جمعہ : 27 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]سیاسی تنازعات سے ڈالر پر اعتماد کو نقصان پہنچ رہا ہے، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ ’سیاسی تنازعات‘ ڈالر کے بہ طور ریزرو کرنسی استعمال میں مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے جمعے کو جنوبی افریقہ میں برکس ممالک کے سربراہی اجلاس کے اختتام پر کہا کہ مختلف ممالک اب نئی ریزور کرنسیز بنانے پر غور کر رہے ہیں۔ پوٹن کے مطابق امریکا ڈالر کو غیر قانونی پابندیوں کے لیے استعمال کر رہا ہے، جب کہ خطرات اور خدشات کو کم کرنے کے لیے دنیا کو دیگر جہتوں کی جانب دیکھنا ہو گا۔

[pullquote]وعدہ ایفا کرنے پر کم جونگ اُن کا شکریہ، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کوریائی جنگ میں لاپتا ہونے جانے والے امریکی فوجیوں کی جسمانی باقیات امریکا کے حوالے کرنے پر شمالی کوریا کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ کم جونگ اُن نے سنگاپور میں ملاقات کے دوران یہ وعدہ کیا تھا۔ جمعے کو ان جسمانی باقیات کو لے کر ایک خصوصی ہوائی جہاز شمالی کوریا سے امریکا روانہ ہوا۔ شمالی کوریا کے ایک فوجی مرکز پر امریکی دستوں نے ان فوجیوں کی جسمانی باقیات وصول کرتے ہوئے پچپن تابوتوں کو خصوصی سلامی بھی دی۔ یہ تابوت جب امریکی فوجیوں کو دیے گئے تو اُس وقت وہ اقوام متحدہ کے پرچم میں لپٹے ہوئے تھے۔

[pullquote]صدر ٹرمپ سے ملنے کے لیے تیار ہوں، پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے جمعے کے روز کہا ہے کہ وہ پوٹن سے ملاقات کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ پوٹن کو ماسکو کے دورے کی دعوت بھی دے رہے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں برکس سربراہی اجلاس میں شریک پوٹن نے کہا کہ اگر مسائل پر گفت گو کے لیے انہیں واشنگٹن جانا پڑا، تو وہ ضرور جائیں گے۔ واضح رہے کہ امریکی ٹرمپ گزشتہ برس ہیمبرگ میں پوٹن سے ملے تھے، جب کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے ہیلسنکی میں ان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کے چند ہی روز بعد ٹرمپ نے پوٹن کو وائٹ ہاؤس کے دورے کی دعوت دی تھی۔

[pullquote]گوئٹے مالا میں آتش فشاں پھٹنے کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 156 ہو گئی[/pullquote]

گوئٹے مالا میں امدادی کارکنوں نے مزید نو افراد کی لاشیں تلاش کر لی ہیں۔ یہ افراد گزشتہ ماہ پھٹنے والے آتش فشاں کی زد میں آ کر ہلاک ہوئے۔ جمعے کے روز حکام نے بتایا کہ اس کے ساتھ ہی آتش فشاں پھٹنے کے واقعے میں ہلاک شدگان کی تعداد 156 ہو گئی ہے۔ گوئٹے مالا کے فورینسِک سائنسز انسٹیٹوٹ کے مطابق اب بھی ڈھائی سو سے زائد افراد لاپتا ہیں، جب کہ تین ہزار افراد عارضی کیمپوں میں زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں۔ واضح رہے کہ تین جون کو گوئٹے مالا میں آتش فشاں پھٹنے کے بعد متعدد علاقے راکھ اور لاوے تلے دب گئے تھے۔

[pullquote]میرکل کی مہاجرین دوست پالیسی پر عمل کرتا تو منصب چھن جاتا، اوربان[/pullquote]

ہنگری کے وزیراعظم وکٹور اوربان نے کہا ہے کہ اگر وہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی طرح مہاجرین دوست پالیسی پر عمل کرتے، تو انہیں اپنے عہدے سے محروم ہونا پڑتا۔ جرمن اخبار بلڈ سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ مہاجرین کی پالیسی یورپی یونین کا مشترکہ کام سمجھنے کی بجائے، تمام یورپی ریاستوں کو اپنے اپنے طور پر اس کا تعین کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کی بیرونی سرحدوں کو بند کر دیا جانا چاہیے۔ ان کے بقول بحیرہء روم میں ریسکیو کیے جانے والے افراد کو دوبارہ ان کے آبائی ممالک میں بھیج دیا جانا چاہیے۔

[pullquote]زیرحراست امریکی پادری، ترکی نے امریکا کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں کی[/pullquote]

انقرہ حکومت نے ان خبروں کی تردید کی ہے، جن میں کہا گیا تھا کہ ترکی میں قید امریکی پادری کی رہائی کے بدلے اسرائیل میں قید ایک ترک خاتون کو رہا کیا گیا ہے۔ امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کے مطابق اس تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کے مابین بات چیت ہوئی، جس میں اسرائیل میں قید ترک خاتون ابرو ازکان کو رہا کرنے کا کہا گیا۔ اس خاتون کو فلسطینی عسکری تنظیم حماس کی مدد کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ انقرہ حکومت کا کہنا ہے کہ برونسن کو جیل سے گھر میں نظر بند کرنے کا ترک خاتون کی رہائی سے کوئی تعلق نہیں۔

[pullquote]داعش کے مشتبہ افراد پر برطانیہ نے امریکا کے ساتھ تعاون معطل کر دیا[/pullquote]

برطانوی حکومت نے جمعہ ستائیس جولائی کو اعلان کیا ہے کہ امریکا کے ساتھ جہادی تنظیم ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے دو مبینہ دہشت گردوں پر جاری تعاون معطل کر دیا گیا ہے۔ برطانوی حکومت کے مطابق ان دہشت گردوں کو امریکی تحویل میں دینے کی صورت میں انہیں موت کی سزا دی جا سکتی ہے۔ لندن حکومت کے مطابق ابھی تک امریکا کو ان دونوں مشتبہ دہشت گردوں کے مقدمے سے بھی باخبر رکھا جا رہا تھا۔ یہ دونوں جہادی شام میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے سخت عقیدے کے جہادیوں کے بدنام گروہ ’بیٹلز‘ کا حصہ تھے۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد محمود کو امریکا کے ساتھ ان کے مقدمے کی خفیہ معلومات شیئر کرنے پر بھی گہری تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

[pullquote]شامی کرد کونسل کی اسد حکومت کے ساتھ ملاقات[/pullquote]

شامی ڈیموکریٹک کونسل کے اعلیٰ اہلکاروں نے دمشق میں صدر بشار الاسد کے حکومتی نمائندوں کے ساتھ ملاقات کی ہے۔ کونسل کے اولین وفد میں امریکی حمایت یافتہ سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے نمائندے بھی شامل ہیں۔ اس وفد کی قیادت ڈیموکریٹک کونسل کے صدر الہام احمد کر رہے ہیں۔ کرد کونسل کے ترجمان کے مطابق ابتدائی میٹنگ کا بظاہر کوئی ایجنڈا مرتب نہیں کیا گیا تھا لیکن یہ طے ہے کہ شام کے لوگوں کو اپنے مسائل خود ہی طے کرنے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کرد شامی حکومت کے ساتھ خودمختاری کی ڈیل کو طے کرنے کی خواہش رکھتے ہیں۔

[pullquote]کوسووین مینڈیلا کی رحلت، تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا گیا[/pullquote]

کوسووو کے انسانی حقوق کے معروف کارکن، مصنف اور سیاستدان آدم دیماچی بیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ جمعرات چھبیس جولائی کو رحلت پانے والے رہنما ’’کوسووو کے نیلسن مینڈیلا‘‘ کے نام سے بھی شہرت رکھتے ہیں۔ جنوبی افریقی لیجنڈری شخصیت مینڈیلا کی طرح انہوں نے بھی اٹھائیس سال سابقہ یوگو سلاویہ کی مطلق العنان حکومت کے خلاف جدوجہد جاری رکھتے ہوئے جیل کی صعوبتیں برداشت کی تھیں۔ اُن کی میت کو احتراماً اور سرکاری اعزاز دینے کے لیے کوسووو کی پارلیمنٹ میں رکھ دیا گیا ہے۔ حکومت نے اُن کی رحلت پر تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ ان کو سن 1991 میں یورپی پارلیمنٹ کا سخاروف پرائز برائے آزادیء رائے بھی دیا گیا تھا۔ دیماچی کو کوسوو کے سیاسی، سماجی اور عوامی حلقوں میں انتہائی احترام حاصل تھا۔

[pullquote]برکس اقوام کی سمٹ اختتام پذیر[/pullquote]

جنوبی افریقی شہر جوہانس برگ میں پانچ ابھرتی ہوئی اقتصادیات کے حامل ملکوں کا سربراہی اجلاس جمعہ ستائیس جولائی کو ختم ہو گیا۔ یہ سہ روزہ سمٹ پچیس جولائی کو شروع ہوئی تھی۔ اس سمٹ کے اختتامی اعلامیے میں شریک لیڈروں نے اتفاق کیا کہ تجارتی جنگ کے منڈلاتے خطرات کے سائے میں اتفاق و اتحاد برقرار رکھا جائے گا۔ مشترکہ اعلامیے کہا گیا کہ حالیہ کچھ عرصے میں بعض ترقی یافتہ اقوام کی جانب سے عمومی معاشی عوامل (Macro-economicPpolicy) کے تناظر میں کیے جانے والے حالیہ اقدامات باعث تشویش ہیں۔ واضح رہے کہ برکس گروپ میں بھارت، چین، برازیل، روس اور جنوبی افریقہ شامل ہیں اور انہی ملکوں کے رہنما اس سمٹ میں شریک تھے۔

[pullquote]اعلیٰ امریکی اہلکار کی طالبان کے نمائندوں سے ملاقات، رپورٹ[/pullquote]

امریکا کے معتبر جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے رپورٹ کیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے لیے امریکی مندوب ایلس ویلز نے طالبان کے نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔ یہ ملاقات رواں ہفتے کے دوران ہوئی ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے یہ رپورٹ مخصوص حلقے کے توسط سے شائع کی ہے۔ طالبان کی اعلیٰ قیادت کی حامل کونسل جو کوئٹہ شوریٰ کے نام سے مشہور ہے، کے ایک رکن نے بھی نام مخفی رکھنے کی شرط پر اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق طالبان کے نمائندوں سے امریکی ایلچی کی ملاقات قطری دارالحکومت دوحہ میں ہوئی ہے۔

[pullquote]چین اپنی معیشت کو جارحانہ طور پر فعال مت بنائے، آئی ایم ایف[/pullquote]

عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف نے چین کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنی اقتصادی سرگرمیوں کو جارحانہ طور پر آگے مت بڑھائے۔ اس ادارے کے مطابق ایسی چینی اقتصادی تحریک سے عالمی معیشت میں ہلچل پیدا ہو سکتی ہے۔ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے چین کے لیے اس انتباہ کو اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں شامل کیا ہے۔ یہ انتباہ ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت نے اپنی مالیاتی پالیسی کو مزید آسان بنانے کا عندیہ دیا ہے۔ گزشتہ پیر کو چینی کابینہ نے واضح کیا تھا کہ بیرونی بے یقینی کے تناظر میں بیجنگ حکومت اپنی اقتصادی سرگرمیوں کو قوت بخش بنانے کے لیے تحریکی عمل جاری رکھے گی۔

[pullquote]ایک نیا یورپی کمیشن درکار ہے، ہنگری کے وزیر اعظم کا بیان[/pullquote]

ہنگری کے قدامت پسند وزیر اعظم وکٹور اوربان نے کہا ہے کہ مائیگریشن پالیسی کے تناظر میں ایک نئے یورپی کمیشن کی ضرورت ہے۔ انہوں نے سرکاری ریڈیو پر اس تناظر میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ یورپی کمیشن کی اعلیٰ قیادت کے دن گنے جا چکے ہیں اور اس کے انتخاب کا مینڈیٹ اگلے برس پورا ہو جائے گا۔ اوربان کے مطابق ایک نیا یورپی کمیشن اس لیے بھی درکار ہے تا کہ ایک نئی سوچ کے ساتھ یورپ کو درپیش تارکین وطن سے متعلقہ مسائل کا احاطہ کیا جا سکے اور مہاجرین کی آمد روکنے والے ممالک کو حفاظتی اقدامات کرنے پر سزا نہ دی جائے۔ وکٹور اوربان یورپی یونین کی مہاجرین سے متعلق پالیسی کے انتہائی سخت ناقدین میں سے ایک ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا نے امریکی فوجیوں کی جسمانی باقیات واپس کر دیں[/pullquote]

شمالی کوریا نے کوریائی جنگ کے دوران ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی جسمانی باقیات پچپن تابوتوں میں رکھ کر جمعہ ستائیس جولائی کو امریکا کو واپس کر دیں۔ ان جسمانی باقیات کو لے کر ایک خصوصی امریکی ہوائی جہاز شمالی کوریا سے واپس امریکا روانہ ہو گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے بھی امریکی فوجیوں کی یہ جسمانی باقیات وصول کر لینے کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی فوجیوں کی ان باقیات کی واپسی کا وعدہ شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ اُن نے گزشتہ ماہ سنگاپور سمٹ کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کیا تھا۔ شمالی کوریا سے ان باقیات کو لے جانے والے امریکی ہوائی جہاز کی روانگی کے بعد صدر ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں چیئرمین کم جونگ اُن کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اپنا وعدہ پورا کر دیا۔

[pullquote]کابل میں اے ایف پی کے ڈرائیور کی ہلاکت، عالمی تنظیم کی طرف سے شدید مذمت[/pullquote]

انٹرنیشنل فیڈریشن آف جرنلسٹس نے افغان دارالحکومت کابل میں خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ڈرائیور محمد اختر کی ہلاکت کی شدید مذمت کی ہے۔ یہ ڈرائیور ایک خودکش حملے میں مارا گیا تھا۔ صحافیوں کی اس بین الاقوامی تنظیم نے کابل حکام سے اس حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ محمد اختر کی ہلاکت اُس خود کش حملے میں ہوئی تھی، جو افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم کی وطن واپسی کے موقع پر کابل ایئرپورٹ پر کیا گیا تھا۔ گزشتہ ویک اینڈ پر کیے گئے اس حملے میں کم از کم تئیس افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اس خودکش حملے کی ذمہ داری ’اسلامک اسٹیٹ‘ نے قبول کر لی تھی۔

[pullquote]ترکی پر پابندیاں لگائی جائیں گی، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتحادی ملک ترکی پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ پابندیاں ایک امریکی پادری کی ترکی میں گرفتاری اور اس کے خلاف دہشت گردی کے الزامات لگائے جانے کی وجہ سے عائد کی جائیں گی۔ گزشتہ روز ترک حکام نے امریکی پادری اینڈریو کریگ برَنسن کو ان کی گرفتاری کے ڈیڑھ سال بعد جیل سے گھر پر نظربند کر دیا تھا۔ امریکی صدر اس اقدام کو بھی ناکافی خیال کرتے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا کہ اس پادری کی صحت خراب ہو رہی ہے اور انہیں فوری طور پر رہا کرنا ضروری ہے۔ پابندیوں کے اس اعلان سے امریکا اور ترکی کے خراب ہوتے ہوئے باہمی تعلقات میں مزید بگاڑ پیدا ہو گا۔

[pullquote]کمبوڈیا کو ’غداروں‘ سے صاف کر دیا گیا ہے، ملکی وزیر اعظم[/pullquote]

کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہُن سین نے اعلان کیا ہے کہ انہوں نے انتخابات سے قبل اپنے ملک کو تمام ’غداروں‘ سے صاف کر دیا ہے۔ انہوں نے یہ بات دارالحکومت نوم پین میں اپنی سیاسی جماعت کمبوڈین پیپلز پارٹی کے ایک جلسے سے خطاب میں کہی۔ اس جلسے میں ملک بھر سے لوگ شرکت کے لیے پہنچے تھے۔ ہُن سین گزشتہ تینتیس برس سے اقتدار سنبھالے ہوئے ہیں اور الیکشن میں اس وقت کوئی مضبوط حریف سیاسی جماعت موجود نہیں ہے۔ کمبوڈیا میں عام انتخابات انتیس جولائی کو ہوں گے۔ دوسری جانب یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ عام انتخابات سے قبل وزیر اعظم سین نے سخت اقدامات کرتے ہوئے اپوزیشن کو ختم ہی کر دیا ہے۔

[pullquote]سعودی آئل ٹینکروں پر حملہ، خام تیل کی قیمت میں اضافہ[/pullquote]

عالمی منڈیوں میں خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان ہے۔ اس اضافے کی وجہ دو سعودی آئل ٹینکروں پر یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں کا ایک حملہ تھا۔ اس حملے میں ایک ٹینکر کو معمولی نقصان پہنچا تھا لیکن اس مال بردار بحری جہاز سے سمندر میں کوئی تیل خارج نہیں ہوا تھا۔ ان آئل ٹینکروں پر حملے کے فوری بعد سعودی عرب نے بحیرہ احمر میں آبنائے باب المندب کے راستے تیل کی سپلائی عارضی طور پر روک دی تھی۔ سعودی حکومت نے صورت حال بہتر ہو جانے کے بعد یہ سپلائی بحال کر دینے کا اعلان کیا ہے۔ سعودی تیل کمپنی آرامکو نے آئل ٹینکروں پر تیل لادنے کا سلسلہ بھی روک دیا ہے۔ سعودی عرب دنیا بھر میں خام تیل کا سب سے بڑا برآمد کنندہ ملک ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے