[pullquote]یمن میں سعودی عسکری اتحاد کے حملے کی تحقیقات کی جائیں، اقوام متحدہ[/pullquote]
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ سعودی عسکری اتحاد کی طرف سے یمن میں کیے گئے اس حالیہ حملے کی بین الاقوامی سطح پرتحقیقات ہونا چاہییں، جس کے نتیجے میں درجنوں شہری مارے گئے ہیں۔ یمنی شیعہ باغیوں نے عالمی ادارے کی طرف سے اس مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایسی کسی بھی عالمی چھان بین میں مکمل تعاون فراہم کریں گے۔ اس فضائی کارروائی میں تقریبا ساٹھ شہری ہلاک ہوئے، جن میں انتیس بچے بھی شامل تھے۔ اس تازہ حملے پر سعودی عسکری اتحاد کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ امریکا نے زور دیا ہے کہ یمنی خانہ جنگی کے فریق شہری ہلاکتوں سے بچنے کی کوشش کریں۔
[pullquote]کینیڈا میں شوٹنگ، ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار بھی شامل[/pullquote]
کینیڈا میں جمعے کے دن رونما ہونے والے شوٹنگ کے ایک واقعے میں چار افراد مارے گئے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہلاک شدگان میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔ فریڈرکٹن پولیس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کر لیا گیا۔ ابھی تک اس حملے کے محرکات کا علم نہیں ہوسکا ہے تاہم پولیس نے چھان بین کا عمل شروع کر دیا ہے۔ کینیڈا میں تین ہفتوں کے دوران اس طرح کھلے عام فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
[pullquote]ادلب میں ایک ملین بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہیں، یونیسیف[/pullquote]
اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ادلب صوبے میں حکومتی فورسز اور باغیوں کے مابین ہونے والی لڑائی کی وجہ سے ایک ملین سے زائد بچوں کی زندگیوں کو خطرات لاحق ہو چکے ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر بچے مہاجر کیمپوں میں سکونت پذیر ہیں، جنہیں خوراک، پینے کے صاف پانی اور ادویات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے جمعے کے دن کہا کہ ادلب میں لڑائی کی وجہ سے ساڑھے تین لاکھ بچے بھی بے گھر ہوئے ہیں۔
[pullquote]عراقی الیکشن: ووٹوں کی گنتی مکمل، الصدر کی جیت برقرار[/pullquote]
عراق میں رواں برس بارہ مئی کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کی دوبارہ گنتی مکمل ہو گئی ہے۔ ان نتائج کے مطابق بھی قوم پرست شیعہ رہنما مقتدیٰ الصدر کے انتخابی اتحاد کی سبقت برقرار ہے اور اِسے سب سے زیادہ چون نشستیں حاصل ہوئی ہیں۔ دوسرے پوزیشن پر ایران نواز فتح اتحاد کی اڑتالیس سیٹیں ہیں۔ ابتدائی گنتی میں یہ سینتالیس تھیں۔ وزیراعظم حیدر العبادی کے انتخابی اتحاد کو تیسری پوزیشن ملی ہے اور اس کو بیالیس سیٹیں ملی ہیں۔ ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد ان نتائج کا اعلان عراقی الیکٹورل کمیشن نے کیا ہے۔ الصدر حکومت سازی کے لیے ایک شیعہ رہنما عمار الحکیم الحِکمہ اور ایاد علاوی کے ساتھ اتحاد کر رہے ہیں۔
[pullquote]کمیونسٹ باغیوں سے جھڑپ میں دو فلپائنی فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]
فلپائنی فوج کے مطابق ملک کے شمالی حصے کے ازابیلا صوبے کے شہر جونز میں کمیونسٹ باغیوں کے ساتھ ہونے والی لڑائی میں اُس کے دو فوجی مارے گئے ہیں۔ فوجی معمول کی گشت پر تھے کہ اُن پر باغیوں نے اچانک حملہ کر دیا۔ اس بیان کے مطابق شمالی سامر صوبے میں باغیوں کے ایک اور گروپ نے ایک پولیس اسٹیشن پر بھی حملہ کیا۔ اس حملے میں دو پولیس اہلکار لاپتہ ہوئے ہیں جب کہ دو زخمی ہیں۔ اندازوں کے مطابق انہیں باغیوں نے اغوا کر لیا ہے۔
[pullquote]شمالی کوریا سے تجارت کرنے والی جنوبی کوریائی کمپنیاں گرفت میں[/pullquote]
جنوبی کوریائی حکام نے اپنے ملک کی تین ایسی کمپنیوں کو گرفت میں لے لیا ہے، جن پر الزام ہے کہ ان کے شمالی کوریا کے ساتھ تجارتی روابط تھے۔ دارالحکومت سیئول میں کسٹمز حکام نے جمعہ دس اگست کو بتایا کہ جن کمپنیوں کی نشاندہی ہوئی ہے، وہ شمالی کوریا سے لوہا اور کوئلہ درآمد کرنے کی مرتکب ہوئی تھیں۔ حکام کے مطابق ایسی تجارتی سرگرمیاں اگست سن 2017 میں عائد کردہ اقوام متحدہ کی پابندیوں کے منافی ہیں۔ کسٹمز حکام نے بتایا کہ گزشتہ برس اپریل سے اکتوبر کے دوران ان تین کمپنیوں نے شمالی کوریا سے پینتیس ہزار ٹن سے زائد لوہا اور کوئلہ بذریعہ روس جنوبی کوریا درآمد کیا۔
[pullquote]غزنی میں لڑائی رک گئی، امریکی فورسز[/pullquote]
افغان فورسز نے غزنی شہر میں طالبان کے ایک بڑے حملے کے بعد مقامی سکیورٹی فورسز نے آپریشن کلین اپ شروع کر دیا ہے۔ اس کارروائی میں طالبان نے اس اہم شہر پر قبضہ کرنے کی کوشش کی تاہم امریکی فورسز نے کہا ہے کہ جمعے کی شام تک لڑائی کا سلسلہ تھم گیا اور افغان فورسز اب اس شہر کو کلیئر قرار دینے کی خاطر کارروائی کر رہی ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق البتہ شہر کے کچھ علاقوں میں فائرنگ کی آوازیں سنی جا سکتی ہیں۔ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب ایک ہزار طالبان جنگجوؤں نے اس شہر پر حملہ کر دیا تھا، جس کے نتیجے میں سکیورٹی فورسز اور جنگجوؤں میں لڑائی شروع ہو گئی تھی۔
[pullquote]امریکا کی طرف سے ترکی پر اضافی محصولات کا اعلان[/pullquote]
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی سے درآمد کیے جانے والے اسٹیل اور ایلومینیم پر اضافی محصولات عائد کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ اپنے ایک ٹوئٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ ترکی سے امریکا لائے جانے والے اسٹیل پر بیس فیصد جبکہ ایلومنیم پر پچاس فیصد اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔ ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری اور دیگر سفارتی معاملات کی وجہ سے ان دونوں نیٹو رکن ممالک میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں یہ بھی کہا کہ ’اس وقت ترکی اور امریکا کے باہمی تعلقات اچھے نہیں ہیں‘۔
[pullquote]سعودی عرب سے تنازعہ، کینیڈا کا جرمنی اور سویڈن سے رابطہ[/pullquote]
کینیڈین حکومت نے جرمنی اور سویڈن سمیت کئی ممالک سے سعودی عرب کے ساتھ اپنے تنازعے کے خاتمے کے لیے تعاون طلب کیا ہے۔ دارالحکومت اوٹاوا میں ایک حکومتی اہلکار نے اپنا نام مخفی رکھتے ہوئے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ملکی وزیر خارجہ کرسٹیا فری لینڈ نے کئی یورپی ممالک کے اپنے ہم منصب وزراء سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے جمعرات کی رات کہا تھا کہ فری لینڈ اپنے سعودی ہم منصب عادل الجبیر کے ساتھ بھی انتہائی تفصیل کے ساتھ دو طرفہ معاملات پر گفتگو کر چکی ہیں۔
[pullquote]شمالی کوریا کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہو سکتا ہے، ریڈ کراس[/pullquote]
دنیا کے سب سے بڑے امدادی نیٹ ورک ریڈ کراس نے عالمی برادری کی توجہ شمالی کوریا میں خوراک کی ممکنہ شدید کمی کی جانب مبذول کرائی ہے۔ اس ادارے کے مطابق رواں برس شدید گرمی کی لہر نے شمالی کوریائی کھیتوں کو تقریباً بھسم کر کے رکھ دیا ہے۔ شدید گرمی سے مکئی اور چاول سمیت کئی دوسری فصلیں پک ہی نہیں سکی ہیں۔ ریڈکراس کا یہ بھی کہنا ہے کہ عالمی پابندیوں کی زد میں آئے ہوئے اس ملک کو اشیائے خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہو سکتا ہے اور اس کے عوام پہلے ہی دباؤ کا سامنا کر رہے ہیں جبکہ بچوں کو کم خوراکی کا سامنا ہے۔
[pullquote]بھارت: سیلابی ریلوں سے دو درجن سے زائد افراد ہلاک[/pullquote]
بھارت کی جنوبی ریاست کیرالا میں صوبائی حکام نے بتایا ہے کہ شدید بارش کے بعد آنے والے اچانک سیلابی ریلوں نے ستائیس افراد کی جان لے لی ہے۔ گزشتہ روز اسی ریاست میں شدید بارش کے نیتجے میں گرنے والے مٹی کے تودوں کی زد میں آ کر کم از کم دیگر انیس افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ ان میں سے گیارہ افراد صرف ایک ضلع اِڈوکی میں مارے گئے۔ شمالی ریاست اترپردیش میں موسلا دھار بارشں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں سے اٹھاون افراد کی موت ہو چکی ہے۔ بھارت کے مختلف علاقوں میں میں مون سون کی بارش کے نتیجے میں رواں برس سات سو افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
[pullquote]کینیڈا میں شوٹنگ، چار افراد ہلاک[/pullquote]
کینیڈا کے مشرقی صوبے نیو برَنزوِک کے دارالحکومت فریڈرکٹن (Fredericton) میں فائرنگ کے ایک واقعے میں کم از کم چار افراد مارے گئے ہیں۔ فریڈرکٹن شہر کی پولیس نے لوگوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں یا دفاتر کے اندر رہیں اور باہر نکلنے کی ضرورت نہیں۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے اور ہلاکتوں میں اضافے کا امکان ہے۔ پولیس نے اس واقعے کی تفصیلات بیان نہیں کی ہیں۔
[pullquote]مسجد مسمار کرنے کے منصوبے کے خلاف چینی مسلمانوں کا احتجاج[/pullquote]
چین کے مغربی نیم خود مختارعلاقے نِنگ شا کے ہُوئی نسل کے مسلمانوں نے ایک مسجد کو مسمار کرنے کے مجوزہ حکومتی منصوبے کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ وائی ژُو شہر کی مشہور قدیمی جامعہ مسجد کو گرانے کا حکومتی نوٹس تین اگست کو جاری کیا گیا تھا۔ حکومت نے اس مسجد کی کمیٹی کو مطلع کیا ہے کہ تعمیر سے قبل اس عبادت گاہ کے لیے کوئی باضابطہ تعمیری اجازت نامہ حاصل نہیں کیا گیا تھا۔ اس مسجد کے آج دس اگست کو گرا دیے جانے کا امکان ہے۔ مسجد کی انتظامی کمیٹی اور شہری انتظامیہ کے درمیان اس حوالے سے بات چیت میں پیش رفت نہیں ہو سکی۔ اس مسجد کے باہر سینکڑوں مسمان آج جمعے کی صبح سے جمع ہیں۔
[pullquote]نیوزی لینڈ میں پلاسٹک بیگز پر پابندی کا فیصلہ[/pullquote]
نیوزی لینڈ کی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ اگلے برس جولائی سے پلاسٹک کے ایک ہی بار استعمال ہونے والے شاپنگ بیگز کی تیاری اور استعمال پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔ جمعے کے روز ملکی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ نیوزی لینڈ میں لوگ لاکھوں کی تعداد میں ایسے شاپنگ بیگز استعمال کرتے ہیں جن کا دوبارہ استعمال ممکن نہیں ہوتا اور یہ ملکی ساحلی پٹیوں اور آبی گزرگاہوں کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کا سبب بھی بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے بیگز پر پابندی کے حوالے سے انہیں کئی اسکول کے بچوں نے خط بھی لکھے ہیں۔ وزیر اعظم نے آج جمعے کو کئی بچوں کے ساتھ مل کر ایک ساحل پٹی سے ایسے بیگز پر مشتمل کوڑا جمع بھی کیا۔
[pullquote]ترک کرنسی کی قدر میں ریکارڈ کمی[/pullquote]
ترکی کی کرنسی لیرا کی قدر میں شدید کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ جمعہ دس اگست کو لیرا کی قدر میں بارہ فیصد کی کمی ہوئی۔ اس کمی کی وجہ ترک اور امریکی حکومتوں میں پیدا شدہ سفارتی تنازعہ ہے۔ یورپی مالی منڈیوں میں بھی ترک کرنسی کی قدر میں کمی سے بےچینی محسوس کی گئی ہے۔ علاقائی بینکنگ سیکٹر کو بھی یہ خطرات لاحق ہیں کہ ترک امریکی تنازعے کے منفی اثرات اُس تک پہنچ سکتے ہیں۔ واشنگٹن اور انقرہ کی حکومتوں کے درمیان ترکی میں ایک امریکی پادری کی گرفتاری کشیدگی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ پادری کی رہائی کے معاملے میں ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔
[pullquote]خلائی فوج بنانا وقت کی ضرورت ہے، امریکی نائب صدر[/pullquote]
امریکی نائب صدر مائیک پینس نے خلائی فوج کو دورِ حاضر کی ضرورت قرار دیا ہے۔ انہوں نے اس خصوصی فوج کے خد و خال امریکی وزارت دفاع کے صدر دفتر پینٹاگون میں پیش کیے۔ انہوں نے اس نئی فورس کو امریکی مسلح افواج کے چھٹے شعبے سے تعبیر کیا۔ پینٹاگون میں تقریر کرتے ہوئے امریکی نائب صدر نے یہ بھی کہا اس اسپیس فورس کا قیام تاریخ کا ایک نیا باب کھولنا ہو گا اور یوں امریکی افواج خلا میں اپنے ملک کا دفاع کریں گے۔ مائیک پینس نے کہا کہ اس نئی فورس کے لیے قانون سازی اگلے مہینوں میں شروع کر دی جائے گی اور ایک نیا قانون کانگریس میں سن 2020 تک منظور ہو سکتا ہے۔
[pullquote]طالبان عسکریت پسندوں نے غزنی شہر پر چڑھائی کر دی[/pullquote]
افغان سکیورٹی فورسز کے مطابق طالبان نے جنوب مغربی شہر غزنی پر دھاوا بول دیا ہے۔ اب تک کی اطلاعات کے مطابق سولہ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس شہر میں شدید لڑائی کی خبروں کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ صوبائی گورنر کے ترجمان عارف نوری نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ملکی فوج حملہ آوروں کو پسپا کرنے کی کوشش میں ہے اور اس وقت پورے شہر میں خوف و ہراس ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹوں کے علاوہ کئی شہریوں کے مکانات بھی مارٹر گولوں کی زد میں ہیں۔ نوری کے مطابق غزنی شہر کی گلیوں میں طالبان حملہ آوروں کی لاشیں کئی جگہ پڑی ہوئی ہیں۔ صوبائی پولیس کے سربراہ کے مطابق طالبان نے یہ حملہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب کیا۔
[pullquote]یمن میں بس پر حملے میں ہلاکتیں 50 تک پہنچ گئیں[/pullquote]
یمن کی ایران نواز حوثی ملیشیا کے ٹیلی وژن المسیرہ نے بتایا ہے کہ صعدہ شہر میں جس بس کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا گیا، اُس میں ہلاکتوں کی تعداد اب 50 ہو گئی ہے۔ زخمیوں کی تعداد 77 ہے۔ صعدہ میں طبی ذرائع نے ادویات کی قلت کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ انٹرنیشنل ریڈ کراس کی ٹیم کے مطابق ہسپتال میں جو لاشیں لائی گئیں، اُن میں سے 29 ایسے بچوں کی ہیں، جن کی عمریں پندرہ برس سے کم تھیں۔ اس ٹیم کے مطابق ہسپتال پہنچائے گئے زخمیوں میں بھی تیس کم عمر بچے شامل ہیں۔ دوسری جانب سعودی عسکری اتحاد نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس حملے کا نشانہ بیلسٹک میزائل داغے جانے کی ایک جگہ تھی۔