پیر : 30 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کانگو میں پرسرار بیماری، بارہ افراد ہلاک[/pullquote]

افریقی ملک کانگو میں ایک پرسرار بیماری کے نتیجے میں بارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ طبی حکام نے بتایا کہ اس بیماری کی علامات ایبولا وائرس سے ملتی جلتی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس بیماری کی وجوہات جاننے کی خاطر ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ کانگو میں چوبیس جولائی کو ایبولا کی وباء پھیلنے کی وارننگ جاری کی گئی تھی۔ مئی میں پھوٹنے والی اس وباء کی وجہ سے 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ چون اس میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

[pullquote]بھارت: حالیہ مون سون میں ساڑھے ہانچ سو افراد ہلاک ہوئے[/pullquote]

شمال مشرقی بھارت میں حکام کے مطابق مون سون بارشوں کے نتیجے میں حالیہ کچھ دنوں میں کم سے کم اسّی افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ بھارتی ریاست اتر پردیش میں آفات کے انتظامی اُمور کے سربراہ سنجے کمار کا کہنا ہے کہ یہ اسّی افراد طوفانی بارشوں میں گھر گرنے یا دیواریں شکستہ ہونے کے باعث ہلاک ہوئے۔ بھارت میں مئی کے ماہ سے اب تک مون سون بارشوں کی تباہ کاریوں سے قریب ساڑھے پانچ سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ایک ملین سے زائد شہری ان بارشوں سے کسی نہ کسی طور متاثر ہوئے۔

[pullquote]ویسٹ بینک سے چار فلسطینی صحافیوں کی گرفتاریاں[/pullquote]

اسرائیل میں حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں قائم حماس کے ترجمان ’القدس‘ ٹی وی اسٹیشن سے چار فلسطینی صحافیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اسرائیلی وزیر دفاع آوِگ دور لیبر مَن اس چینل کو دہشت گرد تنظیم قرار دے چکے ہیں۔ یہ گرفتاریاں گزشتہ رات عمل میں لائی گئیں۔ فلسطینی صحافیوں کی یونین نے بتایا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں ویسٹ بین میں چینل کے ڈائریکٹر اور تین دیگر صحافی شامل ہیں۔

[pullquote]کیلی فورنیا میں جنگلاتی آگ پر قانو پانے کی کوششیں جاری[/pullquote]

امریکی ریاست کیلی فورنیا میں بھڑک اٹھنے والی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں تیزی پیدا کر دی گئی ہے۔ اس آتشزدگی کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو چکے ہیں۔ اس آگ کی وجہ سے گزشتہ پانچ دنوں میں ہونے والی تباہی کے نتیجے میں سینکڑوں مکانات اور دفاتر متاثر ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ سات لاپتہ افراد کی تلاش بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں کامیابی ہوئی ہے تاہم تیز ہواؤں اور خشک موسم کے باعث مشکلات کا سامنا ہے۔ امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے اور تقریباﹰ اڑتیس ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]انتہا پسندوں کی وجہ سے مالی میں الیکشن متاثر ہوئے، حکومت[/pullquote]

افریقی ملک مالی کی حکومت نے کہا ہے کہ گزشتہ روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سات سو سے زائد پولنگ اسٹینشوں پر پولنگ نہ ہو سکی۔ اس کی وجہ جنگجوؤں کے حملوں کا خوف بتایا گیا ہے۔ تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں یہ انتخابی عمل پرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ اس مغربی افریقی ملک کے شمالی حصوں میں القاعدہ اور داعش کے حامی جنگجو فعال ہیں، جو پرتشدد حملے کرتے رہتے ہیں۔ اس الیکشن میں وزیر اعظم ابراہیم کیتا دوسری مدت اقتدار کے لیے میدان میں ہیں۔

[pullquote]صومالیہ اور اریٹیریا کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی[/pullquote]

صومالیہ اور اریٹیریا کے صُدور نے ایک طویل دشمنی کے بعد آج پیر کے روز سفارتی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ صومالی صدر محمد عبداللہ محمد اریٹیریا کے دارالحکومت اسمارا کے تین روزہ دورے پر ہیں۔ اریٹیریا کے صدر ایسیاس اَفویرکی نے معاہدے پر دستخط کے بعد ایک مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ دونوں ممالک سفارتی تعلقات قائم کریں گے اور اپنے سفیروں کا تبادلہ بھی کریں گے۔ یہ اقدام ایتھوپیا اور اریٹیریا کے درمیان دو عشروں سے جاری تنازعے کے خاتمے کے حالیہ اعلان کے بعد اٹھایا گیا ہے۔

[pullquote]زمبابوے میں عام انتخابات کا انعقاد آج ہو رہا ہے[/pullquote]

زمبابوے میں آج عام انتخابات منعقد ہو رہے ہیں۔ ان انتخابات میں حکمران پارٹی زانو پی ایف کے پچھتر سالہ ایمرسن ماننگاوا کا مقابلہ چالیس سالہ نیلسن چامیسا سے ہے۔ ایمرسن نے رابرٹ موگابے کے طویل اقتدار کے خاتمے کے بعد گزشتہ برس نومبر میں ہی یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ موگابے 37 سال اقتدار میں رہے تھے۔ موگابے کی حکومت ختم ہونے کے بعد زمبابوے میں پہلی مرتبہ الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس انتخابی عمل کو صدر ایمرسن کے لیے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]داعش کے خلاف شامی افواج کے حملوں میں اضافہ[/pullquote]

جنوبی شام میں حکومتی سکیورٹی فورسز جہادی گروپ اسلامک اسٹیٹ کے خلاف جاری کارروائیوں میں تیزی لے آئی ہیں۔ اس علاقے میں داعش یا اسلامک اسٹیٹ نے اس فوجی کارروائی نہ روکنے کی صورت میں یرغمال بنائے گئے اٹھارہ شامی شہریوں کو قتل کر دینے کی دھمکی دے رکھی ہے۔ سرکاری ٹی وی اور شام کے حالات پر نگاہ والے مبصر گروپ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے جنوبی شام کے علاقے یرموک بیسن میں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف شامی افواج کے بڑھتے حملوں کی تصدیق کی ہے۔

[pullquote]یونانی وزیر اعظم کا جنگلاتی آگ سے شدید متاثرہ علاقوں کا دورہ[/pullquote]

یونان کے وزیر اعظم الیکسس سپراس نے ایتھنز کے نواح میں لگنے والی جنگلاتی آگ سے شدید متاثرہ قصبے ماتی کا دورہ کیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اس علاقے میں لگنے والی آگ میں اکیانوے افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ آتشزدگی گزشتہ پیر کو ایتھنز سے تیس کلومیٹر کے فاصلے پر ایک ساحلی مقام سے شروع ہوئی تھی۔ وزیراعظم الیکسس سپراس نے اس سانحے کی مکمل سیاسی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے متعدد حفاظتی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ انہیں اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

[pullquote]میانمار میں سیلاب، دس افراد ہلاک، دس ہزار بے گھر[/pullquote]

میانمار میں مون سون کے نتیجے میں آنے والے سیلاب میں تین فوجی اہلکاروں سمیت کم از کم دس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق ان طوفانی بارشوں کے سبب دس ہزار افراد بے گھر بھی ہوئے۔ میانمار میں فلاحی تنظیم ریڈ کراس نے کہا ہے کہ وہ سیلاب سے متاثرہ دو صوبوں میں امداد فراہم کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق عالمی ادارہ میانمار میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔

[pullquote]امریکی حکام اور افغان طالبان کے درمیان ملاقات مثبت رہی[/pullquote]

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بتایا ہے کہ امریکی حکومت اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والی ایک خفیہ میٹنگ مثبت رہی ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس میٹنگ میں شامل طالبان کے ایک نمائندے نے بتایا کہ یہ ملاقات دوحہ کے ایک ہوٹل میں ’’دوستانہ فضا‘‘ میں ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات میں عارضی جنگ بندی پر بات چیت کی گئی۔ دونوں فریقین نے جلد دوبارہ ملنے اور افغانستان کے مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے طے کرنے پر اتفاق بھی کیا۔

[pullquote]پیرو: بدعنوانی کے الزام میں گرفتاریاں[/pullquote]

لاطینی امریکا کے ملک پیرو میں پولیس نے چھاپہ مار کر گیارہ تاجروں، وکلاء اور اعلی ٰعہدوں پر فائز سرکاری افسراں کو بد عنوانی کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملکی وزارت داخلہ نے بتایا ہے کہ گرفتار شدگان ایک ایسی جرائم پیشہ تنظیم کے ارکان تھے، جو عدالتی نظام میں سر گرم تھی۔ اس گینگ کی سربراہی ایک سابق جج کر رہے تھے، جنہیں پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جج پر الزام ہے کہ انہوں نے رشوت اور دیگر فوائد کے بدلے مجرمان کو فیصلوں میں چھوٹ دی تھی۔

[pullquote]ملائیشین طیارے کی گم شدگی کے حوالے سے کوئی نئی بات سامنے نہیں آئی[/pullquote]

سن 2014 میں لاپتہ ہونے والے ملائشیئن ایئر لائن کے جہاز کے مسافروں کے خاندانوں کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تازہ ترین تفتیشی رپورٹ میں کوئی نئی بات سامنے نہیں آئی ہے۔ لاپتہ جہاز کے مسافروں کے رشتے داروں نے تاہم یہ بتایا کہ رپورٹ میں بعض غلطیوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور بتایا گیا ہے کہ اس تناظر میں رہنما ہدایات پر بھی عمل نہیں کیا گیا۔ یہ مسافر طیارہ آٹھ مارچ سن 2014 کو کوالالمپور سے چینی دارالحکومت بیجنگ جاتے ہوئے اپنی پرواز شروع کرنے کے قریب ایک گھنٹے بعد ریڈار اسکرین سے اچانک غائب ہو گیا تھا۔ اس ہوائی جہاز میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت کل 239 افراد سوار تھے۔

[pullquote]انڈونیشیا ، لینڈ سلائیڈنگ کے سبب سات سو کوہ پیما پھنس گئے[/pullquote]

انڈونیشیا میں حکام کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیمیں اتوار کے روز آنے والے زلزلے کے بعد آتش فشاں پہاڑ ماؤنٹ رِنجانی پر پھنسے سات سو کوہ پیماؤں کو نکالنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ یہ کوہ پیما پہاڑ پر لینڈ سلائیڈنگ کے سبب پھنس گئے تھے۔ ماؤنٹ رنجانی سیاحتی جزیرے لومبوک کے قریب واقع ہے۔ چھ اعشاریہ چار شدت کے اس زلزلے کی تباہ کاری کے نتیجے میں چودہ افراد ہلاک جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد زخمی بھی ہوئے تھے۔

[pullquote]بھارتی ریاست آسام میں چار ملین افراد مصدقہ شہریوں کی فہرست سے خارج[/pullquote]

رجسٹرار جنرل آف انڈیا شیلیش کمار نے بتایا ہے کہ شمال مشرقی بھارتی ریاست آسام میں مقیم قریب چالیس لاکھ تارکین وطن کو مصدقہ ملکی شہریوں کی فہرست سے خارج کر دیا گیا ہے۔ بھارتی رجسٹرار جنرل اور مردم شماری کمشنر کا کہنا ہے کہ اس دستاویز سے خارج کیے گئے افراد کو ملک بدر نہیں کیا جائے گا اور انہیں اس اقدام کے خلاف اپیل دائر کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ اب تک تیس لاکھ افراد اپنی بھارتی شہریت کی دستاویزات پیش کر چکے ہیں۔ خیال رہے کہ آسام میں ایسے افراد کی شناخت کی جا رہی ہے جو سن انیس سو اکہتر کے بعد بنگلہ دیش سے بھارت میں داخل ہوئے تھے۔

[pullquote]تاجکستان، مسلح افراد کے حملے میں چار غیر ملکی سیاح ہلاک[/pullquote]

تاجک حکام کا کہنا ہے کہ اتوار کے روز مسلح افراد کے حملے میں دو امریکی باشندوں سمیت چار غیر ملکی سیاح مارے گئے ہیں۔ تاجکستان کے وزیر داخلہ رمضان ہامرو رحیم زادہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ مشتبہ حملہ آور چاقوؤں اور آتشین اسلحے سے لیس تھے۔ ہلاک ہونے والوں میں امریکی، ڈچ اور سوئٹزر لینڈ کے باشندے شامل ہیں جبکہ دو سیاح زخمی بھی ہوئے ہیں۔ تاجک وزیر داخلہ کا مزیدکہنا ہے کہ اُن کی حکومت تمام پہلوؤں کو سامنے رکھے ہوئے ہے اور ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ اس حملے کی نوعیت دہشت گردانہ تھی۔

[pullquote]الحدیدہ میں تازہ فضائی حملے، متعدد اہم تنصیبات تباہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سعودی قیادت میں عرب اتحادی طیاروں کے یمنی بندرگاہی علاقے الحدیدہ میں حالیہ حملوں میں ایک واٹر پلانٹ تباہ ہو گیا ہے جبکہ علاقے کے شہریوں کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عالمی ادارے کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چھبیس، ستائیس اور اٹھائیس جولائی کو ہونے والے ان فضائی حملوں میں کئی اہم عمارتوں سمیت شہر کو پانی فراہم کرنے والا ایک مرکزی پلانٹ بھی تباہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی کوشش کے بعد الحدیدہ میں فریقین کے درمیان لڑائی بند ہوئی تھی۔ عالمی ادارے نے خبردار کیا تھا کہ اس علاقے میں لڑائی سے یمن میں امدادی سامان کی ترسیل شدید متاثر ہو گی۔

[pullquote]کمبوڈیا میں حکمران جماعت کا عام انتخابات میں فتح کا دعوی[/pullquote]

کمبوڈیا میں حکمران جماعت کا کہنا ہے کہ اُس نے پارلیمان کی تمام ایک سو پچیس نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ کمبوڈین پیپلز پارٹی کے ترجمان کے مطابق اُن کی جماعت نے ستتر اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس نے کمبوڈیا کے الیکشن کو غیر شفاف قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم ہُن سین سمیت چند حکومتی ارکان پر ویزے کی پابندی عائد کرنے پر غور کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ہُن سین انیس سو پچاسی سے اقتدار سنبھالے ہوئے ہیں۔ انسانی حقوق کے اداروں کے مطابق ہن سین نے اپنے دور اقتدار میں نہ صرف میڈیا پر پابندیاں عائد کیں بلکہ اپنے سیاسی مخالفین کو بھی نشانہ بنایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے