ہفتہ : 07 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی پابندیاں: فرانسیسی شپنگ گروپ نے ایران کے لیے سروس ختم کر دی[/pullquote]

فرانس کی کئی کمپنیوں پر مشتمل بڑے شپنگ گروپ نے امریکی پابندیوں کے خطرے کے پیش نظر ایران کے لیے اپنی سروس ختم کر دی ہے۔ سروس منقطع کرنے کا اعلان شپنگ ادارے CMA CGM کی سربراہ روڈولفے ساڈے نے فرانس میں منعقدہ ایک اکنامک کانفرنس کے دوران کیا۔ بحری جہاز سے کنٹینر فراہم کرنے والی کئی دوسری بڑی شپنگ کمپنیاں بھی ایران کے لیے اپنی سروس معطل کرنے کا اعلان کر چکی ہیں۔ ایرانی جوہری ڈیل کے حوالے سے جمعہ چھ جون کو پانچ عالمی طاقتوں اور ایران کے اعلیٰ سفارتکاروں کی میٹنگ میں ویانا میں ہوئی ہے۔

[pullquote]نوبل پرائز برائے ادب کا متبادل متعارف کرا دیا گیا[/pullquote]

سویڈن کے ایک سو سے زائد ادیبوں، صحافیوں اور دانشوروں نے ایک مشترکہ فورم کے تحت نوبل انعام برائے ادب کا متبادل متعارف کرایا ہے۔ یہ نہیں بتایا گیا کہ اس نئے پرائز کا اعلان کب کیا جائے گا اور اس کا نام کیا ہو گا۔ اس کے علاوہ اس پرائز کے ساتھ انعامی رقم کتنی ہو گی۔ یہ متبادل لٹریری انعام سویڈش اکیڈمی کے خلاف بطور احتجاج شروع کیا گیا ہے۔ گزشتہ برس اکیڈمی کو ایک شدید بحران کا سامنا اُس وقت کرنا پڑا جب اِس کے انتظامی منصب پر فائز ایک اہم شخصیت پر یہ الزام لگایا گیا کہ وہ کئی برسوں سے کئی خواتین کا جنسی استحصال کر رہے تھے۔

[pullquote]شامی فوج نے اردن کے ساتھ مرکزی سرحدی گزرگاہ کو بازیاب کرا لیا[/pullquote]

شامی صدر بشار الاسد کی حامی فوج نے ہمسایہ ملک اردن کی سرحد پر واقع مرکزی گزرگاہ نصیب پر سے باغیوں کا قبضہ ختم کر دیا ہے۔ اس موقع پر شامی فوجیوں نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زوردار نعرے بازی کے علاوہ بشار الاسد کی تصاویر کو بلند بھی کیا۔ شامی فوج نے نصیب بارڈر کراسنگ پر ملکی جھنڈا بھی لہرا دیا ہے۔ اسد کی فوج نے اپنے ملک کے جنوبی حصے میں قابض باغیوں کو پیچھے دھکیلنے کا فوجی آپریشن دو ہفتے قبل شروع کیا تھا۔ اس علاقے کے باغی گروپوں نے روسی ثالثوں کے ساتھ مذاکرات کے بعد یہ علاقہ خالی کیا ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کے ساتھ بات چیت قابل افسوس تھی، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے دورے کے بعد جاری ہونے والے بیان میں کہا کہ یہ اعلیٰ سطحی مذاکرات قابلِ افسوس رہے۔ اِس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بات چیت کے دوران امریکا جوہری ہتھیار سازی کے پروگرام کو ختم کرنے کے لیے یک طرفہ دباؤ ڈال رہا ہے۔ دوسری جانب پومپیو نے پیونگ یونگ حکومت کے سینیئر اہلکار کم یونگ چول کے ساتھ مذاکرات کو تعمیری اور بعض معاملات میں بڑی پیش رفت بتایا تھا۔ اس دورے کے دوران پومپیو سے چیئرمین کم جونگ اُن کی ملاقات نہیں ہوئی۔ امریکی وزیر خارجہ کی شمالی کوریا کے بعد اگلی منزل جاپان ہے۔

[pullquote]یمن کے ساحلی علاقے میں جاری لڑائی، ڈیڑھ سو سے زائد ہلاک[/pullquote]

یمنی حکام نے بتایا ہے کہ ملک کی مغربی ساحی پٹی پر ہونے والی لڑائی میں ہلاکتوں کی تعداد 165 تک پہنچ گئی ہے۔ گزشتہ دو ایام سے التحیتہ نامی علاقے میں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد کے زمینی دستوں اور ایران نواز حوثی ملیشیا کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ یہ الحدیدہ کے جنوب میں واقع ایک اہم مقام ہے۔ التحیتہ کی لڑائی میں شدت ایسے وقت میں پیدا ہوئی ہے جب اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مقرر خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس امن مذاکرات کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

[pullquote]موغاديشو ميں دوہرے بم دھماکے[/pullquote]

صوماليہ کے دارالحکومت موغاديشو ميں صدارتی محل کے قريب ہونے والے کار بم حملے اور ايک قريبی پوليس اسٹيشن پر ہونے والے دھماکے ميں کم از کم نو افراد کی ہلاکت اور تيرہ ديگر کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہيں۔ پوليس افسر ميجر محمد حسين نے بتايا کہ کار بم دھماکا صدارتی محل کے باہر جبکہ دوسرا دھماکا اس کے بالکل سامنے ہوا۔ اطلاعات ہيں کہ حملہ آوروں اور سکيورٹی دستوں کے مابين فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ دہشت گرد تنظيم الشباب نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]برسلز: ’ٹرمپ ناٹ ويلکم‘ کے عنوان تلے احتجاج[/pullquote]

بيلجيئم کے دارالحکومت برسلز ميں درجنوں گروپوں نے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاليسيوں کے خلاف آج احتجاج میں شرکت کی۔ ٹرمپ مغربی دفاعی اتحاد نيٹو کی سالانہ سمٹ ميں شرکت کے ليے آئندہ ہفتے برسلز ميں ہوں گے۔ برسلز ميں حقوق کے متعدد گروپس نے ’ٹرمپ ناٹ ويلکم‘ کے عنوان تلے احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ احتجاج کرنے والے گروپوں ميں نسل پرستی کے خلاف سرگرم گروپ، عورتوں کے حقوق کے ليے کام کرنے والی تنظيميں اور ديگر کئی سماجی اور ماحول دوست ادارے شامل ہيں۔ برسلز ميں نيٹو کی دو روزہ سمٹ اگلے بدھ سے شروع ہو رہی ہے اور اس ميں اس دفاعی اتحاد کا بجٹ بڑھانے پر مذاکرات متوقع ہيں۔

[pullquote]ديواريں کھڑی کرنا مشرق وسطٰی ميں قيام امن کی راہ ميں رکاوٹ، پاپائے روم[/pullquote]

پاپائے روم نے کہا ہے کہ ديواريں کھڑی کرنے، علاقوں پر قبضہ کرنے اور مذہبی جنونيت کے سبب مشرقی وسطی ميں قيام امن کبھی ممکن نہيں ہو سکے گا۔ اطالوی شہر باری ميں کيتھولک مسيحيوں کے ايک مذہبی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے اسرائيلی فلسطينی تنازعے کے دو رياستی حل پر بھی زور ديا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطی ميں ہر برادری کا احترام لازمی ہے نہ کہ صرف ان کا جو اکثريت ميں ہيں۔ پاپائے روم نے مزيد کہا کہ ايک طرف امن کی بات کی جا رہی ہے اور دوسری جانب وہی قوتيں اسلحہ اکھٹا کر رہی ہيں۔

[pullquote]سرينگر: بھارتی فوج کی فائرنگ سے تين نوجوان ہلاک[/pullquote]

متنازعہ کشمير ميں بھارت مخالف مظاہرے کے دوران بھارتی فوجی دستوں کی فائرنگ سے دو نوجوان لڑکے اور ايک لڑکی ہلاک ہو گئے۔ پوليس کے مطابق تازہ فسادات اس وقت شروع ہوئے، جب ردوانی گاؤں ميں حکام نے ايک علاقے کو گھيرے ميں لے کر تلاشی شروع کی اور مقامی افراد نے ان پر دھاوا بول ديا۔ پوليس کے مطابق مظاہرين نعرے بازی کر رہے تھے اور انہوں نے پتھراؤ بھی کیا۔ دوسری جانب ان مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ پوليس نے ان پر فائرنگ کی اور آنسو گيس کے شيل بھی برسائے۔ ہلاکتوں کی اطلاع پھيلنے کے بعد علاقے ميں حالات مزيد بگڑ چکے ہيں۔

[pullquote]پومپيو کا دورہ شمالی کوريا، تعميرانہ اور مثبت ثابت ہوا[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے اپنے شمالی کوريا دورے کے اختتام پر کہا کہ کہ ان کا يہ دورہ انتہائی تعميری اور خاصی پيش رفت کا حامل رہا ہے۔ پومپيو شمالی کوريا کے متنازعہ جوہری و ميزائل پروگرام کے خاتمے کے سلسلے ميں آج دوسرے دن بھی مذاکرات ميں مصروف رہے۔ انہوں نے پيونگ يانگ کی خفيہ ايجنسی کے سابق سربراہ کم يونگ چول سے آج بات چيت کی۔ دونوں ممالک کے سينئر وزراء اب تک طے شد معاملات پر عملدرآمد کا طريقہ کار واضح کرنے ميں مصروف رہے۔ پومپيو ان دنوں شمالی کوريا کے دورے پر ہيں۔ وہ ہفتے کی شام جاپان پہنچیں گے، جہاں اعلٰی اہلکاروں کے ساتھ اُن کی ملاقاتیں متوقع ہے۔

[pullquote]ايران نے پچھلے سال پارليمان پر حملے ميں ملوث آٹھ افراد کو پھانسی دے دی[/pullquote]

ايران نے سن 2017 ميں ملکی پارليمان اور آيت اللہ روح اللہ خمينی کے مزار پر ہونے والے حملے ميں ملوث آٹھ افراد کی سزائے موت پر عملدرآمد کر ديا ہے۔ ايرانی عدليہ کی نيوز ايجنسی اور نيم سرکاری خبر رساں اداروں کی جانب سے اس کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ سات جون سن 2017 کو تہران ميں پارليمان کی عمارت اور خمينی کے مزار پر اسلامک اسٹيٹ کے حملے ميں اٹھارہ افراد ہلاک اور پچاس سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ حملے ميں ملوث بارہ سے زائد افراد کے خلاف عدالتی کارروائی اب بھی جاری ہے۔ اس حملے کے رد عمل ميں پاسدان انقلاب نے مشرقی شام ميں داعش کے ٹھکانوں پر ميزائل بھی داغے تھے۔

[pullquote]اسپين ميں سب سے زيادہ مہاجرين کی آمد ہو سکتی ہے، فرنٹيکس[/pullquote]

يورپی يونين کی سرحدوں کی نگرانی پر مامور فورس فرنٹيکس کے سربراہ فابريس ليگيری نے خبردار کيا ہے کہ اسپين ميں مہاجرين کی آمد ميں خاطر خواہ اضافہ ديکھا جا سکتا ہے۔ جرمن اخبار ’ويلٹ ام زونٹاگ‘ سے گفتگو کے دوران انہوں نے بتایا کہ جون ميں مراکش سے مغربی بحيرہ روم کے راستے چھ ہزار سے زائد تارکين وطن اسپين پہنچے۔ ان کے بقول يہ امکان ہے کہ آنے والوں دنوں اس روٹ سے سب سے زيادہ تعداد ميں مہاجرين کی آمد ريکارڈ کی جائے۔ ليگيری کا يہ بيان ايک ايسے موقع پر سامنے آيا، جب يورپی کميشن کے سربراہ ژاں کلود ينکر نے ايک روز قبل ہی يہ بتايا ہے کہ يورپی يونين کی بيرونی سرحدوں کی نگرانی بڑھانے کے ليے ايک جامع منصوبہ اس سال ستمبر ميں پيش کيا جائے گا۔

[pullquote]افغانستان ميں تازہ تشدد، ضلعی چيف ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے مغربی صوبے غور ميں سڑک کنارے نصب ايک بم پھٹنے سے ايک ضلعی سربراہ ہلاک ہو گئے ہیں۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عبدالحی خطیبی نے بتايا کہ مرزا محمد ابراہيم کو ضلع چارسدہ ميں نشانہ بنايا گيا اور حملے کے وقت وہ ڈيوٹی پر تھے۔ فی الحال کسی تنظیم نے اس حملے کی ذمہ قبول نہيں کی ہے۔ دريں اثناء مشرقی صوبہ غزنی ميں گھات لگا کر بيٹھے طالبان کے شدت پسندوں نے پوليس کے ايک قافلے پر حملہ کر ديا، جس ميں چار پوليس اہلکار ہلاک اور چھ ديگر زخمی ہو گئے۔ اس پيش رفت کی تصديق بھی صوبائی گورنر کے ترجمان عارف نوری نے کر دی ہے۔ ہفتے کی صبح کيے گئے حملے ميں چھ حملہ آور بھی مارے گئے۔

[pullquote]جرمنی : دائيں بازو کے انتہا پسندوں کے حملوں ميں پچھلے سال نماياں کمی[/pullquote]

جرمنی ميں انتہائی دائيں بازو کی قوتوں کی جانب سے کيے گئے پرتشدد جرائم کی شرح ميں سن 2017 ميں کمی نوٹ کی گئی ہے۔ فُنکے ميڈيا گروپ کے گزشتہ روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دائيں بازو کے انتہا پسندوں کی جانب سے پچھلے سال مہاجر کيمپوں پر آگ لگانے کے واقعات ميں ساٹھ جبکہ پرتشدد وارداتوں ميں ستر فيصد کمی ہوئی۔ جرمنی کی انٹيليجنس ايجنسی کے سربراہ ہانس گے اورگ ماسين کے مطابق يہ کمی امکاناً انتہا پسندوں کے خلاف موثر کارروائی کے نتيجے ميں ہوئی۔ دريں اثناء جرمنی کی وفاقی پوليس کے مطابق پچھلے سال کمی کے باوجود رواں سال اب تک دائيں بازو کے انتہا پسندوں کی جانب سے مہاجر کيمپوں پر بہتر حملے کيے جا چکے ہيں۔

[pullquote]ورلڈ کپ: فرانس اور بيلجيم نے سيمی فائنل کے ليے کواليفائی کر ليا[/pullquote]

فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل راؤنڈ ميں آج انگلينڈ کا مقابلہ سويڈن سے ہو گا جبکہ میزبان ملک روس کروشيا کے خلاف کھیلے گا۔ گزشتہ زور کھيلے گئے دو ميچوں ميں بيلجيئم نے برازيل کو ايک کے مقابلے ميں دو گول سے جبکہ فرانس نے يوروگوائے کو دو صفر سے شکست ديتے ہوئے سيمی فائنل مقابلوں کے ليے کواليفائی کر ليا ہے۔

[pullquote]جاپان ميں طوفانی بارشيں، کم از کم گيارہ افراد ہلاک[/pullquote]

جاپان کے وسطی و مغربی حصوں ميں شديد بارشوں کے نتيجے ميں اب تک ستائيس افراد ہلاک اور سينتاليس لاپتہ ہو گئے ہيں جبکہ کم از کم 1.6 ملين افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کيا جا چکا ہے۔ اس بارے ميں تفصیلات جاپان کے سرکاری براڈکاسٹر NHK نے جاری کی ہیں۔ ملکی محکمہ موسميات نے مغربی جاپان ميں مٹی کے تودے گرنے جيسے واقعات سے خبردار کيا ہے۔ محکمے کے مطابق درياؤں ميں پانی کی سطح بھی بلند ہو رہی ہے اور ہوا کی رفتار اس قدر تيز ہے کہ اسے ’تاريخی‘ قرار ديا گيا ہے۔ متاثرہ علاقوں ميں تقريباً 3.1 ملين مزيد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدايت جاری کی گئی ہے۔

[pullquote]ترکی: نئی پارليمان کے ارکان کی حلف برداری آج[/pullquote]

ترکی ميں چوبيس جون کو منعقدہ اليکشن کے بعد چھ سو رکنی پارليمان کے ارکان آج اپنے عہدوں کا حلف اٹھا رہے ہيں۔ صدارتی اور پارليمانی اليکشن ميں رجب طيب ايردوآن آئندہ مدت کے ليے بھی صدر منتخب ہو چکے ہيں تاہم پارليمان ميں ان کی جسٹس اينڈ ڈيولپمنٹ پارٹی (AKP) اکثريت حاصل کرنے سے قاصر رہی ہے۔ انتہائی دائيں بازو کی قوم پرست جماعت (MHP) اور اے کے پی کے اتحاد کو البتہ پارليمنٹ ميں 344 نشستيں حاصل ہيں۔ پارليمان کا پہلا اجلاس آئندہ جمعرات کو متوقع ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے