نیب کی علیم خان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد، جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

لاہور: احتساب عدالت نے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق سینئر صوبائی وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے علیم خان کو احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جہاں ان کے مزید ریمانڈ کی استدعا کی۔

عدالت نے نیب کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر 18 مارچ تک کوٹ لکھپت جیل منتقل کرنے کا حکم دیا۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شعیب صدیقی نے احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عدالت کے حکم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ نیب نے عدالت میں علیم خان کا دوبارہ ریمانڈ مانگا تھا اور کہا تھا کہ انہوں نے کوئی جائیداد ظاہر نہیں کی جب کہ ایسے کوئی کاغذات نہیں جو علیم خان نے نیب کو نہیں دیے ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کرتے ہوئے علیم خان کو جیل بھیجنے کا حکم دیا، آج اللہ نے ہمیں عدالت میں سرخرو کیا ہے، انشاء اللہ علیم خان جلد رہا ہوں گے۔

شعیب صدیقی کا مزید کہنا تھا کہ ہم مشاورت کے بعد جلد عبدالعلیم خان کی درخواست ضمانت بھی دائر کریں گے۔

واضح رہے کہ نیب لاہور نے 6 فروری کو علیم خان کو آف شور کمپنی اسکینڈل اور آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش کے لیے طلب کیا تھا، جس کے لیے وہ نیب آفس پہنچے، جہاں انہیں حراست میں لے لیا گیا تھا۔

گرفتاری کے بعد علیم خان نے سینئر صوبائی وزیر بلدیات کی وزارت سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے