[pullquote]اردن: ايندھن اور بجلی کی قيمتوں ميں اضافے پر عوامی احتجاج[/pullquote]
اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے ايندھن اور بجلی کی قيمتوں ميں حاليہ اضافہ منجمد کرنے کا اعلان کيا ہے۔ ايندھن کی قيمتوں ميں ساڑھے پانچ فيصد اور بجلی کے نرخوں ميں انيس فيصد اضافے پر عملدرآمد جمعہ پہلی جون سے شروع ہونا تھا تاہم گزشتہ شب دارالحکومت عمان اور ملک کے کئی ديگر بڑے شہروں ميں عوامی احتجاج کے بعد جمعے کی صبح اردنی بادشاہ نے اس پر عملدرآمد روک دیا ہے۔ لگ بھگ ساڑھے نو ملين آبادی والے ملک اردن کو بے روزگاری اور غربت کی بلند شرح جيسے مسائل کا سامنا ہے۔ افراط زر کے سبب حاليہ دنوں ميں عوامی بےچینی ميں اضافہ نوٹ کيا گيا ہے۔ اردنی حکومت نے ایندھن اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ دو برس قبل عالمی مالیاتی فنڈ سے لیے گئے قرض کی شرائط کے تحت کیا تھا۔
[pullquote]نريندر مودی کا بحری معاہدے کی ضرورت پر زور[/pullquote]
بھارتی وزير اعظم نريندر مودی نے عالمی سطح کے کسی بحری معاہدے پر زور ديا ہے۔ جنوبی بحيرہ چين سے متعلق بحری تنازعے کے تناظر ميں ان کا کہنا تھا کہ ايسا کوئی شفاف معاہدہ بين الاقوامی سمندروں کو زيادہ محفوظ بنانے ميں مددگار ثابت ہو گا۔ مودی نے يہ بيان سنگاپور کے وزير اعظم لی شين لُونگ کے ساتھ ملاقات کے بعد آج جمعے کو ديا۔ بھارتی وزير اعظم نے جمعہ پہلی جون کو سالانہ شنگريلا سکیورٹی کانفرنس ميں تقریر بھی کرتے ہوئے علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اظہار خیال بھی کیا۔
[pullquote]نيپال ميں ميں بس حادثہ، بارہ افراد ہلاک[/pullquote]
نيپال ميں ايک مسافر بس کے ایک گہری کھائی ميں گرنے سے کم از کم بارہ افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ بس پہاڑ ی سڑک پر موڑ کاٹتے ہوئے آج جمعے کے روز کھائی میں جا گری۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس تان سين شہر سے صبح کے وقت نکلی تھی۔ مقامی پوليس اہلکار کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی بس پر کُل ستائيس مسافر سوار تھے اور وہ سب ايک تعليمی سیاحت پر روانہ تھے۔ حادثے کے علاقے میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش نے امدادی کارروائیوں میں مشکلات حائل کر رکھی ہیں۔
[pullquote]اضافی محصولات کا معاملہ، يورپی يونين WTO سے رجوع کرے گا[/pullquote]
يورپی يونين نے اعلان کيا ہے کہ امريکا کی جانب سے اسٹيل اور ايلومينيم کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے پر ورلڈ ٹريڈ آرگنائزيشن سے رجوع کيا جائے گا۔ یونین کی خارجہ امور کی نگران فيدريکا موگرينی نے آج جمعے کو کہا ہے کہ اس سلسلے ميں ڈبليو ٹی او ميں کيس جلد دائر کیا جائے گا۔ موگرينی نے کہا کہ يورپی يونين کو اپنے مفادات کا خيال رکھنا ہے۔ انہوں نے يہ بھی واضح کيا کہ يہ بلاک کسی کے ساتھ جنگ کی صورتحال ميں نہيں۔ ان کا کہنا تھا کہ امريکا کے ساتھ خارجہ پاليسی اور سلامتی جيسے کئی شعبوں ميں تعاون جاری رکھا جائے گا۔
[pullquote]يورپی يونين اور چين اقتصادی تعاون کو فروغ ديں گے، موگرينی[/pullquote]
امريکا کی جانب سے اسٹيل اور ايلومينيم کی درآمدات پر اضافی محصولات کے تناظر ميں يورپی يونين اور چين نے اقتصادی تعاون کو وسعت دينے کا عندیہ دیا ہے۔ يورپی یونین کے خارجہ امور کی سربراہ فيدیريکا موگرينی نے آج بروز جمعہ کہا کہ يہ بے يقينی اور جغرافيائی سياست ميں تناؤ کا وقت ہے اور ايسے ميں يورپی يونين اور چين کے مابين باہمی تعاون کی اہميت بڑھ گئی ہے۔ موگرينی نے يہ بيان برسلز ميں چينی وزير خارجہ وانگ یی کے ساتھ ملاقات کے بعد ديا۔ اس موقع پر وانگ یی نے بھی کہا کہ وہ اميد کرتے ہيں امریکا کے ساتھ پیدا ہونے والے تجارتی تنازعے کا کوئی حل نکل سکے۔
[pullquote]امریکا کا درآمدات پر محصولات بڑھانا غلط اور غير قانونی ہے، جرمن وزير خزانہ[/pullquote]
جرمن وزير خزانہ اولاف شولس نے امريکا کی جانب سے اپنے ہاں اسٹيل اور ايلومينيم کی درآمدات پر اضافی محصولات عائد کرنے کے عمل کو شديد تنقيد کا نشانہ بنايا ہے۔ انہوں نے ترقی يافتہ ممالک کے گروپ جی سيون کے اجلاس ميں شرکت کے ليے کينيڈا پہنچنے پر جمعرات کی شب اس امريکی فيصلے کو ’ غلط اور غير قانونی‘ قرار ديا۔ شولس نے کہا کہ اسٹيل کی مصنوعات پر پچيس فيصد اور ايلومينيم مصنوعات پر دس فيصد اضافی ٹيکس عائد کیے جانے کے امریکی اقدام کے جواب میں يورپی کميشن بھی اپنا ردعمل تيار کر چکا ہے اور درست وقت پر جوابی اقدامات کیے جائیں گے۔ اس امريکی اقدام کی عالمی سطح پر مذمت بھی جاری ہے۔
[pullquote]ماریانو راخوئے وزارت عظمیٰ سے فارغ،، پیدرو سانچیز نئے وزیراعظم[/pullquote]
اسپین کے وزیراعظم ماريانو راخوئے پارلیمنٹ میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اس طرح وہ اس منصب سے محروم ہو گئے ہیں۔ ہسپانوی پارليمان نے اپوزيشن کی سوشلسٹ PSOE پارٹی کے رہنما پيدرو سانچيز کو نیا وزیراعظم منتخب کر لیا ہے۔ راخوئے کی سياسی جماعت پيپلز پارٹی کے بعض اراکین کو بد عنوانی کے ایک اسکینڈل کا سامنا ہے۔ اسی اسکینڈل کی وجہ سے راخوئے کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی، جو کامیاب رہی۔ اسپين ميں کاروباری شخصيات کو رشوت کے بدلے کانٹريکٹ دينے پر اس پارٹی پر ڈھائی لاکھ يورو جرمانہ بھی عائد کر ديا گيا ہے۔
[pullquote]اُن کا ٹرمپ کے نام خط، سمٹ سے متعلق حتمی فيصلہ متوقع[/pullquote]
شمالی کوريا کا ايک اعلیٰ اہلکار آج بروز جمعہ واشنگٹن کا دورہ کر رہا ہے، جس دوران وہ شمالی کوریائی رہنما کم جونگ اُن کا صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام لکھا گیا ايک خط امريکی حکام کے حوالے کرے گا۔ يہ بات امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے جمعرات کی رات بتائی۔ پومپيو کے بقول امريکی صدر اور شمالی کوريائی رہنما کے مابين اسی ماہ مجوزہ سمٹ کی تيارياں جاری ہيں اور اس سلسلے ميں اب تک ہونے والی پيش رفت مثبت رہی ہے۔ پومپيو نے کہا کہ ٹرمپ کم جونگ اُن کا خط پڑھنے کے بعد اس بارے ميں حمتی فيصلہ کريں گے کہ آيا بارہ جون کو سنگاپور ميں وہ يہ ملاقات کريں گے۔
[pullquote]جنوبی اور شمالی کوریا کے مابين امن مذاکرات بحال[/pullquote]
جنوبی اور شمالی کوريا کے مابين اعلیٰ سطحی امن مذاکرات آج جمعے سے بحال ہو گئے ہيں۔ کوریائی ریاستوں کے اتحاد سے متعلق امور کی نگران جنوبی کوريائی وزارت نے بتایا کہ آج جمعے کی صبح ہونے والی مکالمت ميں شمالی کوريائی سرحدی شہر کيسونگ ميں ايک دفتر کے قيام اور قيام امن کے حوالے سے پندرہ جون کو ايک مشترکہ تقريب کے انعقاد پر بات چيت کی گئی۔ دونوں کوریائی ریاستوں کے نمائندوں کی يہ ملاقات پانمنجوم کے مقام پر ہوئی۔ ملاقات ميں فريقين نے عسکری امور پر بات چيت کے علاوہ سن 1953 کی جنگ کے سبب عليحدہ ہو جانے والے خاندانوں کا ملاپ ممکن بنانے پر بھی اتفاق کيا۔
[pullquote]جرمن وزير خارجہ کا دورہ يوکرائن: منسک معاہدے پر عملدرآمد کی کوششيں[/pullquote]
جرمن وزير خارجہ ہائيکو ماس آج يوکرائن ميں اس مقام کا دورہ کر رہے ہيں، جہاں يوکرائنی فورسز اور مسلح باغی برسرپيکار ہيں۔ اپنے يوکرائنی ہم منصب پاولو کلمکن سے بات چيت کے ليے کييف آمد پر ماس نے ايک روز قبل کہا تھا کہ ان کی کوشش ہو گی کہ جولائی کے اوائل ميں امن مذاکرات کے ليے کوئی تاريخ طے ہو سکے۔ جرمن وزير خارجہ نے کہا کہ وہ روس، يوکرائن، جرمنی اور فرانس کو ساتھ ملا کر منسک امن معاہدے پر عملدرآمد کی کوشش کريں گے۔ يوکرائنی تنازعے پر ان چاروں فريق ممالک کے وزرائے خارجہ کی ملاقات آخری مرتبہ پچھلے سال فروری ميں ہوئی تھی۔
[pullquote]ملائيشيا ميں پندرہ مشتبہ جنگجو گرفتار[/pullquote]
ملائيشيا ميں پوليس نے پندرہ مشتبہ جنگجوؤں کو حراست ميں لے ليا ہے۔ بتايا گيا ہے کہ گرفتار ملزمان ميں غير ملکی بھی شامل ہيں۔ پوليس سربراہ محمد فوزی ہارون نے بتايا کہ ان ميں ملائيشيا کے چھ، فلپائن کے بھی چھ، ايک بنگلہ ديشی فرد اور ايک افريقی جوڑا شامل ہے۔ يہ ملزمان کوالا لمپور ميں عبادت گاہوں پر حملے کرنا چاہتے تھے۔
[pullquote]طالبان اور افغان حکومت کے مابين کوئی مذاکرات نہيں ہو رہے، طالبان ترجمان[/pullquote]
افغان طالبان نے خفيہ امن مذاکرات کے حوالے سے ايک اعلیٰ امريکی فوجی اہلکار کے بيان کی ترديد کی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبيع اللہ مجاہد کی جانب سے ذرائع ابلاغ کے اداروں کو آج جمعے کے روز ايک تحريری بيان ببھیجا گیا، جس ميں لکھا ہے کہ افغانستان ميں امريکی کمانڈر جنرل جان نکلسن نے اسی ہفتے کابل سے جو بيان ديا، وہ بے بنياد ہے۔ نکلسن نے گزشتہ بدھ کے روز کابل ميں اپنے دفتر سے پينٹاگون ميں صحافيوں سے بات چيت ميں دعویٰ کيا تھا کہ درميانے اور اعلیٰ درجے کی طالبان قيادت افغان حکومت کے نمائندوں کے ساتھ بات چيت ميں مصروف ہے۔ مجاہد کے مطابق امريکی حکام ايسے بيانات افغانستان ميں اپنی ناکاميوں پر پردہ ڈالنے کے ليے دے رہے ہيں۔
[pullquote]فلسطينيوں کی حفاظت کے ليے قرارداد پر ووٹنگ آج[/pullquote]
غزہ اور مغربی کنارے ميں فلسطينيوں کی حفاظت کو يقينی بنانے سے متعلق ايک قرارداد کا مسودہ آج اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ميں پيش کيا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ ميں امريکی سفير نکی ہيلی نے اعلان کيا ہے کہ امريکا اس قرارداد کو ويٹو کر دے گا۔ ان کے بقول کويت کی جانب سے پيش کردہ يہ قرارداد يکطرفہ ہے اور اس سے فلسطينيوں اور اسرائيل کے مابين قيام امن کی کوششيں متاثر ہوں گی۔ کويت نے غزہ ميں بيسيوں فلسطينيوں کی حاليہ ہلاکت کے تناظر ميں يہ مسودہ دو ہفتے قبل جمع کرايا تھا، جس پر تاخير کے ساتھ آج رائے دہی متوقع ہے۔
[pullquote]عبوری وزير اعظم کی حلف برداری کی تقريب آج ہو گی[/pullquote]
پاکستان ميں سابق جج ناصر الملک نے عبوری وزير اعظم کے طور پر آج حلف اٹھا ليا ہے۔ حکومت کی آئينی مدت کے خاتمے کے بعد الملک دو ماہ کے عرصے کے ليے وزير اعظم کی ذمہ دارياں سنبھاليں گے جس دوران ملک ميں عام انتخابات ہونے ہيں۔ عبوری وزير اعظم پچيس جولائی تک اس عہدے پر فائض رہيں گے۔ قبل ازيں جمعرات کی شب شاہد خاقان عباسی نے وزير اعظم کے عہدے سے استفیٰ دے ديا تھا۔
[pullquote]اٹلی: نئی کابينہ کے ارکان کی حلف برداری آج[/pullquote]
اٹلی ميں عواميت پسند سياسی جماعتوں کے ارکان حکومتی عہدوں کے ليے آج حلف اٹھا رہے ہيں۔ صدر سرجيو ماتاريلا نے جمعرات کی شب عواميت پسند رہنماؤں کی جانب سے وزير اعظم کے عہدے کے ليے نامزد يوزيپے کونٹے کی دوسری مرتبہ منظوری دی۔ نئی کابينہ ميں انتہائی دائيں بازو کے رہنما ماتيو سلوينی وزير داخلہ اور فائيو اسٹار موومنٹ کے ليڈر لوئيجی ڈی مايو وزير برائے اقتصادی ترقی ہوں گے۔ يہ پيش رفت نئی کوليشن ڈيل طے ہونے کے بعد ہو رہی ہے۔ مارچ ميں عام انتخابات کے انعقاد کے بعد سے اٹلی سياسی عدم استحکام کا شکار ہے۔