔ اس زلزلے کی ريکٹر اسکيل پر شدت 5.3 بتائی گئی ہے۔ کرمانشاہ ميں قدرتی آفات سے نمٹنے والے ملکی ادارے کے سربراہ رضا محمودياں نے بتايا کہ فوری طور پر کسی جانی يا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہيں ملی ہے۔ پچھلے سال نومبر ميں اسی علاقے ميں ريکٹر اسکيل پر 7.3 شدت کا زلزلہ آيا تھا، جس کے نتيجے ميں 530 افراد ہلاک اور آٹھ ہزار سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]بھارتی شہر اندور ميں چار منزلہ ہوٹل منہدم، دس افراد ہلاک[/pullquote]

وسطی بھارتی شہر اندور ميں ايک چار منزلہ ہوٹل کی عمارت منہدم ہو جانے کے نتيجے ميں کم از کم دس افراد ہلاک اور دو ديگر زخمی ہو گئے۔ يہ حادثہ ہفتے کو رات گئے پيش آيا۔ پولیس کے مطابق تمام فوری امدادی کارروائیاں مکمل کر لی گئی ہيں۔ اس ہوٹل کی عمارت کافی پرانی تھی تاہم فی الحال اس عمارت کے منہدم ہو جانے کی حتمی وجہ کا تعين نہيں ہو سکا۔ مقامی میڈیا کے مطابق اس ہوٹل کی عمارت مبینہ طور پر اس وقت منہدم ہو گئی، جب ایک بڑی مال بردار گاڑی اس سے ٹکرا گئی تھی۔

[pullquote]کشمير ميں آٹھ عسکریت پسندوں کی ہلاکت کے بعد بھارت مخالف مظاہرے، جھڑپیں[/pullquote]

بھارت کے زير انتظام کشمير ميں کم از کم آٹھ مشتبہ عليحدگی پسند باغيوں کی ہلاکت کے بعد بھارت مخالف مظاہرے شروع ہو گئے ہيں۔ سری نگر میں پولیس نے بتایا کہ باغيوں کی ايک پناہ گاہ کے بارے ميں اطلاع ملنے پر جنوبی کشمير کے شوپياں اور اننت ناگ اضلاع کے دو ديہات ميں سکيورٹی دستوں نے ہفتے اور اتوار کی درميانی شب کارروائی کی۔ تمام ہلاکتیں انہی دو دیہات میں ہوئیں۔ شوپياں ميں جھڑپیں اتوار کو قبل از دوپہر تک جاری تھیں۔ جنوبی کشمیر میں چند دیگر مقامات سے بھی سکيورٹی دستوں اور مشتعل مظاہرين کے مابين جھڑپوں کی اطلاعات ہيں۔

[pullquote]امريکا اور جنوبی کوريا کی سالانہ جنگی مشقوں کا آغاز[/pullquote]

امريکا اور جنوبی کوريا کی سالانہ جنگی مشقيں آج بروز اتوار شروع ہو گئیں۔ ’فَول ايگل‘ نامی ان مشقوں ميں ساڑھے گيارہ ہزار امريکی اور قريب دو لاکھ نوے ہزار جنوبی کوريائی فوجی شريک ہيں۔ شمالی کوريا کے ساتھ کشيدگی ميں کمی کے ليے جاری سفارتی کوششوں ميں پيش رفت کے سبب اس بار يہ مشقيں بہت بڑے پيمانے پر نہيں کی جا رہیں اور ان کی مدت بھی صرف ايک ماہ رکھی گئی ہے۔ عموماﹰ یہ سالانہ مشقیں دو ماہ تک جاری رہتی ہیں۔ اس دوران واشنگٹن اور سيول کی دو ہفتے دورانیے کی ’کلیدی عزم‘ نامی مشترکہ مشقيں اپريل کے دوسرے نصف حصے میں شروع کی جائیں گی۔

[pullquote]غزہ کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا بیان، امريکا نے راستہ روک ديا[/pullquote]

امريکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی تازہ صورتحال پر ايک مشترکہ بيان کا راستہ روک دیا ہے۔ اس بيان ميں اسرائيلی فوج سے محتاط رویہ اپنانے اور جمعے کو فوج کی کارروائيوں ميں کم از کم سولہ فلسطينيوں کی ہلاکت کی تحقيقات کا مطالبہ کيا گيا تھا۔ سکيورٹی کونسل ميں اس بیان کا مسودہ کويت نے پيش کيا تھا، جسے امریکا نے ہفتے اور اتوار کی درميانی شب مسترد کر ديا۔ بيان کے مسودے ميں فلسطینی اسرائیلی سرحد پر پائی جانے والی موجودہ صورتحال پر گہری تشويش کا اظہار بھی کيا گيا تھا۔ عالمی ادارے میں امریکی سفارتی مشن نے اس بارے میں کوئی رد عمل ظاہر نہيں کيا۔

[pullquote]غزہ پٹی: ہلاک ہونے والے فلسطينيوں کے جنازے ميں ہزاروں افراد کی شرکت[/pullquote]

غزہ پٹی کی سرحد پر اسرائيلی فوج کی کارروائی میں ہلاک ہونے والے سولہ ميں سے چودہ فلسطينيوں کو ہفتے کے روز دفنا دیا گیا۔ اس موقع پر مشتعل شرکاء نعرے لگا رہے تھے کہ ان ہلاکتوں کا بدلہ لیا جائے گا۔ درجن سے زائد ہلاک شدگان کی تدفین میں ہزاروں فلسطینیوں نے حصہ لیا۔ غزہ میں وزارت صحت کے مطابق کل ہفتے کو بھی اسرائیلی فوجی کارروائی میں کم از کم پينتيس افراد زخمی ہوئے۔ ادھر اسرائيلی وزير اعظم نیتن یاہو نے اس کارروائی پر ملکی فوج کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی شہريوں کی حفاظت کے ليے تمام ممکنہ اقدامات کيے جائيں گے۔ مارے جانے والے فلسطينی ایک احتجاجی مارچ کے دوران جمعے کے روز ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائيل کا موقف ہے کہ فوجیوں نے فائرنگ ان مظاہرین پر کی، جو مرکزی احتجاجی اجتماع سے ہٹ کر ایک سرحدی باڑ کی طرف بڑھ رہے تھے۔

[pullquote]معروف بنگلہ دیشی وکیل اچانک لاپتہ ہو گئے[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں اقليتوں کے حقوق کی جدوجہد کرنے اور مسلم انتہا پسندوں کے خلاف مقدمات کی پیروی کرنے والے معروف وکیل استغاثہ رتيش چندر بھومِک اچانک لاپتہ ہو گئے ہيں۔ اتوار کی صبح بتايا گيا کہ بھومِک کو رنگ پور ميں جمعے کی صبح ان کی رہائش گاہ سے رخصتی کے بعد سے نہيں ديکھا گيا۔ ان کے اہل خانہ نے ان کے لاپتہ ہو جانے کی پولیس رپورٹ جمعے کی رات ہی درج کرا دی تھی۔ ان کی گمشدگی پر مقامی وکلاء برادری اپنا احتجاج جاری رکھے ہوئے ہے۔ رتيش چندر بھومِک ايک سرکردہ ہندو سماجی کارکن بھی ہيں، جو ممنوعہ عسکريت پسند گروہ جمعيت المجاہدين کے ارکان کے خلاف متعدد مقدمات ميں رياست کی نمائندگی کر چکے ہيں۔

[pullquote]اسرائیلی فوجیوں نے وہی کیا ہے، جو ضروری تھا، اسرائیلی وزیر دفاع[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ کی سرحد پر ہونے والے ہلاکت خیز واقعات کی غیر جانبدار تحقیقات کے مطالبے کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع ایوگڈور لیبر مان کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے وہی کیا ہے، جو ضروری تھا۔ اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوٹیرش نے جمعے کو رونما ہونے والے ان واقعات کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے بھی گوٹیرش کے مطالبے کی تائید کی تھی۔ غزہ کی سرحد پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم پندرہ فلسطینی مظاہرین ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]فرانس شمالی شام میں اپنے فوجی بھیجنے سے باز رہے، ترکی[/pullquote]

ترکی نے فرانس کو شام میں فوجی موجودگی بڑھانے سے خبردار کیا ہے۔ ترک وزیر دفاع نور الدین جنیکلے کے مطابق اگر فرانس نے شام میں اپنے فوجیوں کی تعداد بڑھائی تو اسے ’مداخلت‘ سمجھا جائے گا۔ ان کے بقول فرانس کا ایسا کوئی بھی فیصلہ غیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کے منافی بھی ہو گا۔ کرد تنظیم وائی پی جی نے کہا تھا کہ پیرس حکومت اپنے دستے شمالی شامی شہر منبج بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ تاہم فرانس نے ان خبروں کی تردید کی ہے۔ دوسری جانب ترکی جنوری سے شمالی شام میں فوجی آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]امریکا سے بے دخل کیے گئے روسی سفارت کار ماسکو پہنچ گئے[/pullquote]

امریکا سے بے دخل کیے جانے والے روسی سفارتکار آج اتوار کی صبح ماسکو پہنچ گئے ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت ماسکو پہنچنے والے دو جہازوں پر کُل 171 افراد سوار تھے۔ ان میں ساٹھ روسی سفارت کار اور ان کے اہلخانہ شامل ہیں۔ امریکا نے روسی سفارت کاروں کو جاسوس قرار دیتے ہوئے ملک چھوڑنے کا کہا تھا۔ امریکی اقدام کے رد عمل میں روس بھی سینٹ پیٹرز برگ میں امریکی کونسلیٹ بند کرتے ہوئے ساٹھ امریکی سفارت کاروں کو بے دخل کرنے کے احکامات جاری کر چکا ہے۔

[pullquote]شاپنگ مال میں آتشزدگی، روسی علاقے کیموروو کے گورنر مستعفی[/pullquote]

روسی شہر کیموروو میں خریداری کے ایک مرکز میں آتشزدگی کے بعد علاقائی گورنر مستعفی ہو گئے ہیں۔ گورنر آمان تولیجیو کے مطابق وہ اتنے بھاری بوجھ کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کر سکتے۔ گورنر نے مزید کہا کہ ان کا مستعفی ہونا واحد صحیح فیصلہ ہے۔ گزشتہ اتوار کو شاپنگ مال میں لگنے والی آگ کی زد میں آکر چونسٹھ افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں اکتالیس بچے تھے۔ گورنر کو آتشزدگی کے فوری بعد جائے وقوعہ کا دورہ نہ کرنے، زخمیوں اور ہلاک شدگان کے لواحقین سے ملاقات نہ کرنے کی وجہ سے شدیدتنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

[pullquote]ايسٹر پر پاپائے روم کا خطاب، شام، يمن اور جزيرہ نما کوريا کا ذکر[/pullquote]

مسيحی تہوار ايسٹر کے موقع پر ويٹيکن سٹی ميں پاپائے روم پوپ فرانسس کی قيادت ميں خصوصی دعائيہ تقريب آج بروز اتوار منعقد ہوئی۔ پوپ فرانسس نے اس موقع پر مشرق وسطیٰ ميں قيام امن کے ليے ثالثی اور جزيرہ نما کوريا ميں کشيدگی کم کرنے کی ضرورت پر زور ديا۔ انہوں نے جنگ زدہ ممالک شام اور يمن ميں مشکلات کے شکار عوام کا بھی خصوصی طور پر ذکر کيا اور وہاں پر تشدد کارروائيوں کے خاتمے کی بات کی۔ عبادت کے ليے سينٹ پيٹرز اسکوائر پر سکيورٹی کے سخت انتظامات کيے گئے ہيں۔

[pullquote]افغانستان ميں قانون ساز اسمبلی کے ليے اليکشن اس سال اکتوبر ميں[/pullquote]

افغانستان ميں قانون ساز اسمبلی کے ارکان کو منتخب کرنے کے ليے انتخابات اسی سال بيس اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ افغان اليکشن کميشن کے سربراہ عبدل بادی سيد نے اتوار کو بتايا کہ رائے دہی کے ليے عوام کو رجسٹريشن کارڈز وسط اپريل سے دستياب ہوں گے۔ قومی اسمبلی کی 249 نشستوں کے ليے يہ انتخابات ملک بھر کے چار سو سے زائد اضلاع ميں کرائے جائيں گے۔ اقوام متحدہ نے افغانستان ميں کافی تاخير کے بعد قانون ساز اسمبلی کے اليکشن کو خوش آئند قرار ديا ہے تاہم ساتھ ہی يہ بھی کہا ہے کہ رائے دہی کے عمل ميں تمام افغان شہريوں کی نمائندگی لازمی ہے۔ افغانستان ميں اپريل 2019ء ميں صدارتی انتخابات بھی منعقد ہوں گے۔

[pullquote]امن و استحکام کی ضرورت ہے، سوچی[/pullquote]

میانمار کی رہنما آنگ سان سوچی نے ملک میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ سوچی کے مطابق مستقبل کے مسائل سے نمٹنے کے لیے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے یہ بیان اپنی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کے اقتدار کے دو سال پورے ہونے پر دیا۔ سوچی کو راکھین ریاست میں روہنگیا اقلیت کے خلاف ملکی فوج کے آپریشن پر خاموشی کی وجہ سے بین الاقوامی سطح پر بھی تنقید کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف اس فوجی کارروائیوں کو نسل کشی سے تعبیر کیا ہے۔

[pullquote]ہم بہت جلد شام سے فوج واپس بلا لیں گے، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مشیروں کو بتایا کہ وہ شام سے امریکی فوج کی جلد واپسی چاہتے ہیں۔داعش کے خلاف متحد جیت پر انہوں نے اپنی تقریر کے دوران تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم شام سے بہت جلد واپس آئیں گے، اب یہ معاملہ دوسروں کو دیکھنے دیں گے، بہت جلد، بہت جلد ہم واپس آئیں گے اور اپنے ملک کی حفاظت کریں گے جہاں ہم رہتے ہیں اور جہاں ہم رہنا چاہتے ہیں’۔دو سینیئر حکومتی عہدیداران کا کہنا تھا کہ ٹرمپ کی تقریر کے دوران ان کے تبصرے نے ان کی اندرونی مشیروں کے ساتھ مشاورت کی جھلک دکھادی ہے ٹرمپ حیرت میں ہیں کہ امریکی فوج کو دہشت گردوں کے ساتھ کیوں رہنا پڑ رہا ہے۔دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا کہ شامی فوج نے باغیوں کے زیر اثر رہنے والے غوطہ سے ان کا قبضہ چھڑا لیا ہے۔

شامی فوج نے کے مطابق دار الخلافہ کے اطراف میں تقریباً تمام علاقہ خالی کرالیا گیا تاہم دومہ کا علاقے میں مذاکرات جاری ہیں۔حکومت نے علاقے کے سب سے بڑے شہر اور داعش کے مضبوط زیر اثر رہنے والے علاقے دومہ میں باغیوں کو خبردار کردیا ہے کہ وہ ہفتے کی رات تک علاقہ خالی کرنے پر رضامندی کا اظہار کردیں۔حکومت کی حمایت کردہ کچھ نئی ویب سائٹس کے مطابق فوج دومہ کے علاقے میں اپنے دستے اتار رہی ہے تاہم وارننگ میں ایک دن کا اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔فوج کا یہ بیانیہ ایک اور مخالف گروہ کے جنگجوؤں اور ان کے اہل خانہ کے مشرقی غوطہ کے جنوب، اور مغربی حصوں سے جانے کے بعد سامنے آیا۔ان جنگجوؤں کے جانے کے بعد شامی صدر بشار الاسد کی فوج گرد و نواح کے علاقوں سے باغیوں کے گروہ کے خاتمے میں ایک قدم اور قریب ہوگئے ہیں۔حکومتی فوج کا مشرقی غوطہ کا قبضہ ملتے ہیں حکومت نے دمشق سے ملانے والی سڑکوں اور ہائی ویز کو کھول دیا جو 2012 میں باغیوں کے قبضے کے بعد سے بند تھیں۔

[pullquote]صومالیہ میں افریقی یونین کی چھاؤنی پر الشباب کا حملہ[/pullquote]

صومالیہ میں شدت پسند تنظیم الشباب نے افریقی یونین کی ایک فوجی چھاؤنی پر حملہ کیا ہے۔ کرنل احمد حسن کے مطابق شبیلی میں واقع اس چھاؤنی پر اتوار کی صبح حملہ کیا گیا۔ ان کے بقول اس بیس کے مرکزی دروازے پر پہلے دو خود کش کار بم حملے کیے گئے اور پھر مسلح شدت پسندوں نے چھاؤنی میں داخل ہونے کی کوشش کی۔ کرنل حسن نے مزید بتایا کہ لڑائی بدستور جاری ہے۔ انہوں نے جانی و مالی نقصان کی کوئی تفصیلات نہیں بتائی ہیں۔ الشباب نے اس حملے میں افریقی یونین کے درجنوں سپاہیوں کو ہلاک کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔

[pullquote]نیتن یاہو تم ایک ’دہشت گرد‘ ہو، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کو ’ دہشت گرد‘ قرار دے دیا ہے۔ ایردوآن نے آج اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’نیتن یاہو تم ایک قابض ہو اور ساتھ ہی تم ایک دہشت گرد بھی ہو‘۔ ایردوآن کے بقول نیتن یاہو فلسطینیوں کو دبانے کے لیے جو کچھ بھی کر رہے ہیں وہ تاریخ کا حصہ بن جائے گا اور اسے فراموش نہیں کیا جائے گا۔ اس سے قبل نیتن یاہو نے غزہ میں رونما ہونے والے ہلاکت خیز واقعات کے تناظر میں ترکی کی جانب سے اسرائیل کو دیا جانے والا ’اخلاقی درس‘ مسترد کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے