بھارتی زیرانتظام جموں وکشمیر کے ضلع پلوامہ میں بم دھاکے کے نتیجے میں سنٹرل ریزرو پولیس (CPRF) کے 18اہلکارہلاک ہو گئے جبکہ 40 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے 15کی حالت تشویش ناک ہے۔ دھماکے کے نتیجے میں کئی گاڑیاں تباہ ہوگئیں ۔
یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب 70 CRPF کا کانوائے سری نگر جموں ہائی وے سے گزر رہا تھا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا۔بتایا جا رہا ہے کہ 70 CRPF کے قافلے میں 2500اہلکار شامل تھے۔ اس دھماکے کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں نے اونتی پورہ ، پلوامہ ، شوپیاں، کلگام اورسری نگر میں ہائی الرٹ جاری کر کے آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پلوامہ میں ہونے والے اس حملے کو ستمبر 2016کے اُڑی حملے کے بعد سب سے زیادہ تباہ کن قرار دیا جا رہا ہے۔ اڑی حملے میں 19بھارتی فوجی اہلکار مارے گئے تھے۔ بھارتی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کی ذمہ داری عسکریت پسند گروہ جیش محمد نے قبول کی ہے تاہم ابھی تک اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔