آزادکشمیر وگلگت بلتستان کے طلباء کا ایبٹ آباد گیریژن کا دورہ

دنیا بھر میں سب سے زیادہ پروفیشنل فوج اورسب سے زیادہ خطرناک جنگیں لڑنے والی فوج کا نام پاک فوج ہے۔ جس کا نام سن کرمہذب دنیا کے سربراہان ادب سے کھڑے ہوجاتے ہیں مگردشمن تھرتھر کانپتا ہے۔65کی جنگ ہویا کارگل کا معرکہ،کنٹرول لائن ہو یاورکنگ باؤنڈری،مشرقی اور مغربی ،بین الاقوامی سرحدات ہوں یا دہشت گردی کے خلاف جنگ پاک فوج نے دشمن کی ہر سازش کو رات کے اندھیروں میں بھی ناکام بنایا۔پاک فوج کے ان واقعات کوآج کانوجوان سنتا تو ہے مگراسے حکومتوں نے یہ سہولت نہیں دی کہ وہ اپنے اس قابل فخرادارہ کے جوانوں کو قریب سے دیکھ سکے۔

وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کے ساتھ خصوصی ملاقات میں اس خواہش کا اظہار کیا کہ آزادکشمیر کے نوجوان خواہ وہ کنٹرول لائن پر ہیں یا شہروں میں آبادافواج پاکستان سے بے مثال محبت رکھتے ہیں مگر آزادکشمیر میں ان کیلئے کوئی گیریژن یاملٹری اکیڈمی موجود نہیں کہ وہ اپنی فوج کی پریڈ، ان کی عسکری مشقیں اوران کے چوبیس گھنٹے کے معمولات اپنی آنکھوں سے دیکھ سکیں توآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی خصوصی ہدایت پر امسال پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 138ویں لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ جبکہ ایبٹ آباد گیریژن،یادگارشہداء،آرمی میوزیم اورافواج پاکستان کے آفیسران اور نوجوانوں کے ساتھ کھلے ماحول میں طلباء کی ملاقات کا اہتمام کیا گیا جس میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے 4سوسے زائد طلباء نے شرکت کی۔

محکمہ تعلیم آزادکشمیر نے میرپور،مظفرآباد،بھمبر،نیلم،باغ،کوٹلی،راولاکوٹ ودیگر اضلاع جبکہ لیپہ،دیرکوٹ،چکار،کلری سمیت دیگرعلاقوں کے طلباء کو ایبٹ آباد کیلئے الوداع کیا جبکہ گلگت بلتستان سے خپلو،شگر،سکردو،گلگت،استور،خرمنگ،غزر ودیگر علاقوں سے بڑی تعداد میں طلباء ایبٹ آباد پہنچے توایبٹ گیریژن بلوچ رجمنٹ سنٹر کے آفیسران اور جوانوں نے اپنے مستقبل کے نونہالوں کا استقبال کیا۔تمام طلباء،اساتذہ اورآزادکشمیر کے سینئر صحافیوں کو ایبٹ آبادگیریژن میں قائم یادگار شہداء پر لے جایا گیا، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کی جانب سے الگ الگ پھولوں کی چادریں اور گل دستے پیش کیے گئے

راقم اورسنٹرل پریس کلب کے جوائنٹ سیکرٹری سینئر صحافی سرفراز احمد میر بھی اس قافلے کا حصہ تھے۔ تمام شرکاء نے یادگارشہداء پر فاتحہ خوانی کی اوروطن کیلئے جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔وفد کو پاک فوج کے کیڈٹس گراؤنڈ لے جایا گیا جہاں کیڈٹس کوپریڈ،جمناسٹک،جوڈوکراٹے سمیت دیگراقسام کی عسکری اورروایتی تربیت کروائی جارہی تھی ، منظربہت دیدنی تھا اورہرطالب علم یہی خواہش کررہا تھا کہ کاش ہم بھی محنت کر کے یہاں پہنچیں اور پاکستان کیلئے خدمات سرانجام دیں۔

سینیئر صحافی واجد خان اور سرفراز میر یادگار شہدا پر پھول چڑھاتے ہوئے

شام کے بعد کمانڈنٹ گیریژن بریگیڈراعجاز احمد کیانی نے طلباء کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا۔ اورانہیں بتایا کہ پاکستان اب ناقابل تسخیر ہے جس کی افواج بیرون ممالک کی افواج کوتربیت کروارہی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ملک میں74ہزار جانیں پیش کیں مگرپاک فوج نے قوم کے تعاون سے دہشت گردی پر قابو پایا۔ملک کے دفاع اور سلامتی کیلئے پاک فوج ہر کردارادا کرے گی۔طلباء مقابلہ،ہمت اور کردار کے ذریعے آگے بڑھیں۔سیاست سے دوران تعلیم دُوررہیں تاکہ طلباء کو یکسوئی رہے۔ ذہنی اورفکری طور پرقوم کو ایک ہونا ہے۔

اس موقع پر طلباء نے کہا کہ پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف کردارادا کیا اور آج جو لوگ پاک فوج کے خلاف بول رہے ہیں وہ پُتلیوں کی طرح ہیں۔اصل میں ان کے پیچھے را اورپی ٹی ایم جیسے کردارہیں مگر ہم کبھی بھی ملک اور فوج کے ساتھ کسی کو اپنے اداروں میں کام نہیں کرنے دیں گے ، ہم سب کی خواہش ہے کہ ہم اچھے نمبرات لے کر پاک فوج میں کمیشن حاصل کریں۔

آرمی آفیسران نے آزادکشمیر کے طلباء کا جوش اورجذبہ دیکھ کر کہا کہ آزادکشمیر کے طلباء پہلی بار ایبٹ آباد پی ایم اے کاکول آئے ہیں مگرہم نے ان جیسا جوش اورجذبے والے بچے پہلے نہیں دیکھے ، یقیناً کشمیریوں کا پاکستان کی سلامتی اوربقاء کیلئے بہت بڑاکردار ہے۔

طلباء نے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ اوروزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اپنی محسن فوج کو قریب سے دیکھنے کا موقع دیا گیا۔ طلباء نے مطالبہ کیا کہ انہیں جی ایچ کیو سمیت پاکستان کے تمام عسکری اداروں اور تربیتی مراکز کا بھی وزٹ کروایا جائے۔اگلے روز طلباء پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول پہنچے تو سخت سیکیورٹی اورفول پروف انتظامات دیکھ کرہم سب کو خوشگوار حیرت ہوئی مگرآنے والے مہمانوں کی عزت وتکریم میں کوئی فرق نہیں چھوڑاگیا.

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 138ویں لانگ کورس،97انٹیگریٹڈ کورس،30ٹیکنیکل گریجویٹ کورس کی پاسنگ آوٹ پریڈ ہوئی ۔جس کے مہمان خصوصی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیرمحمودحیات نشان امتیا زملٹری تھے ، پاسنگ آؤٹ کی اس پروقارتقریب میں سعودی عرب کے میجرجنرل العسیری بھی خصوصی طور پر شریک تھے اس پاسنگ آوٹ پریڈ کے میزبان پی ایم اے کے کمانڈر جنرل میجر جنرل اختر نواز ستی ہلال امتیاز ملٹری تھے جبکہ پاس آوٹ ہونے والوں میں سعودی عرب،نیپال،سری لنکا،فلسطین اورلیبیا کے کیڈٹس بھی شامل تھے۔

جنرل زبیرمحمود نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے کیڈٹس کو انعامات بھی دیے ، اعزازی شمشیر کے حقدار بٹالین سینئر انڈر آفیسر غلام نبی ٹھہرے جبکہ صدارتی گولڈمیڈل سینئر انڈرآفیسر محمد بلال کے حصے میں آیا۔کمپنی جوینئر انڈرآفیسرحمزہ نواز کو چیف آف آرمی سٹاف میڈل دیا گیا جبکہ سری لنکا کے کیڈٹ کوآرمی چیف کی اعزازی چھڑی بھی عنایت کی گئی ۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے نئے کیڈیٹس سے حلف بھی لیا۔کیڈٹ سے بلند آواز میں پورے حوصلے اوراطمینان سے حلف کے الفاظ دہرائے مگر وہ منظر اور کیڈٹس کی ظاہری کیفیت یہاں الفاظ کی صورت میں بیان نہیں کی جاسکتی۔جنرل زبیر محمود حیات نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج مجھے خوشی ہے کہ آپ ایسے سپاہیوں کی کمان سنبھالیں گے جو اپنی وفاداری اورجذبہ قربانی کے باعث پہچانے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہی مشکل حالات میں بہترین نتائج دینے کے حوالے سے پوری دنیا میں مشہور ہیں اورہمیں اپنے جوانوں پر فخر ہے

اس سے قبل فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس نے شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا، کیڈٹس مارچ پاسٹ کرتے ہوئے مہمانوں کے سامنے سے گزرتے تو وہ ادب سے کھڑے ہوجاتے اورخوب تالیاں بجا کر انہیں داد دیتے جن میں کیڈٹس کے والدین،رشتہ دار،حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی آفیسران کے علاوہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء،اساتذہ اورسینئر صحافی بھی شامل تھے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے مارچ پاسٹ کا معائنہ بھی کیا۔دریں اثناء آزادکشمیر کے طلباء کو آرمی سکول آف فزیکل ٹرینگ(ASPT) بھی لے جایا گیاجہاں کمانڈنٹ ادارہ بریگیڈر گوہر نے طلباء کا خیرمقدم کیا۔جہاں پرپہاڑوں کے دامن میں وسیع وعریض سرسبزخوبصورت گراؤنڈ میں کیڈٹس نے جمناسٹک،جمپنگ،جوڈوکراٹے سمیت دیگرشاندارکرتب کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے دل مول لیے۔

آزادکشمیر کے طلباء نے کہا کہ ہم نے آج تک ایسا منظر کبھی زندگی میں نہ دیکھا اورسچ یہ ہے کہ راقم نے بھی آج تک اس قسم کے مردآہن نہیں دیکھے جوفضاء میں تنکے کی طرح اڑتے نظرآتے اور زمین پرقدم رکھتے توزمیں ہل جاتی ، اللہ تعالیٰ پاکستان کو سلامت رکھے اوراس کی مسلح افواج کو مزید ہمت اورتوفیق دے وہ اپنے ملک کی حفاظت اور سلامتی کیلئے کماحقہ کرداراداکرتے رہیں، پاکستان کے دشمن ناکام ہوں گے ، پاکستان کی فوج بے مثال اور ناقابل تسخیر ہے ، جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ نے لازوال قربانیاں پیش کر کے اس کو بچایا ہے .آج فوج اور وطن عزیز کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ کرنے والوں سے کوئی سوال کرے کہ مشکل وقت میں وہ کہاں تھے اور ملک کو جلتا دیکھ کرکیوں چھپ گئے تھے۔

آزادکشمیر وگلگت بلتستان کے طلبہ جب پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول ،ایبٹ آباد گیریژن اور آرمی سکول آف فزیکل ٹریننگ سمیت دیگر اہم عسکری اداروں کے دورے کے بعد الوداع ہونے لگے تو کئی ایک کو جذباتی ہوتے دیکھا اور سب آرمی آفیسران سے اس قابل فخر ادارہ میں کمیشن حاصل کرنے کے بارے میں بار بار معلومات لیتے رہے۔یقیناً پاک فوج اس ملک کا ایک قابل فخر ادارہ جس کی لازوال قربانیاں ہیں اور عوام فوج پر اعتماد کرتی ہے اور فوج نے بھی کبھی عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائی۔

طلبہ کو ایسے مواقع مزید ملنے چاہیں تاکہ وہ کل اپنے ملک کے سفیر بن سکیں اور فوج میں شمولیت کے لیے سب سے پہلے اپلائی کریں ، آج بے روزگاری عام ہے اور نوجوان سول سروس کی نوکریوں کے لیے دھکے کھانے کے بعد پرائیویٹ معمولی سی جاب یا بیروزگاری کے دن گزار رہے ہیں ۔کیا ہی بہتر ہو کہ وہ ایک عالیشان جاب بھی کریں اور ایک عالیشان ادارہ کے قابل فخر آفیسر بھی بنیں،خدمت کے ساتھ شوق شہادت کا جذبہ بھی اگر نصیب ہوجائے تو اس سے زیادہ دنیا میں کوئی کامیابی اور خوشی کی بات نہیں۔

کیڈٹس کے والدین اور بعض کیڈٹس سے بھی وہاں ایبٹ آباد پی ایم اے کاکول میں بات ہوئی جنہوں نے ایک لفظ بھی دنیاوی وقار کے حوالے سے نہیں کہا بلکہ والدین اور کیڈٹس سب کی خواہش تھی کہ وہ ملک کے لیے قربانی دینے اور اس کی حفاظت کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے