خیبرپختونخوا کا 613 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا

پشاور: خیبرپختونخوا کا بجٹ آج پیش کیا جا رہا ہے، جس کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہونے کا امکان ہے جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 123 ارب روپے سے زیادہ مختص کیے جانے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ہوگا، جہاں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا مالی سال 19-2018 کا بجٹ پیش کریں گے۔

صوبائی حکومت کے ترجمان شوکت یوسفزئی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ خیبرپختونخوا کے بجٹ کا حجم 613 ارب روپے سے زائد ہوگا جبکہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے لیے 123 ارب روپے سے زائد مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں جاری ترقیاتی اسکیموں کے لیے 70 جبکہ نئی اسکیموں کے لیے 30 فیصد رقم مختص کی جائے گی اور بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آر ٹی) اور سوات ایکسپریس وے سمیت دیگر منصوبوں کو جلد مکمل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ بجٹ متوازن اور ٹیکس فری ہوگا اور غریبوں پر کوئی بوجھ نہیں ڈالا جائے گا۔

شوکت یوسفزئی کا مزید کہنا تھا کہ وفاق میں اب ہماری ہی حکومت ہے، ہمیں وفاق سے ضرور پیسے ملیں گے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق بجٹ میں بیرونی امداد کی مد میں 71 ارب روپے سے زائد ملنے کی توقع ہے جو کہ ترقیاتی کاموں پر خرچ کیے جائیں گے۔

بجٹ میں ضلعی حکومتوں کے لیے 29 ارب 34 کروڑ، پینے کے صاف پانی اور نکاسی آب کے لیے 3 ارب 32 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔

دوسری جانب تعلیم کے لیے 9 ارب 2 کروڑ، صحت کے لیے 7 ارب 77 کروڑ، جنگلات کے لیے 2 ارب 86 کروڑ اور ملٹی سیکٹوریل ڈویلپمنٹ کے لیے 2 ارب 13 کروڑ رکھنے کی تجویز ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے