جمعہ : 22 مارچ 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]پیرس پولیس نے شانزے لیزے پر ’پیلی جیکٹ‘ والوں کے احتجاجی مظاہرے پر پابندی عائد کر دی[/pullquote]

فرانسیسی پولیس نے دارالحکومت پیرس کی معروف سڑک شانزے لیزے پر پیلی جیکٹ والوں کے احتجاجی مظاہرے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ گزشتہ ہفتے پیرس کی تاریخی شاہراہ شانزے لیزے پر واقع متعدد دکانوں میں لوٹ مار کی گئی اور کاروباری مقامات کو نقصان پہنچایا گیا۔ پولیس کے مطابق اس طرح کی صورتحال سے بچنے کے لیے کل ہفتہ تئیس مارچ کو حکومت مخالف مظاہرین کو شانزے لیزے پر مظاہرہ کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

[pullquote]ہنگری میں داعش کے ایک کارکن کو حراست میں لے لیا گیا[/pullquote]

ہنگری کے حکام نے داعش کے ایک رکن کو شام میں قتل و غارت میں ملوث ہونے کے الزام میں حراست میں لے لیا ہے۔ بودا پیسٹ کے دفتر استغاثہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق زیر حراست شخص نے سن 2016 میں ایک ہی خاندان کے تقریباﹰ بیس افراد اس لیے قتل کیا کیونکہ انہوں نے داعش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا تھا۔ استغاثہ نے مزید بتایا ہے کہ جرائم پیشہ کارروائیوں کی تحقیقات کرنے والی یورپی ایجنسی نے ہنگری کے حکام کے مبینہ شخص کے حوالے سے معلومات فراہم کی تھی۔ اس شامی شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔

[pullquote]بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں چھ افراد ہلاک[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں باغیوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان ہونے والی مسلح جھڑپوں میں کم از کم چھ افراد مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک چھ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔ اس بچے کی ہلاکت حجین نامی علاقے میں ہوئی۔ بھارتی فوج کے ترجمان کے مطابق حجین میں دو دن سے جاری جھڑپوں کا سلسلہ آج جمعہ بائیس مارچ کو ختم ہوگیا ہے۔ اس طویل جھڑپ میں دو مشتبہ باغیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بارامولا میں ہونے والی جھڑپ میں بھی دو عسکریت پسندوں کو ہلاک کیا گیا۔ اس جھڑپ میں ایک فوجی اور دو پولیس اہلکار زخمی بتائے گئے ہیں۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کی لبنان آمد[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو کویت اور اسرائیل کے دورے مکمل کرنے کے بعد لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ گئے ہیں۔ وہ ایسے وقت میں لبنان پہنچے ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گولان کی پہاڑیوں پر موقف میں اچانک تبدیلی سے خطے کے ممالک میں ناراضی پیدا ہو گئی ہے۔ پومپیو لبنان میں اپنے دو روزہ قیام کے دوران وزیراعظم سعد الحریری کے ساتھ ملاقات میں ایران نواز شیعہ سیاسی و عسکری تنظیم حزب اللہ کے کردار پر خصوصی توجہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ لبنان پہنچنے کے بعد امریکی وزیر خارجہ نے اپنی ملاقاتوں کا سلسلہ لبنانی وزیر داخلہ ریا الحسن سے ملاقات سے شروع کیا ہے۔

[pullquote]کرائسٹ چرچ حملے کے مقتولین کے لیے نیوزی لینڈ میں دو منٹ کی خاموشی[/pullquote]

نیوزی لینڈ میں آج جمعے کے دن کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کے پچاس مقتولین کے لیے دو منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ کے سرکاری ریڈیو اور ٹیلی وژن پر اذان جمعہ کو بھی نشر کیا گیا۔ کرائسٹ چرچ کی النور مسجد کے بالمقابل ہیگلی پارک میں بیس ہزار افراد نے جمع ہو کر خاموشی اختیار کی۔ اسی مسجد کے نمازیوں پر ایک آسٹریلوی شہری کی اندھا دھند فائرنگ سے بیالیس افراد مارے گئے تھے۔ اس موقع پر منعقد کی جانے والی خصوصی سوگواری تقریب میں نیوزی لینڈ کی خاتون وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن بھی موجود تھیں۔ یہ حملہ گزشتہ جمعے پندرہ مارچ کو کیا گیا تھا۔

[pullquote]گولان کی پہاڑیوں سے متعلق امریکی فیصلہ بین الاقوامی قانون کے منافی ہے، شام[/pullquote]

شامی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے گولان کی پہاڑیوں سے متعلق اپنے ملکی موقف تبدیل کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ اس امریکی فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ صیہونی قبضے کے ساتھ ساتھ جارحانہ اقدامات کی حمایت کا تسلسل ہے۔ شامی وزارت خارجہ کے ایک ذرائع نے ملکی نیوز ایجنسی سانا کو بتایا کہ گولان کی پہاڑیوں کے بارے میں امریکی موقف میں اچانک تبدیلی حقیقت میں بین الاقوامی رائے اور قانون کی توہین ہے۔ عرب لیگ نے بھی شامی موقف کی حمایت کرتے ہوئے اس امریکی فیصلے کو بین الاقوامی قانون کی حدود سے تجاوز قرار دیا ہے۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں انتخابات، انتخابی مہم قریب الاختتام[/pullquote]

تھائی لینڈ میں گزشتہ پانچ برسوں کے دوران ہونے والے پہلے انتخابات کی انتخابی مہم سے قبل آج جمعے کو تین بڑی سیاسی جماعتوں نے بڑی انتخابی ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ عام انتخابات اتوار چوبیس مارچ کو ہو رہے ہیں۔ فوج کی حامی سیاسی جماعت پالانگ پراچارت پارٹی (Palang Pracharat) نے موجودہ وزیراعظم اور ملکی فوج کے سابق سربراہ پرایت چَن اوچا کو وزیراعظم کے منصب کے لیے نامزد کیا ہے۔ رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق بڑی سیاسی جماعت پھیُو تھائی پارٹی کو سب سے زیادہ ووٹ حاصل ہونے کا قوی امکان ہے۔ اس سیاسی جماعت کو معزول کیے جانے والے وزیراعظم تھاکشن شیناوترا کی حامی ہونے کے الزام کا بھی سامنا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں دو امریکی فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں ایک فوجی آپریشن کے دوران کم از کم دو امریکی فوجی مارے گئے ہیں۔ نیٹو کے افغانستان میں جاری ریزولیوٹ اسپورٹ مشن نے آج جمعے کو جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں ان دونوں امریکی فوجیوں کی ہلاکت کے مقام اور وقت کی تفصیل بیان نہیں کی گئی ہے۔ قوی امکان ہے کہ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی شناخت چوبیس گھنٹوں کے بعد ظاہر کر دی جائے گی۔ نیٹو کے بیان میں واضح کیا گیا کہ امریکی فوجیوں کی شناخت فوری طور پر ظاہر نہ کرنے کی وجہ امریکی وزارت خارجہ کی پالیسی کا احترام ہے۔ رواں برس افغانستان میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد چار ہو گئی ہے۔

[pullquote]امریکی صدر کا مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر موقف تبدیل کرنے کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اُن کی حکومت مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں کو اسرائیل کا حصہ تسلیم کر لے گی۔ اس معاملے کو ایک دن قبل اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ساتھ زیر بحث لائے تھے۔ امریکی اور اسرائیلی حکام کے مطابق اس مناسبت سے واشنگٹن سے باضابطہ اعلان امکاناً اسرائیلی وزیراعظم کے اگلے ہفتے کے دوران شروع ہونے والے دورہٴ امریکا کے موقع پر ہو سکتا ہے۔ شام نے اس امریکی فیصلے کی مذمت کی ہے۔ ٹرمپ کے اس فصلے سے اسرائیل میں ہونے والے عام انتخابات میں وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی پوزیشن کو یقینی طور پر تقویت حاصل ہو گی۔ اسرائیل نے گولان کی پہاڑیوں پر سن 1967کی جنگ میں قبضہ کیا تھا۔

[pullquote]وسطی چین میں ایک شخص نے راہ گیروں پر کار چڑھا دی، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

وسطی چینی صوبے میں ایک شخص نے فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں پر کار چڑھا کر کم از کم چھ افراد کو ہلاک کر دیا۔ چینی حکومتی میڈیا کے مطابق ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں نے کار چڑھانے والے شخص کو گولی مار ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ صوبہ ہُوبئی کے شہر زاؤ یانگ میں رونما ہوا۔ مقامی پولیس کے مطابق راہ گیروں پر کار دانستہ طور پر چڑھائی گئی تھی۔ کار چڑھانے کے وجہ جاننے کے لیے تفتیشی عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ اس واقعے میں سات افراد زخمی بھی ہیں۔ چینی صوبے ہونان میں رواں برس جنوری میں راہ گیروں پر کار چڑھانے کے واقعے میں کم از کم پندرہ افراد کی موت ہوئی تھی۔

[pullquote]او آئی سی کا ہنگامی اجلاس، نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم کی شرکت[/pullquote]

نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ ونسٹن پیٹرز ترکی میں مسلم ممالک کی تنظیم او آئی سی کے بائیس مارچ کو ہونے والے ایمرجنسی سیشن میں شریک ہونے کے لیے ترکی پہنچ گئے ہیں۔ ترکی پہنچنے پر انہوں نے کہا کہ وہ ترکی میں قیام کے دوران اپنی تعزیت ترک عوام تک پہنچائیں گے۔ تنظیم برائے اسلامک تعاون کا یہ خصوصی اجلاس کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں طلب کیا گیا ہے۔ یہ اجلاس ترکی کے تاریخی شہر استنبول ہو رہا ہے۔ اس خصوصی وزرائے خارجہ کی سطح کے ہنگامی اجلاس سے ترک صدر رجب طیب ایردوآن بھی خطاب کریں گے۔

[pullquote]ویتنامی کشتی کے ڈوبنے پر ہنوئی حکومت کا چین سے احتجاج[/pullquote]

ویتنام نے بحیرہ جنوبی چین میں اپنی مچھلیاں پکڑنے والی کشتی کے ڈوبنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ویتنامی حکام کے مطابق مچھلیاں پکڑنے والی کشتی کا تعاقب سمندر میں تعینات چینی بحریہ کے ایک جہاز نے کیا تھا۔ ہنوئی سے وزارت خارجہ کے مطابق چینی نیوی کے جہاز نے اس کشتی کی جانب پانی کی گولیاں بھی چلائی تھیں۔ بتایا گیا کہ ماہی گیروں کی یہ کشتی تیزی سے واپسی کی جانب لوٹی تو ایک سمندری چٹان سے ٹکرا گئی۔ اس کشتی پر سوار تمام ماہی گیروں کو بچا لیا گیا تھا۔ دوسری جانب ایک ویتنامی امدادی ایجنسی کے مطابق کشتی کے ڈوبنے کی وجہ چینی نیوی کے جہاز کی ٹکر تھی۔

[pullquote]یونان: روسی قونصل خانے پر حملے کی کوشش[/pullquote]

آج جمعے کے دن ایک موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم حملہ آوروں نے یونانی دارالحکومت ایتھنز میں واقع روسی قونصل خانے پر دھماکا خیز مواد پھینکا ہے۔ پولیس نے دھماکا خیز مواد کو امکاناً ہینڈ گرینیڈ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہونے والا دھماکا بہت زوردار نہیں تھا۔ پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس واقعے میں کوئی بھی زخمی نہیں ہوا ہے۔ اس دھماکا خیز مواد پھینکنے کی ذمہ داری کسی گروپ یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔ روسی قونصل خانہ دارالحکومت ایتھنز کے نواحی علاقے چالانڈری میں واقع ہے۔ سن2016 میں ایسا ہی دھماکا خیز مواد فرانسیسی سفارت خانے پر بھی پھینکا گیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے