امریکا نے افغانستان سے فوج نکالنے پر رضا مندی ظاہر کردی: طالبان کا دعویٰ

دوحا: طالبان نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا نے افغانستان سے فوج کے انخلا پر رضا مندی ظاہر کردی ہے۔

قطری حکومت کی فنڈنگ سے چلنے والے نشریاتی ادارے الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اور طالبان رہنماؤں کے درمیان جمعے کو ہونے والی ملاقات کے دوران افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے پر بات چیت کی گئی۔

نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر طالبان حکام نے الجزیرہ کو بتایا کہ امریکا کے 6 رکنی وفد سے ملاقات کے دوران امریکی فوج کی افغانستان سے واپسی سمیت تمام مسائل کے حل پر اتفاق کیا گیا۔

طالبان حکام کا کہنا ہے کہ امریکی وفد سے تفصیلی نہیں بلکہ عمومی بات چیت ہوئی اور مستقبل قریب میں مزید بات چیت کا امکان ہے۔

قیام امن کے لیے طالبان کی جانب سے غیرملکی افواج کے انخلا سمیت رہنماؤں پر عالمی پابندی کا خاتمہ، گرفتار ساتھیوں کی رہائی اور سیاسی دفتر کا قیام شرائط میں شامل ہے۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے نئی حکمت عملی کے تحت گزشتہ سال افغانستان میں امریکی فوجیوں کی تعداد میں اضافہ کردیا تھا اور اطلاعات ہیں کہ افغانستان میں صرف امریکی فوجیوں کی تعداد 14 ہزار ہے۔

طالبان کی جانب سے اس سے قبل کئی بار کہا جاچکا ہے کہ غیرملکی افواج کی افغانستان میں موجودگی امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے