ٹیکساس فائرنگ: پاکستانی طالبہ کی ہلاکت پر امریکا کا اظہار افسوس

ٹیکساس کے اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں پاکستانی طالبہ کی ہلاکت پر امریکا نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکی سفارتخانے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ سبیکا شیخ کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سبیکا شیخ امریکی محکمہ خارجہ معاون پروگرام کے تحت ٹیکساس میں زیرِ تعلیم تھیں، پروگرام کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرناہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا کہ سبیکا شیخ سمیت دیگر طلبہ کی موت پر دونوں ممالک افسردہ ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ شب امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے تھے۔

جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل تھیں۔ کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکا پڑھنے گئی تھیں۔

امریکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں پیش آیا جہاں ایک طالب علم نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

واقعے کے فوری بعد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی درجنوں گاڑیوں اور 3 ہیلی کاپٹرز نے اسکول کو گھیر لیا اور مقابلے کے بعد 17 سالہ حملہ آور سمیت 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔

گرفتار حملہ آور کی شناخت دمتریوز پیگورٹزس کے نام سے ہوئی ہے، جو سانتافے اسکول کا ہی طالب علم ہے۔

امریکا میں تعینات پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے بھی اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق ہونے والوں کے ورثاء سے تعزیت کا اظہار کیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے