بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ایشیا کپ سے باہر

ابوظہبی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر فور مرحلے کے چھٹے اور آخری میچ میں بنگلادیش کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بنگلادیش کی پوری ٹیم 48.4 اوورز میں 239 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز بنائے اور اس طرح سرفراز الیون کو 37 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

[pullquote]پاکستان کی اننگز[/pullquote]

پاکستانی بیٹسمینوں نے غیرذمہ دارانہ شارٹس کھیل کر وکٹیں گنوائیں — فوٹو: اے ایف پی
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی بیٹنگ جاری ہے جب کہ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے کیا۔

اوپنر فخر زمان ایک بار پھر ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بناکر مہدی حسن مراز کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد بابر اعظم بھی زیادہ دیر کریز پر نہ رک سکے اور ایک رن بناکر مستفیض الرحمان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

پاکستان کے تیسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان سرفراز احمد تھے جو ایشیا کپ میں مسلسل ناکام ہوتے آرہے ہیں۔ مشکل وقت میں جب ٹیم کو ان کی ضرورت تھی تو وہ حسب معمول غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 10 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

شعیب ملک کی اہم وکٹ روبیل حسین نے حاصل کی — فوٹو: اے سی سی
پاکستان کی چوتھی وکٹ 85 کے مجموعی اسکور پر گری جب آخری امید شعیب ملک بھی 30 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

گرین شرٹس کو پانچواں نقصان 94 کے مجموعی اسکور پر اٹھانا پڑا جب شاداب خان 4 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔

بنگلادیش کےخلاف پاکستان کی چھٹی وکٹ 165 رنز پر گری جب آصف علی 31 رنز بناکر مہدی حسن کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد 167 کے مجموعی اسکور پر امام الحق 83 رنز بناکر محمود اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان کی آٹھویں وکٹ 181 رنز پر گری جب حسن علی 8 رنز بناکر مستفیض الرحمان کی گیندپر آؤٹ ہوگئے۔

محمد نواز پاکستان کے نویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو صرف 8 رنز بناسکے۔

بنگلادیش کی جانب سے مستفیض الرحمان 4 اور مہدی حسن نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔مشفیق الرحیم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

[pullquote]
بنگلادیش کی اننگز[/pullquote]

بنگال ٹائیگرز کی جانب سے لٹن داس اور سومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا تاہم میچ کے تیسرے ہی اوور میں سومیا سرکار بغیر کوئی رنز بنائے جنید خان کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے، اگلے ہی اوور میں شاہین آفریدی نے مومن الحق کو کلین بولڈ کیا۔

بنگلادیش کو تیسرا خسارہ لٹن داس کی صورت میں ہوا جنہیں جنید خان نے کلین بولڈ کیا اور وہ 6 رنز ہی بناسکے۔

اس کے بعد وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم اور محمد متھن نے ٹیم کو سہارا دیا اور ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے دونوں نے اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔

بنگلا دیش کی چوتھی وکٹ 156 کے مجموعی اسکور پر گری جب محمد متھن 60 رنز بناکر حسن علی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد امرالقیس بھی صرف 9 رنز بناکر شاداب خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

بنگلادیش کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مشفیق الرحیم تھے تو نروس نائنٹیز کا شکار ہوئے اور 99 رنز پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر سرفراز کے ہاتھوں کیچ ہوگئے تاہم ان کی شاندار اننگز نے بنگلادیش کو مشکل سے نکال دیا۔ اس وقت بنگلادیش کا مجموعی اسکور 197 تھا۔

12 رنز پر تین وکٹیں گنوانے کے باوجود بنگلادیش نے 239 رنز بنالیے— فوٹو: اے ایف پی
بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 221 کے مجموعی اسکور پر گری جب مہدی حسن مراز 12 رنز بناکر جنید خان کا شکار بن گئے، یہ جنید کی تیسری وکٹ تھی۔

جنید خان نے اپنی چوتھی وکٹ بنگلادیشی کھلاڑی محمود اللہ کو بولڈ مار کر حاصل کی۔ محمود اللہ 25 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی نویں وکٹ 239 کے مجموعی اسکور پر گری جب روبیل حسین ایک رن بناکر رن آؤٹ ہوگئے جبکہ اس کے بعد مشرفی مرتضیٰ بھی 13 رنز بناکر حسن علی کا شکار بن گئے۔

پاکستان کی جانب سے جنید خان نے 4، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی نے دو دو جبکہ شاداب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

دونوں ٹیمیں ایونٹ میں پہلی بار مدمقابل ہوئی تھیں اور اس میچ میں بنگلا دیش کامیاب رہا۔

بنگلادیشی ٹیم 28 ستمبر کو ایوںت میں اب تک ناقابل شکست رہنے والی ٹیم بھارت کے خلاف ایونٹ کا فائنل کھیلے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے