[pullquote]افغان سکیورٹی فورسز پر حملے، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]
افغانستان کے سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ عسکریت پسندوں کے دو مخلتف حملوں میں کم از کم پانچ افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ ان ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار اور ایک قبائلی لیڈر بھی شامل ہیں۔ مغربی افغان صوبے بادغیس کی صوبائی کونسل کی رکن عبدالعزیز بیگ نے بتایا کہ عسکریت پسندوں نے جن دو پولیس اہلکاروں کو ہلاک کیا ہے، وہ ایک چیک پوسٹ پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔ وسطی افغان صوبے غور میں طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں تین شہری ہلاک ہوئے۔ ان میں ایک قبائلی رہنما بھی شامل ہے۔ غور صوبے کی پولیس کے ترجمان کے مطابق طالبان جنگجوؤں کے پولیس ہیڈکوارٹرز پر کیے گئے حملے کو پسپا کر دیا گیا ہے۔
[pullquote]نبیہ بری لبنانی پارلیمان کے پھر اسپیکر منتخب[/pullquote]
لبنان کی نئی پارلیمنٹ نے ایک مرتبہ پھر شیعہ سیاستدان نبیہ بری کو اسپیکر منتخب کر لیا ہے۔ وہ مسلسل چھٹی مرتبہ ملکی پارلیمان کے اسپیکر منتخب کیے گئے ہیں۔ اراکین پارلیمنٹ نے حزب اللہ کی اتحادی جماعت کے ایلی فیرزیلی کو ڈپٹی اسپیکر منتخب کیا ہے۔ اسی سالہ نبیہ بری کو بھی ایران نواز شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ کی حمایت حاصل ہے۔ بری کے حق میں پارلیمنٹ کے اٹھانوے اراکین نے ووٹ ڈالا۔ انہوں نے اپنے انتخاب کے بعد نئی حکومت کی فوری تشکیل پر زور دیا۔ دوسری جانب لبنانی صدر نے حکومت سازی کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ساتھ ملاقاتوں اور رابطوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔
[pullquote]جرمنی سے ملک بدر کیے گئے پندرہ جرمن افغانستان پہنچ گئے[/pullquote]
کابل کے افغان حکام نے تصدیق کی ہے کہ جرمنی سے ملک بدر کیے پندرہ افغان باشندے کابل پہنچ گئے ہیں۔ جرمن شہر فرینکفرٹ سے روانہ کیا گیا یہ دستہ ایک چارٹر ہوائی جہاز پر بدھ 23 مئی کی صبح افغان دارالحکومت پہنچا۔ دونوں ملکوں کے درمیان سن 2016 میں طے پانے والے ایک معاہدے کے تحت یہ تیرہواں دستہ افغانستان روانہ کیا گیا۔ اب تک جرمن حکومت ایسے 234 افغان شہریوں کو ملک بدر کر چکی ہے، جن کی سیاسی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ یہ ملک بدری ایسے وقت میں کی گئی ہے جب افغانستان میں سکیورٹی کی صورت حال انتہائی مخدوش تصور کی جاتی ہے۔
[pullquote]شام سے ایرانی فوج کے انخلا کے معاملے پر بحث کی گنجائش نہیں، شامی نائب وزیر خارجہ[/pullquote]
شامی حکومت نے کہا ہے کہ شام سے ایرانی افواج کے انخلا کے معاملے پر بحث کی کوئی گنجائش نہیں۔ شام کے نائب وزیر خارجہ فیصل مقداد نے لبنان کے ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ شام میں ایرانی افواج یا حزب اللہ موجود رہیں گی یا نہیں، اس بات کا فیصلہ شامی حکومت کا اندرونی معاملہ ہے۔ یہ بیان امریکا کی جانب سے ایران کو دی گئی اس دھمکی کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ایران سے اپنی علاقائی اور ملٹری پالیسیوں میں بڑی تبدیلیوں کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ امریکا کے مطابق دوسری صورت میں ایران کو انتہائی سخت معاشی پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔
[pullquote]روہنگیا عسکریت پسند ہندوؤں کے قتل عام میں ملوث ہیں، ایمنسٹی انٹرنیشنل[/pullquote]
گزشتہ برس میانمار کی ریاست راکھین میں ہونے والے فسادات میں روہنگیا عسکریت پسند 53 ہندو دیہاتیوں کے قتل عام میں ملوث ہیں۔ قتل کیے جانے والوں میں بچوں کی تعداد زیادہ ہے۔ یہ بات آج بدھ کو جاری ہونے والی ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ہندو افراد کو ٹھیک اسی دن روہنگیا عسکریت پسندوں نے قتل کیا، جس دن عسکریت پسندوں نے علاقے میں موجود پولیس چوکیوں پرمنصوبہ بندی کے تحت حملے کیے۔ یہ حملے 25 اگست دو ہزار سترہ کو کیے گئے تھے۔ ان حملوں کے بعد میانمار کی افواج کا انتہائی سخت ردعمل سامنے آیا جو ملک سے سات لاکھ روہنگیا کی مہاجرت کی وجہ بنا۔
[pullquote]بریگزٹ کے بعد برطانوی شہریوں کی ریکارڈ تعداد نے جرمن شہریت لے لی[/pullquote]
برطانیہ میں بریگزٹ کے حوالے سے ہونے والے ریفرنڈم کے بعد مسلسل دوسرے برس بھی ریکارڈ تعداد میں برطانوی شہریوں کو جرمنی کی شہریت دی گئی۔ یہ بات جرمنی کے وفاقی دفتر شماریات کی ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2017ء کے دوران 7,500 برطانوی شہریوں کو جرمن شہریت دی گئی جو اس سے ایک برس قبل قائم کیے گئے ریکارڈ سے بھی دو گنا تعداد ہے۔ برطانیہ میں 2016ء میں یورپی یونین چھوڑنے کے حق میں ہونے والے ریفرنڈم کے بعد سے جرمن شہریت حاصل کرنے کے خواہش مند برطانوی باشندوں کی تعداد میں بہت اضافہ ہوا ہے
[pullquote]جنوبی کوریا کے صحافی شمالی کوریا پہنچ گئے[/pullquote]
جنوبی کوریا کے آٹھ صحافیوں پر مشتمل ایک ٹیم آج بدھ کے روز شمالی کوریا پہنچ گئی ہے جو شمالی کوریا کی جوہری تجربات کے مرکز کو ختم کیے جانے کے موقع پر رپورٹنگ کرے گی۔ امریکا، برطانیہ، چین اور روس کے صحافیوں کی ایک ٹیم منگل کے روز ہی شمالی کوریا پہنچ گئی تھی تاہم جنوبی کوریا کے صحافیوں کو آنے سے روک دیا گیا تھا۔ اس کی وجہ جنوبی کوریا کی امریکا کے ساتھ مشترکہ جنگی مشقوں پر شمالی کوریا کا احتجاج تھا۔ شمالی کوریائی حکام کے مطابق پُنگے ری نیوکلیئر ٹیسٹ سائٹ کو کل جمعرات کے روز سے ختم کرنے کا آغاز کر دیا جائے گا۔
[pullquote]جرمن شہر ہیمبرگ نے ڈیزل کاروں پر پابندی لگا دی[/pullquote]
جرمنی کے شمالی شہر ہیمبرگ کی شہری حکومت نے فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے بعض ڈیزل گاڑیوں پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق 31 مئی سے ڈیزل کاروں کے پرانے ماڈلز اور ٹرکوں پر شہر کی دو سڑکوں کے کچھ حصے میں داخل ہونے پر پابندی ہو گی۔ یہ پابندی جرمنی کی اعلیٰ ترین عدالت کی طرف سے رواں برس فروری میں سنائے جانے والے اُس فیصلے کے تناظر میں عائد کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ فضائی آلودگی سے نمٹنے کے لیے شہری حکومتیں ڈیزل گاڑیوں کے شہر میں داخلے پر پابندی لگانے کی مجاز ہیں۔
[pullquote]کِم کے ساتھ ملاقات میں تاخیر ہو سکتی ہے، ٹرمپ[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کی شمالی کوریا کے رہنما کِم جونگ اُن کے ساتھ 12 جون کو طے شدہ ملاقات تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ شمالی کوریائی رہنما جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے معاملے میں ’سنجیدہ‘ دکھائی دیتے ہیں۔ گزشتہ روز وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن سے ملاقات کے بعد صحافیوں کے ساتھ گفتگو میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کی چند ایک شرائط ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ شرائط پوری ہو جائیں گی، لیکن اگر وہ شرائط پوری نہ ہوئیں تو ملاقات نہیں ہو گی۔ ٹرمپ اور کِم جونگ اُن کی ملاقات سنگاپور میں ہونا ہے۔
[pullquote]جرمن وزیر خارجہ نے واشنگٹن میں ایرانی جوہری معاہدے کا دفاع کیا ہے[/pullquote]
جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نےاپنے اوّلین دورہ امریکا میں ایرانی جوہری معاہدے کا دفاع کیا ہے۔ ارکان کانگریس سے بات چیت میں ماس نے کہا کہ اس معاہدے پر عمل درآمد کے حوالے سے یورپ متحد اور پر عزم ہے۔ امریکا کے اس جوہری معاہدے کے حوالے سے یورپ اور واشنگٹن کے مابین اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ ماس آج بدھ کو اپنے امریکی ہم منصب مائیک پومپیو سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس کے بعد وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سلامتی کے مشیر جان بولٹن سے بھی ملیں گے۔ پومپیو اور بولٹن ایران کے حوالے سے سخت گیر موقف رکھتے ہیں۔
[pullquote]ہتھیاروں کی تیاری کے لیے کسی ملک کی اجازت کا انتظار نہیں کریں گے، ایرانی فوج[/pullquote]
ایرانی مسلح افواج کے سربراہ نے امریکا کے ان مطالبات کو رد کر دیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ تہران علاقے میں اپنے اثر و رسوخ میں کمی کرے۔ ایرانی نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق میجر جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ ایرانی مسلح افواج جس قدر آج تیار ہیں اتنا پہلے کبھی نہ تھیں اور وہ اپنی دفاعی صلاحیت بڑھانے کے لیے کسی طاقت کی طرف سے اجازت کا انتظار نہیں کریں گی۔ پیر کے روز امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ اگر ایران اپنی علاقائی اور ملٹری پالیسیوں میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں نہ لایا تو اس کے خلاف تاریخ کی سخت ترین پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔
[pullquote]اسرائیل کے حماس کے ٹھکانوں پر متعدد حملے[/pullquote]
اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ پٹی کے علاقے میں فلسطینی تنظیم حماس کے متعدد ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان کے مطابق ملکی ایئر فورس نے غزہ پٹی میں حماس سے تعلق رکھنے والے دہشت گردی کے ایک زیر زمین مرکز کو نشانہ بنایا اور اس کے علاوہ اس گروپ سے تعلق رکھنے والے دو دیگر فوجی اہداف کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق یہ حملے گزشتہ روز حماس کے متعدد ارکان کی طرف سے اسرائیلی سرحد پار کر کے ایک خالی فوجی چوکی کو آگ لگانے کے ردعمل میں کیے گئے ہیں۔ ابھی تک ان حملوں کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
[pullquote]وینزویلا: امریکی سفیروں کو ملک چھوڑنے کا حکم[/pullquote]
وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اعلٰی ترین امریکی سفیروں کو ملک سے نکالنے کے احکامات دے دیے ہیں۔ مادورو نے ٹوڈ روبنسن اور سیاسی شعبے کے سربراہ برائن نارانیوس کو اڑتالیس گھٹنوں کے دوران وینزویلا چھوڑنے کا کہا ہے۔ مادورو نے ان دونوں پر ملکی معاملات میں دخل اندازی اور سازشیں کرنے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ امریکا کا شمار وینز ویلا کی سوشلسٹ حکومت کے شدید ترین ناقدین میں ہوتا ہے۔ واشنگٹن نے ابھی حال ہی میں کاراکس حکومت پر نئی پابندیاں عائد کی ہیں۔
[pullquote]جان لیو نیپا وائرس بھارت کی ایک اور ریاست میں پہنچ گیا[/pullquote]
بھارتی ریاست کرناٹکہ میں دو ایسے افراد کی شناخت ہوئی ہے جن کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ جان لیوا نیپا وائرس سے متاثرہ ہیں۔ کرناٹکہ کی ہمسایہ ریاست کیرالہ میں اب تک کم از کم 10 افراد اس وائرس کے سبب موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ 100 کے قریب افراد طبی نگہداشت میں ہیں۔ کرناٹکہ کے طبی حکام کے مطابق ایک 20 سالہ خاتون اور ایک 75 سالہ مرد میں نیپا وائرس کی علامات ملی ہیں۔ ان دونوں افراد نے ریاست کیرالہ کا سفر کیا تھا۔ حکام نے عوام سے کہا ہے کہ وہ افراتفری کا شکار نہ ہوں۔
[pullquote]امریکی ادیب فلپ روتھ کا پچاسی سال کی عمر انتقال[/pullquote]
معروف امریکی ادیب فلپ روتھ پچاسی سال کی عمر انتقال کر گئے ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ نےتاہم ان کے انتقال کی وجہ بیان نہیں کی ہے۔ 1969ء میں ان کا ناول’ Portnoy´s Complaint ‘ عالمی سطح پر ان کی وجہ شہرت بنا۔ اس دوران ان کی کل تیس سے زائد تخلیقات شائع ہو چکی ہیں۔ انہیں مشہور پولٹزر ایوارڈ بھی دیا جا چکا ہے۔ روتھ کا شمار اپنی نسل کے معروف ترین ادیبوں میں ہوتا ہے۔
[pullquote]کانگو میں ایبولا کے سبب مزید ہلاکتیں[/pullquote]
افریقی ملک کانگو کی وزارت صحت نے کہا ہے کہ ملک میں ایبولا وائرس کے سبب چھ مزید ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ دو مزید افراد میں اس وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔ کانگو کی وزارت صحت کے مطابق اب تک اس وائرس کے سبب 28 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ اس سے ممکنہ طور پر متاثرہ افراد کی تعداد 21 ہے۔ یہ وائرس جسمانی سیال مادوں کے ذریعے کسی ایک شخص سے دوسرے میں منتقل ہو سکتا ہے۔
[pullquote]اے بی ڈویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر[/pullquote]
جنوبی افریقہ سے تعلق رکھنے والے مشہور و معروف بیٹسمین اے بی ڈویلیئرز نے بدھ تیئیس مئی کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ اے بی ڈویلیئرز کا پورا نام ابراہم بینجمن ڈویلیئرز ہے اور اُن کی عمر چونتیس برس ہے۔ اے بی ڈویلیئرز کا کرکٹ کھیلنے کا دور چودہ برس پر محیط رہا۔ اس دوران انہوں نے 114 ٹیسٹ میچز، 228 ایک روزہ انٹرنیشنل اور 78 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں۔ انہوں نے 114 ٹیسٹ میچوں میں 8765 رنز بنائے۔ اُن کی ٹیسٹ میں فی میچ اوسط تقریباٰ اکاون فیصد رہی۔ایک روزہ میچوں میں ڈویلیئرز نے 228 مرتبہ اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے9577 رنز بنائے۔