سب کی نظریں کل کے فیصلے پر ہیں: فواد چوہدری

لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سب کی نظریں کل کے فیصلے پر ہیں، کیس بڑا سیدھا ہے کہ سعودی عرب اور دبئی میں نواز شریف اور بچوں کی جائیدادیں ہیں اور سوال یہ ہے کہ جائیدادوں کے لیے پیسا کہاں سےآیا جس کا جواب دینے سے یہ قاصر ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جس عمر میں بچوں کے شناختی کارڈ نہیں بنتے، ان کے بچے ارب پتی بن گئے، ٹیلنٹڈ ماں باپ نے بچوں کے اکاؤنٹس میں پیسے بھرے، یہ بلیک میلر کا گروپ ہے، ٹھگز آف پاکستان اتحاد بری طرح فلاپ ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ کیا اصول ہےکہ بڑے بھائی کے اکاؤنٹ کا آڈٹ چھوٹا بھائی کرے گا، سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صرف ان کے کیسز کی بات ہوتی ہے، یہ نہ مہنگائی کے اوپر بات کرتے ہیں اور نہ کسی اور مسئلے پر۔

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف کی سیاست ختم ہو چکی ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) آپس میں اتحاد ضرور کریں، سارے اکٹھے ہو کر ٹھگز آف پاکستان اتحاد بنالیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ زرداری صاحب بھی کہتے ہیں کہ وہ معصوم ہیں انہوں نے کچھ نہیں کیا، تو پچھلے 15 سال میں جو لوٹ مار کی گئی تو کیا جن بھوت کی حکومت تھی، اگر زرداری، نواز اور شہباز معصوم ہیں تو بدمعاش کون ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ میرے لیے باہر نکلیں، یہ اپنی جائیداد بنانے کے لیے عوام کو باہر نکلنے کا کہہ رہے ہیں، پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہوئی ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ملکی نظام انصاف پر بہت بڑا سوالیہ نشان ہے، اس ملک میں زرداری صاحب بھی معصوم ہیں، پاکستان میں مسئلہ قانون سازی نہیں اس پر عملدرآمد ہے، نیب صحیح کام کر رہا ہے لیکن مزید بہتری کی گنجائش ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اللہ تعالی کی مہربانی ہے کہ عمران خان جیسے کچھ لوگ عوام کا سوچتے ہیں، نظام بدل رہا ہے، آپ دیکھیں گے پاکستان میں بہت بہتری آئے گی، معاشی حوالے سے ہفتے دو ہفتے میں مزید خوشخبریاں ملیں گی، سیاحت کے لیے پاکستان کی ویزا پالیسی میں نرمی لانا چاہ رہے ہیں اور سیاست کا پرانا نظام بدل رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے