ہفتہ : 02 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]لائن آف کنٹرول پر فائرنگ، دو فوجیوں سمیت سات افراد ہلاک[/pullquote]

کشمیر کے متنازعے علاقے میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی اور پاکستانی فورسز کے مابین شدید فائرنگ کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجیوں سمیت سات افراد مارے گئے۔ پاکستانی فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اس تازہ کارروائی میں بھارتی فورسز نے دانستہ طور پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں تین ہلاکتیں بھارتی جبکہ چار پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں ہوئیِں۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

[pullquote]شمالی شام میں جہادیوں کے خلاف کارروائی بحال[/pullquote]

شمالی شام میں کرد فورسز کی قیادت میں فائٹرز نے اسلامک اسٹیٹ کے زیر قبضہ آخری علاقے باغہوز میں کارروائی بحال کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی حمایت یافتہ فورسز نے ہفتے کی صبح عراقی سرحد کے نزدیک واقع اس مقام پر نئی کارروائی شروع کر دی ہے۔ امدادی کاموں کے لیے گزشتہ کچھ دنوں سے اس ملیشیا نے وہاں کارروائی روک رکھی تھی۔ اطلاعات ہیں کہ اس کارروائی میں جہادیوں کی طرف سے سخت مزاحمت دکھائی جا رہی ہے۔ تاہم کرد فورسز اپنی پیش قدمی جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]الشباب کے خلاف کارروائی میں تیزی لائی جائے گی، موغادیشو حکومت[/pullquote]

صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں باغیوں کے ایک حملے میں کم ازکم بیس افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ اس حملے کے بعد الشباب کے جنگجوؤں کے ساتھ چوبیس گھنٹے تک جھڑپیں جاری رہیں۔ الشباب کے جنگجوؤں نے جمعرات کی شام عالمی وقت کے مطابق شام چھ بجے یہ حملہ کیا تھا۔ مسلم انتہا پسندوں کے اس حملے کے بعد حکومت نے خبردار کیا ہے کہ ان جہادیوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی پیدا کی جائے گی۔

[pullquote]برطانیہ کی طرف سے حزب اللہ کے عسکری ونگ کو ممنوعہ قرار دینے پر ایران کی مذمت[/pullquote]

ایران نے اس برطانوی فیصلے کی مذمت کی ہے، جس میں لندن حکومت نے حزب اللہ کے سیاسی ونگ کو ممنوعہ قرار دے دیا ہے۔ ہفتے کے دن تہران حکومت نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ ایک غلط اور غیر ذمہ درانہ‘ اقدام ہے۔ برطانوی حکومت کے فیصلے کے مطابق اب اس شیعہ تنظیم کی رکنیت حاصل کرنا یا اس کے لیے چندہ جمع کرنا ایک جرم ہو گا۔ برطانیہ نے اس لبنانی تنظیم کے عسکری دھڑے کو سن دو ہزار آٹھ میں کالعدم قرار دیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں سکیورٹی فورسز پر حملہ، تئیس افراد ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے ہیلمند کے ایک اعلیٰ اہلکار نے بتایا ہے کہ طالبان جنگجوؤں کے ایک حملے میں تئیس افراد مارے گئے ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان عمر زواک نے ہفتے کے دن بتایا کہ یہ حملہ سکیورٹی فورسز پر کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جمعے کو طالبان نے شوراب کیمپ پر حملہ کیا تو جھڑپ شروع ہو گئی، جو سترہ گھنٹے تک جاری رہی۔ انہوں نے کہا اس دوران سولہ طالبان جنگجو بھی مارے گئے۔ اس کارروائی میں جنگجوؤں نے خود کش حملے بھی کیے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]سعودی عرب نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کی شہریت منسوخ کر دی[/pullquote]

سعودی حکومت نے بتایا ہے کہ اسامہ بن لادن کے بیٹے حمزہ بن لادن کی شہریت منسوخ کر دی گئی ہے۔ یہ اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا، جب امریکی حکومت نے دہشت گرد نیٹ ورک القاعدہ میں فعال ہونے کے نتیجے میں حمزہ کے سر کی قیمت ایک ملین ڈالر مقرر کی ہے۔ حمزہ کی سعودی شہریت گزشتہ برس نومبر میں منسوخ کی گئی تھی تاہم اس کا اعلان اب کیا گیا ہے۔ امریکی حکومت کی رائے میں حمزہ بن لادن اب القاعدہ کی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس دوران وہ دو ہزار پندرہ سے لے کر اب تک امریکا اور اس کے مغربی اتحادیوں کے خلاف کئی بار دہشت گردانہ حملوں کی اپیلیں بھی کر چکا ہے۔

[pullquote]امریکا اور جنوی کوریا کا مشترکہ جنگی مشقیں منسوخ کرنے کا ارادہ[/pullquote]

امریکا اور جنوبی کوریا کی افواج بڑے پیمانے پر ہونے والی مشترکہ سالانہ جنگی مشقوں کو منسوخ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہیں۔ اس کی وجہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات میں بہتری کی کوششیں ہیں۔ ٹرمپ نے کچھ دن قبل ہی ہنوئے میں شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے ملاقات بھی کی تھی۔ اگرچہ یہ ملاقات بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گئی تاہم دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی کا عمل جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں آتشزدگی، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

جنوبی جرمنی میں ایک گھر میں ہفتے کی صبح ہوئی آتشزدگی کے نتیجے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ جرمن شہر نورمبرگ پولیس کے ترجمان نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ جس وقت اس گھر میں آگ لگی، اس وقت وہاں نو افراد موجود تھے۔ ابھی تک اس آتشزدگی کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ طبی ذرائع کے مطابق زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے تاہم ان کی حالت کے بارے میں کوئی خبر جاری نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]کم جونگ ان ویت نام سے وطن واپس روانہ[/pullquote]

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے اپنے دورہ ویت نام کے آخری دن انقلابی رہنما ہو چی من کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ ہفتے کے دن وطن روانگی سے قبل وہ غیر متوقع طور پر ہنوئے میں واقع من کے مزار پہنچ گئے۔ بعد ازاں وہ بذریعہ ٹرین واپس شمالی کوریا روانہ ہوئے۔ وہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سمٹ کے لیے ویت نام آئے تھے۔ تاہم یہ سمٹ بغیر کسی نتیجے کے ہی ختم ہو گئی۔ تاہم دونوں رہنماؤں نے مذاکراتی عمل جاری رکھنے کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]انڈونیشیا میں کان کنوں کے ریسکیو کا عمل جاری[/pullquote]

شمالی انڈونیشا میں واقع ایک کان میں پھنسے افراد کی بازیابی کی امید ختم ہوتی جا رہی ہے۔ سولا ویسی میں واقع سونے کی اس کان میں کان کنی کے دوران ہونے والے حادثے کی وجہ سے متعدد افراد اس میں دفن ہو کر رہ گئے ہیں۔ مسلسل چوتھے دن کی ریسکیو کارروائیوں کے بعد بروز ہفتہ حکام نے بتایا کہ اب کان میں پھنسے افراد کی آوازیں آنا بھی بند ہو گئی ہے۔ خدشہ ہے کہ کم از کم تین درجن کان کن ابھی تک محصور ہیں۔ حکام کے مطابق بیس کان کنوں کو بچایا جا چکا ہے جبکہ آٹھ لاشیں برآمد ہو چکی ہیں۔

[pullquote]دوما میں کیمیکل ہتھیار ’استعمال‘ کیے گئے، او پی سی ڈبلیو[/pullquote]

کیمیاوی ہتھیاروں کے عالمی ادارے نے کہا ہے کہ ایسے ’قابل فہم حقائق‘ ملے ہیں کہ گزشتہ برس شامی شہر دوما میں ہوئی جنگی کارروائیوں کے دوران زہریلی کلورین گیس کا استعمال کیا گیا تھا۔ مقامی ذرائع کے مطابق سات اپریل سن دو ہزار اٹھارہ کو ہوئے اس حملے میں چالیس افراد مارے گئے تھے۔ اس حملے کی تحقیقات کی مکمل چھان بین کے بعد جمعے کے دن اس ادارے نے کہا کہ ایسے شواہد ملے ہیں کہ اس کارروائی میں کیمیاوی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ اس ادارے کا یہ اختیارنہیں ہے کہ وہ یہ تعین کرے کہ یہ کیمیاوی ہتھیار کس نے استعمال کیے تھے۔

[pullquote]جرمنی میں کار سازی کی شرح میں قدرے کمی[/pullquote]

جرمن میں کار سازی کے شعبے میں رواں سال ملکی سطح پر پیداوار کم رہے گی۔ جرمن ایسوی ایشن برائے کار انڈسٹری VDA کے مطابق گزشتہ سال کے مقابلے میں دو ہزار انیس میں ملکی سطح پر کاروں کی پروڈکشن پانچ فیصد کم رہنے کا امکان ہے۔ تاہم غیر ممالک میں قائم جرمن کار ساز کارخانوں میں کاروں کی پروڈکشن میں تین فیصد کا اضافہ کیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ کار ساز اداروں نے ملکی اقتصادیات میں مندی کے علاوہ تجارتی اور ٹیکس سے متعلق خدشات کے باعث یہ فیصلہ کیا ہے۔

[pullquote]کشمیر کی لائن آف کنٹرول پر گولہ باری، چار کشمیری ہلاک[/pullquote]

پاکستانی اور بھارتی فورسز نے کشمیر کے متنازعہ علاقے میں ایک دوسرے پر گولہ باری کی ہے۔ حکام نے ہفتے کے دن بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر ہوئیں ان تازہ کارروائیوں میں چار کشمیری ہلاک جبکہ اتنے ہی زخمی ہوئے ہیں۔ بھارتی حکام کے مطابق پاکستانی فوج کے حملوں میں دو بچے اور ان کی ماں ہلاک ہوئی۔ ادھر پاکستانی حکام نے بتایا ہے کہ بھارتی گولہ باری میں ایک کشمیری مارا گیا۔ دونوں ممالک نے ایک دوسرے پر سن دو ہزار تین کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ چھبیس فروری کو بھارتی فضائیہ کی طرف سے پاکستان میں کارروائی کے بعد سے دونوں ممالک میں کشیدگی دیکھی جا رہی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے