منگل : یکم جنوری 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]دنیا بھر میں سالِ نو کا پرجوش استقبال[/pullquote]

دنیا بھر میں آج منگل سے شروع ہونے والے نئے سال دو ہزار انیس کا پرجوش استقبال کیا گیا۔ جرمنی میں سب سے بڑی نیو ایئر پارٹی وفاقی دارالحکومت برلن کے تاریخی برانڈن برگ گیٹ اور اس کے نواحی علاقوں میں منائی گئی، جس میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ رات ٹھیک بارہ بجے آسمان رنگا رنگ آتش بازی سے کافی دیر تک چمکتا رہا۔ اس سے قبل جنوبی بحرالکاہل اور مشرق بعید کے کئی ممالک میں نیا سال کئی گھنٹے پہلے ہی شروع ہو گیا تھا۔ نئے سال کا استقبال سب سے پہلے جنوبی بحرالکاہل کی چھوٹی چھوٹی جزیرہ ریاستوں میں کیا گیا۔

[pullquote]جرمن شہر بوٹروپ میں گاڑی چڑھانے کا واقعہ، غیر ملکیوں سے ممکنہ دشمنی کا نتیجہ[/pullquote]

جرمن شہر بوٹروپ میں سال نو کی شب ایک گاڑی ہجوم پر چڑھانے کے واقعے میں چار افراد معمولی زخمی ہوگئے۔ ایسن کے دفتر استغاثہ کے مطابق ممکنہ طور پر یہ واقعہ غیر ملکیوں سے دشمنی کا نتیجہ ہے۔ زخمی ہونے والوں میں شامی اور افغانی شہری بھی شامل ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ایک اور واقعے میں پچاس سالہ ایک ڈرائیور نے بس اسٹاپ پر کھڑے ہوئے لوگوں کو ٹکر مارنے کی کوشش کی تاہم اس موقع پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔

[pullquote]امریکا اور اسرائیل کا شام اور ایران کے حوالے سے تعاون جاری رہے گا، پومپیو[/pullquote]

امریکا اور اسرائیل نے شام اور ایران کے حوالے سے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا ظاہر کیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے مطابق کہ وہ اس بات کرنے پر غور کر رہے ہیں کہ شام میں نگرانی اور کارروائیوں میں اشتراک کو کس طرح بڑھایا جائے۔ یہ بیان انہوں نے برازیل میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے ملاقات سے قبل دیا۔ پومپیو کے بقول اسرائیل کے ساتھ تعاون میں کسی بھی سطح پر کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔ ان کے بقول اسلامک اسٹیٹ اور ایران کی جارحیت کے خلاف کوششیں جاری رہیں گی۔

[pullquote]رودبار انگلستان میں نگرانی بڑھا دی گئی[/pullquote]

مہاجرین کی کشتیوں کی تعداد میں اضافے کے بعد رودبار انگلستان میں برطانوی بحریہ نے نگرانی کے لیے دو جہاز تعینات کر دیے ہیں۔ برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے بتایا کہ اس کا مقصد فرانس اور برطانیہ کو ملانے والی انگلش چینل میں گشت میں اضافہ ہے تاکہ انسانی زندگیوں کو بچانے کے ساتھ ساتھ برطانوی سرحدوں کی حفاظت کی جا سکے۔ صرف دسمبر میں ہی انگلش چینل کو عبور کر کے 230 مہاجرین برطانوی ساحلوں پر پہنچے تھے۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں 2018ء میں قریب چھ سو ہلاکتیں[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام جموں کشمیر میں سول سوسائٹی کی ایک سرکردہ تنظیم کے مطابق سال دو ہزار اٹھارہ اس ریاست کے لیے گزشتہ ایک دہائی کا سب سے ہلاکت خیز سال ثابت ہوا۔ جموں کشمیر کولیشن آف سول سوسائٹی کے مطابق گزشتہ برس اس منقسم خطے کے بھارت کے زیر انتظام حصے میں سکیورٹی دستوں کی کارروائیوں، مسلح حملوں اور عوامی مظاہروں سمیت بدامنی کے سینکڑوں واقعات میں کل پانچ سو چھیاسی افراد ہلاک ہوئے۔ ان میں سے دو سو سڑسٹھ عسکریت پسند تھے اور ایک سو ساٹھ عام شہری۔ مارے جانے والے عام شہریوں میں اکتیس بچے بھی شامل تھے۔ باقی ہلاک شدگان بھارتی پولیس یا سکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے۔ اس تنظیم کے مطابق گزشتہ برس کشمیری عسکریت پسندوں اور بھارتی دستوں کے مابین آٹھ سو کے قریب مسلح جھڑپیں ریکارڈ کی گئیں۔

[pullquote]رومانیہ چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کا صدر ملک بن گیا[/pullquote]

آج یکم جنوری سے یورپی یونین کی ششماہی صدارت رومانیہ کے حوالے کر دی گئی ہے۔ تاہم ساتھ ہی برسلز کی جانب سے رومانیہ کے داخلی سیاسی بحران کی وجہ سے اس پر تنقید بھی کی گئی ہے۔ سن دو ہزار سات میں یونین کا حصہ بننے والا یہ ملک یورپی یونین کے مستقبل کے منصوبوں میں ایک ’غیرجانبدار ثالث‘ کا کردار ادا کرنا چاہتا ہے۔ لیکن یورپی کمیشن نے اس حوالے سے رومانیہ کی سیاسی قیادت میں اتفاق رائے، اس کی طرف سے ممکنہ اظہار یکجہتی اور اس کی ثالثی کی خواہش پر شبے کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]ٹوکیو میں کار راہ گیروں پر چڑھا دی گئی، نو افراد زخمی[/pullquote]

جاپانی دارالحکومت ٹوکیو میں راہگیروں پر گاڑی چڑھانے کے واقعے میں نو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ٹوکیو پولیس نے بتایا ہے کہ کار کے اکیس سالہ ڈرائیور کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے کیوڈو کے مطابق کار ڈرائیور نے پولیس کو بتایا ہے کہ وہ ایک دہشت گردانہ حملہ کرنا چاہتا تھا۔ ساتھ ہی اس نے یہ بھی بتایا کہ اس نے موت کی ایک سزا پر عمل درآمد کا بدلہ لینے کے لیے اس نے گاڑی لوگوں پر چڑھائی۔ حکام نے بتایا مبینہ حملہ آور کے خلاف اقدام قتل کے تناظر میں تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

[pullquote]جرمنی نے نیٹو کی انتہائی سریع الحرکت ٹاسک فورس کی کمان سنبھال لی[/pullquote]

وفاقی جرمن فوج نے آج یکم جنوری سے مغربی دفاع اتحاد نیٹو کی انتہائی سریع الحرکت ٹاسک فورس کی کمان سنبھال لی ہے۔ یہ بات منگل کے روز برلن میں جرمن وزارت دفاع کی طرف سے بتائی گئی۔ نیٹو کے زمینی دستوں پر مشتمل اس ’سپر فاسٹ ری ایکشن فورس‘ کے دستوں کی تعداد اس سال قریب آٹھ ہزار ہو گی۔ ان میں سے چار ہزار فوجی جرمنی نے مہیا کیے ہیں۔ باقی نصف دستے فرانس، ہالینڈ اور ناروے کی طرف سے مہیا کیے گئے ہیں۔ نیٹو نے وی جے ٹی ایف نامی یہ مشترکہ ٹاسک فورس یوکرائن کا بحران شروع ہونے کے بعد قائم کی تھی۔

[pullquote]آئرش پاسپورٹ کے لیے درخواستیں دینے والے برطانوی شہریوں کی تعداد میں واضح اضافہ[/pullquote]

جمہوریہ آئرلینڈ کی شہریت حاصل کرنے کے لیے درخواستیں دینے والے برطانوی شہریوں کی تعداد میں واضح اضافہ ہوا ہے۔ ایسا برطانیہ کے یورپی یونین سے آئندہ اخراج یا بریگزٹ کے باعث ہو رہا ہے۔ ڈبلن میں وزارت خارجہ کے مطابق سن دو ہزار اٹھارہ میں ایسی درخواستوں کی تعداد ایک لاکھ تراسی ہزار رہی، جو ایک ریکارڈ ہے۔ ہر وہ برطانوی شہری، جو جمہوریہ آئرلینڈ یا شمالی آئرلینڈ میں پیدا ہوا یا جس کے ماں باپ یا ان کے بھی والدین کا تعلق آئرلینڈ سے ہو یا رہا ہو، وہ آئرلینڈ کی شہریت کے لیے درخواست دینے کا اہل ہوتا ہے۔ بریگزٹ پلان کے مطابق برطانیہ انتیس مارچ کو یورپی یونین سے نکل جائے گا۔

[pullquote]نواز شریف نے سزائے قید کے فیصلے کے خلاف اپیل کر دی[/pullquote]

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں قومی احتساب بیورو یا نیب کی ایک عدالت کے اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کے خلاف اپیل کر دی ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق سربراہ کو چوبیس دسمبر کو سعودی عرب میں العزیزیہ سٹیل ملز کے قیام سے متعلق کرپشن کے ایک مقدمے میں بدعنوانی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سات سال قید کی سزا سنا دی گئی تھی۔ نیب کی عدالت کے مطابق تین بار ملکی وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف یہ بتانے میں ناکام رہے تھے کہ ان کے خاندان نے العزیزیہ سٹیل ملز کیسے قائم کی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف ان کے وکیل خواجہ حارث نے ایک اپیل آج منگل کے روز دائر کر دی۔

[pullquote]مانچسٹر میں چاقو سے ’دہشت گردانہ حملہ‘، تین افراد زخمی[/pullquote]

برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں پیر اکتیس دسمبر کی رات چاقو سے مسلح ایک شخص نے حملہ کر کے کم از کم تین افراد کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے بتایا کہ یہ حملہ شہر کے وکٹوریہ اسٹیشن پر کیا گیا، جس میں زخمی ہونے والوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک پولیس اہلکار شامل ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آور کے اس اقدام کی وجہ ’دوسرے ممالک میں کیے جانے والے بم حملے‘ تھے۔ پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کی ایک دہشت گردانہ حملے کے طور پر چھان بین کی جا رہی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس شخص نے حملے کے وقت ’اللہ اکبر‘ کے نعرے بھی لگائے تھے۔

[pullquote]جرمنی میں کیش ٹرانسپورٹ کا شعبہ: ہزارہا کارکنوں کی ملک گیر ہڑتال[/pullquote]

جرمنی میں نقد رقوم کی محفوظ منتقلی کے ذمے دار مسلح ڈرائیوروں اور کارکنوں نے ملک گیر ہڑتال کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ ہڑتال بدھ دو جنوری سے شروع ہو کر آئندہ جمعے کے روز تک جاری رہ سکتی ہے۔ جرمنی میں اس شعبے کے ملازمین کی تعداد ساڑھے بارہ ہزار ہے۔ یہ کارکن مختلف بینکوں اور بڑے سٹوروں تک کیش ٹرانسفر کرتے ہیں۔ ملک کی سب سے بڑی ٹریڈ یونین ’وَیردی‘ کی طرف سے اس ہڑتال کا اعلان ان ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے لیے بات چیت کے پانچ مختلف دور ناکام رہنے کے بعد یکم جنوری کو کیا گیا۔

[pullquote]معروف بھارتی اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے[/pullquote]

بھارت میں بالی وُڈ کی فلمی صنعت کے معروف بزرگ اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد اکیاسی برس کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔ ان کا انتقال کینیڈا کے شہر ٹورانٹو کے ایک ہسپتال میں ہوا، جہاں وہ زیر علاج تھے۔ وہ ایک کامیاب سکرین رائٹر بھی تھے۔ ان کے بیٹے سرفراز خان نے بتایا کہ ان کی آخری رسومات کینیڈا ہی میں ادا کی جا رہی ہیں، جہاں ان کا خاندان آباد ہے۔ کابل میں پیدا ہونے والے قادر خان نے تین سو سے زائد فلموں میں اداکاری کرنے کے علاوہ ڈھائی سو کے قریب فلموں کے مکالمے بھی لکھے تھے۔

[pullquote]شامی خانہ جنگی میں گزشتہ برس بیس ہزار انسان مارے گئے[/pullquote]

کل پیر کے روز ختم ہونے والے سال دو ہزار اٹھارہ میں خانہ جنگی کے شکار ملک شام میں قریب بیس ہزار انسان مارے گئے۔ اس خانہ جنگی کا آغاز دو ہزار گیارہ میں ہوا تھا۔ مبصرین کے مطابق سالانہ بنیادوں پر پچھلے برس وہاں سب سے کم تعداد میں انسان ہلاک ہوئے۔ شامی اپوزیشن تنظیم سیریئن آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق ان تقریباﹰ انیس ہزار سات سو انسانوں میں سے قریب ساڑھے چھ ہزار عام شہری تھے، جن میں چودہ سو بچے بھی شامل تھے۔ دو ہزار سترہ میں شام میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تینتیس ہزار رہی تھی۔ مشرق وسطیٰ کی جنگ سے تباہ حال اس ریاست میں سب سے زیادہ ہلاکتیں دو ہزار چودہ میں ہوئی تھیں، جن کی تعداد 76 ہزار سے زائد بنتی تھی۔

[pullquote]بحیرہ روم میں 180 مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا[/pullquote]

مالٹا کے ساحل کے قریب بحیرہ روم میں ایک سو اسی مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا۔ مالٹا کی بحریہ کے مطابق ان میں سے ایک سو باون افراد لکڑی کی ایک بڑی کشتی میں سوار تھے، جو غیر محفوظ اور مسائل کا شکار تھی۔ اسی طرح ایک دوسرے امدادی آپریشن کے دوران اٹھائیس دیگر تارکین وطن کو کھلے سمندر سے بچا لیا گیا۔ قبل ازیں مالٹا کی بحریہ نے اتوار کے روز بھی قریب ستّر مہاجرین کی جانیں بچائی تھیں۔ اقوام متحدہ نے بحیرہ روم کی ریاستوں سے اپیل کر رکھی ہے کہ وہ ان دو جرمن امدادی بحری جہازوں کے لیے بھی اپنی بندرگاہیں کھول دیں، جن پر انچاس مہاجرین سوار ہیں۔

[pullquote]انسانوں کے لیے غلاموں کے سے حالاتِ زندگی ختم ہونا چاہییں، پوپ فرانسس[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے ویٹیکن سٹی کے پیٹرز اسکوائر میں منعقد ہونے والی ایک شبینہ مذہبی تقریب میں سال دو ہزار اٹھارہ کو الوداع کہتے ہوئے نئے سال دو ہزار انیس کا استقبال کیا۔ اس تقریب میں ہزارہا مسیحی عقیدت مندوں نے حصہ لیا۔ پاپائے روم نے اپنے خطاب میں دنیا کے بہت سے خطوں میں لاکھوں کروڑوں انسانوں کے لیے غلاموں کے سے حالاتِ زندگی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ صرف اطالوی دارالحکومت روم میں ہی بے گھر افراد کی تعداد دس ہزار سے زائد ہے، جو شدید سردی کے موجودہ موسم میں بھی اپنے سروں پر چھت سے محروم ہیں۔ پوپ نے کہا کہ بے گھر انسان بھی خدا کے بندے ہیں، جن کو درپیش انسانی وقار سے محروم ہو جانے کے خطرے سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے