پیر : چھ اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]عراق میں ایک جرمن اور ایک فرانسیسی شہری کو عمر قید[/pullquote]

ایک جرمن شہری کو دہشت گرد تنظیم داعش کا رکن ہونے پر عراق میں سزا سنائی گئی ہے۔ عدالتی ذرائع کے مطابق اس بائیس سالہ جرمن شہری کو عمر قید دی گئی ہے جبکہ عدالت نے ایک پچپن سالہ فرانسیسی شہری کو بھی یہی سزا سنائی گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جرمن شہری عراق میں غیر قانونی داخلے پر گزشتہ ایک برس سے جیل میں ہی قید تھا۔ شام میں اس دہشت گرد تنظیم کی پسپائی کے بعد داعش کے متعدد ارکان عراق پہنچ گئے تھے۔ ان میں مغربی ممالک کے شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

[pullquote]ہیروشیما پر جوہری بم حملے کو تہتر برس ہو گئے[/pullquote]

جاپان میں آج ہیروشیما پر جوہری بم گرائے جانے کے تہتر برس پورے ہونےپر مختلف تقریبات کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق ہیروشیما میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں وزیر اعظم شینزو آبے سمیت پچاس ہزار سے زائد شہریوں نے شرکت کی۔ اس تقریب میں اس جوہری حملے میں زندہ بچ جانے والوں جاپانی شہریوں کے ساتھ ساتھ دنیا کے اسی سے زائد ممالک کے نمائندے شریک تھے۔ چھ اگست 1945ء کو امریکی جنگی طیارے نے اس شہر پر جوہری بم گرایا تھا۔ اس واقعے میں فوری طور پرتقریباً ستر ہزار جاپانی ہلاک ہوئے تھے جبکہ کچھ دنوں بعد یہ تعداد دو گنا ہو گئی تھی۔

[pullquote]روس زہریلی گیس کے حملے میں ملوث ملزموں کو برطانیہ کے حوالے کرے[/pullquote]

برطانیہ زہریلی گیس کے حملے میں ملوث دو ملزمان کی حوالگی کے لیے روس سے باقاعدہ درخواست کرنے والا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ برطانوی شہر سالسبری میں سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکریپل اور ان کی صاحب زادی پر ہونے والے حملے میں ملوث دو ملزمان کو برطانیہ لائے جانے کی درخواست کی جائے گی۔ مارچ میں ہونے والے اس حملے میں اسکریپل اور ان کی بیٹی کو تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا اور اب وہ صحت یاب ہو چکے ہیں۔ برطانیہ نے اس حملے میں اعصاب پر حملہ آور ہونے والے روسی کیمیکل نوواچوک کی شناخت کی تھی۔

[pullquote]ایران پر امریکی پابندیاں، آج اعلان ہو گا[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ایران پر پابندیاں عائد کر دی جائیں گی۔ پومپیو کے مطابق پابندیوں کا دوبارہ نفاذ امریکی پالیسی کے ایک اہم ستون کا غماز ہو گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس بارے میں آج پیر کو اعلان کیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایرانی جوہری ڈیل سے نکل جانے کے بعد واشنگٹن انتظامیہ تہران حکومت کے خلاف پابندیوں کا نفاذ عمل میں لا رہی ہے۔ پیر چھ اور منگل سات اگست کی درمیانی نصف شب سے ایران کے اقتصادی شعبے پر پابندیاں بحال کر دی جائیں گی جبکہ چار نومبر سے توانائی اور تیل کی ایرانی صنعت کو بھی ایسے ہی امریکی اقدامات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

[pullquote]جرمنی: متنازعہ عبوری مراکز کا معاملہ ، زیہوفر کا حکومت سے تعاون بڑھانے کا مطالبہ[/pullquote]

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مہاجرین کے لیے متنازعہ ’عبوری مراکز‘ کے قیام میں اپنا تعاون بڑھائے۔کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کے سربراہ زیہوفر کے مطابق ایسے مراکز کا قیام وفاقی مخلوط حکومت کے معاہدے میں شامل تھا۔ جرمن صوبے باویریا میں ابھی گزشتہ بدھ کو ہی ایسے پہلے مرکز نے اپنا کام شروع کیا تھا۔ سیکسنی اور زارلینڈ کے وفاقی صوبوں نے بھی اس طرح کے مراکز کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ باویریا میں سی ایس یو کی مقبولیت میں کمی کے باوجود زیہوفر پرامید ہیں کہ ان کی جماعت اکتوبر میں ہونے والے علاقائی انتخابات جیت جائے گی۔

[pullquote]مادورو پر ناکام قاتلانہ حملہ، وینزویلا میں گرفتاریاں[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر حملے میں ملوث ہونے کے شبے میں چھ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ملکی وزیر داخلہ نیستور ریویرول نے بتایا کہ اس سلسلے میں جلد ہی مزید گرفتاریاں عمل میں آئیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کاراکس سمیت مختلف شہروں میں چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ گزشتہ روز مادورو پر کیے جانے والے حملے میں زخمی ہونے والے تین فوجیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ مادورو نے کہا ہے کہ اس سازش میں کولمبیا کے صدر خوآن مانوئیل سانتوس اور انتہائی دائیں بازو کے گروہ ملوث ہیں۔

[pullquote]پابندیاں عائد کر کے خود امریکا دنیا میں ’تنہا‘ ہو گیا ہے، ایران[/pullquote]

ایران کا کہنا ہے کہ تہران پر پابندیوں کا نفاذ کر کے امریکا دنیا میں’تنہا‘ ہو گیا ہے۔ ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف نے پیر کے روز صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ امریکا کی جانب سے سخت رویے اور سیاسی دباؤ کے استعمال سے ایران کو کچھ پریشانی ہو گی، تاہم اس سے خود امریکا عالمی سطح پر تنہا ہو گیا ہے۔ واضح رہے کہ منگل کے روز سے امریکا ایران پر پابندیوں کا دوبارہ نفاذ کرنے جا رہا ہے۔ سن 2015ء میں طے پانے والے جوہری معاہدے کے بعد ایران پر عائد امریکی پابندیوں میں نرمی کی گئی تھی، تاہم امریکی صدر ٹرمپ اس ڈیل سے اخراج کا اعلان کر چکے ہیں۔

[pullquote]یورپی یونین کا ایران کے خلاف امریکی پابندیاں بلاک کرنے کا عزم[/pullquote]

یورپی یونین نے پیر کو ایران کے خلاف عائد کی جانے والی امریکی پابندیوں کو تسلیم نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ جولائی 2015ء میں عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے سے اخراج کے بعد امریکا ایران پر پابندیاں عائد کر رہا ہے، تاہم یورپی یونین اس معاہدے کو بچانا چاہتی ہے۔ ادھر ان پابندیوں سے متعلق ایک انتظامی بل پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دستخط کر دیے ہیں۔ یورپی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی پابندیوں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد یورپی یونین متفقہ حکمت عملی وضع کرے گی۔

[pullquote]حماس کے ساتھ کوئی بھی معاہدہ ’محدود‘ ہو گا، اسرائیل[/pullquote]

ایک اسرائیلی وزیر نے پیر کے روز کہا ہے کہ حماس کے ساتھ فائربندی سے متعلق کوئی بھی معاہدہ نہایت محدود طرز کا ہو گا۔ اس سے قبل حماس نے دعویٰ کیا تھا کہ مصری ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان انتہائی اہم معاہدہ ہونے کو ہے۔ اسرائیلی وزیر یوآو گیلینٹ نے کہا کہ حماس کے ساتھ ایسی کوئی بھی ڈیل ’بڑے پیمانے‘ کی نہیں ہو گی۔ اس سے قبل اسرائیلی فوجی ریڈیو پر کہا گیا تھا کہ فی الحال کسی بھی معاہدے پر اتفاق کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

[pullquote]جرمنی میں ’لازمی قومی سروس‘ کو دوبارہ متعارف کروانے پر غور[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی حکومت نوجوانوں کے لیے قومی سروس کی پالیسی دوبارہ متعارف کروانے پر غور کر رہی ہے۔ سات برس قبل جرمن حکومت نے نوجوانوں کے لیے ’لازمی فوجی سروس‘ کے خاتمے کا اعلان کیا تھا۔ ادھر وزارت دفاع کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس سلسلے میں تجاویز مبہم ہیں اور تفصیلی بحث کا تقاضا کرتی ہیں۔ سابق جرمن وزیردفاع کارل تھیوڈور سُو گٹن برگ نے تاہم کہا ہے کہ قریب سات لاکھ نوجوانوں کو سالانہ بنیادوں پر تربیت کی فراہمی کے لیے سرمایہ کاری سرکاری اخراجات میں زبردست اضافے کی وجہ بنے گی۔

[pullquote]اطالوی ہائے وے پر دھماکا، متعدد افراد زخمی[/pullquote]

اٹلی میں ایک ہائی وے پر آتش گیر مادے کے حامل ٹرک میں دھماکے کے نتیجے میں 56 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس ٹرک کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں اس میں موجود آتش گیر مادے میں آگ لگ گئی اور پھر دھماکا ہو گیا۔ اطالوی حکام کے مطابق شمالی شہر بلونیا کے قریب پیش آنے والے اس واقعے میں ہائی وے پر قائم ایک پُل کو بھی نقصان پہنچا۔ اطالوی فائرفائٹرز کا کہنا ہے کہ انہوں نے جائے حادثہ پر ریسکیو کی کارروائی شروع کر دی ہے۔

[pullquote]نیپال میں زمینی تودہ گرنے سے کم از کم آٹھ ہلاک[/pullquote]

نیپالی علاقے ’بھیری‘ میں زمینی تودے گرنے سے کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ایک سرکاری افسر کرشنا پرساد کے مطابق مرنے والوں میں ایک خاتون اور سات بچے شامل ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک لاپتہ بچے کی تلاش بھی جاری ہے۔ ان کے بقول مرنے والے بچوں کی عمریں تین سے گیارہ سال کے درمیان تھیں۔ نیپال میں جون سے ستمبر تک ہونے والی بارشوں میں زمینی تودے گرنے کے واقعات اکثر رونما ہوتے ہیں۔

[pullquote]ایران: کرنسی کی تجارت پر سے پابندی ختم[/pullquote]

ایران میں کرنسی کے تاجر آج پیر سے اپنا کاروبار دوبارہ سے شروع کر سکیں گے۔ ملکی مرکزی بینک کے گورنر عبدالنصر ہمتی نے اتوار کی رات دیر گئے اعلان کیا کہ منی ایکسچینجرز کو غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت کی اجازت ہو گی۔ ساتھ ہی قانونی طور پر سونا بھی ایران میں درآمد کیا جا سکے گا۔ ہمتی کے بقول ادویات اور اشیائے خور ونوش جیسی اہم درآمدی اشیاء کے لیے ایک ڈالر کی قیمت بیالس ہزار ریال ہی رہے گی۔ ایران میں شدید مالیاتی مسائل کی وجہ سے رواں برس مارچ میں کرنسی کے کاروبار پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

[pullquote]بھارت: چھتیس گڑھ میں چودہ ماؤ نواز باغی ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں ہونے والی ایک جھڑپ میں چودہ ماؤ نواز باغی ہلاک کر دیے گئے ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ بڑی تعداد میں باغیوں کی موجودگی کی اطلاع پر ’سوکما‘ میں یہ کارروائی کی گئی۔ یہ علاقہ ماؤ نوازوں کا گڑھ تصور کیا جاتا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق بڑے پیمانے پر اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔ یہ باغی بھارت میں پارلیمانی جمہوریت کو رد کرتے ہیں۔ ان کا موقف ہے کہ ان کی مسلح جدوجہد غریب اور مجبور شہریوں کے حقوق کے لیے ہے۔ بھارت کے مختلف صوبوں میں2005ء سے ماؤ نواز بغاوت کے آغاز سے اب تک تقریباً آٹھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

[pullquote]سعودی عرب نے کینیڈا کے سفیر کی ملک بدری کے احکامات جاری کر دیے[/pullquote]

سعودی عرب نے اپنے ہاں کینیڈا کے سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ساتھ ہی ریاض حکومت نے اوٹاوا میں تعینات سعودی سفیر کو بھی واپس بلا لیا ہے۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی تنازعے کی وجہ کینیڈا کی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ کی وہ ٹویٹ بنی، جس میں انہوں نے انسانی حقوق کی کارکن ثمر بدوی اور نسیمہ السادہ کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ ان دونوں کو گزشتہ ہفتے گرفتار کیاگیا تھا۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق یہ ملکی معاملات میں حد سے زیادہ اور ناقابل قبول مداخلت ہے۔ ریاض حکومت نے کینیڈا کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کے منصوبے بھی معطل کر دیے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے