موجودہ حکومت نے چین کے اعتماد کو نقصان پہنچایا: مولانا فضل الرحمان

ملتان: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے چین کے اعتماد کو نقصان پہنچایا جس پر آرمی چیف کو وضاحت کے لیے چین جانا پڑا۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے پاکستانی قوم پر ایٹم بم گرائے ہیں، ان کی اقتصادی پالیسی پہلے ہی دن فلاپ ہوچکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سفارتی تعلقات کے آداب سے ناواقف ہیں، معاملات اپنی جگہ اور پروٹوکول اپنی جگہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کے اقتصادی مستقبل کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے لیکن موجودہ حکومت نے چین کے اعتماد کو نقصان پہنچایا جس پر آرمی چیف کو وضاحت کے لیے چین جانا پڑا۔

سربراہ متحدہ مجلس عمل کا کہنا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی سے رابطہ کریں گے کیونکہ اپوزیشن کو متحد نظر آنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کی باتیں نہیں چھیڑنا چاہتے اور مستقبل کی طرف دیکھناچاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن کو تقسیم نہیں دیکھنا چاہتے، اسی لیے میں نے نوازشریف سے بات کی ہے اور آصف زرداری سے بھی کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ حکومتیں بننی چاہییں لیکن جائز راستوں سے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے