منگل : 11 جون 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]برطانیہ اور چین کے درمیان اقتصادی مذاکرات[/pullquote]

برطانیہ اور چین کے درمیان معاشی اور اقتصادی تعلقات کے حوالے سے براہ راست مذاکرات 17 جون کو ہوں گے۔ یہ بات برطانیہ کی وزارت خزانہ کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ برطانوی وزیر خزانہ فلپ ہیمنڈ کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چین جیسے ممالک کے ساتھ معاشی تعلقات برطانیہ کے عالمی مستقبل کے لیے اہم ہیں۔ بریگزٹ کے تناظر میں برطانیہ عالمی سطح پر اپنے تجارتی تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش میں ہے۔

[pullquote]بھارت کے لاپتہ طیارے کا ملبہ مل گیا[/pullquote]

بھارتی حکام کو اپنے اس طیارے کے ملبے کا سراغ مل گیا ہے جو تین جون سے لاپتہ تھا۔ سوویت ساختہ اے این 32 فوجی طیارہ تین جون کو اس وقت راڈار سے غائب ہو گیا تھا جب وہ ملک کی شمال مشرقی ریاست اروناچل پردیش کے اوپر محو پرواز تھا۔ اس طیارے پر بھارتی ایئرفورس کے 13 اہلکار سوار تھے۔ بھارتی ایئرفورس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک ٹویٹر پیغام کے مطابق تلاش کے کام میں مصروف ایک ہیلی کاپٹر کو مذکورہ طیارے کے ملبے کا سراغ 12000 فٹ کی بلندی پر ملا۔

[pullquote]ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا[/pullquote]

لندن میں خود ساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ کے بانی سربراہ الطاف حسین کو پولیس نے ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔ لندن پولیس کی ویب سائٹ کے مطابق پولیس نے ساٹھ برس سے زائد عمر کے ایک شخص کو شمال مغربی لندن میں ان کے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس شخص کو تقاریر کے ذریعے لوگوں کو جرائم کرنے پر اکسانے کے شبے میں گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کیس کی تحقیقیات کے لیے پولیس ان کے گھر کی تلاشی بھی لے رہے ہیں۔

[pullquote]مسلم لیگ نون کے اہم رہنما حمزہ شہباز شریف گرفتار[/pullquote]

پاکستان مسلم لیگ نون کے اہم رہنما اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف کو پاکستان کے قومی احتساب بیورو نے گرفتار کر لیا ہے۔ ان کی یہ گرفتاری ضمانت قبل از گرفتاری میں توسیع نہ ہونے کے بعد لاہور ہائیکوٹ کے احاطے سے عمل میں آئی۔ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زیادہ اثاثوں کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔ حمزہ شہباز کے والد شہباز شریف کے خلاف بھی رمضان شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے حوالے سے تحقیقات کا عمل جاری ہے۔

[pullquote]ایران نے نیویارک ٹائمز کے نمائندے کا صحافتی اجازت نامہ منسوخ کر دیا[/pullquote]

ایرانی حکام نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے تہران میں تعینات نمائندے کا صحافتی اجازت نامہ منسوخ کر دیا ہے۔ اخبار کے مطابق اس منسوخی کی کوئی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔ یہ پیشرفت ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان تناؤ عروج پر ہے۔ نیویارک ٹائمز نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کے نمائندے تھومس ایرڈبرنک Thomas Erdbrink کو جلد ہی کام کرنے کی اجازت دوبارہ دے دی جائے گی۔ اخبار کے مطابق ایرڈبرنک کا صحافتی اجازت نامہ رواں برس فروری میں منسوخ کیا گیا تھا۔

[pullquote]ترک پائلٹوں کو ایف-35 طیارے اڑانے سے روک دیا گیا[/pullquote]

امریکا کی ایریزونا ایئربیس پر ترک پائلٹوں کی ایف-35 لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت کا عمل روک دیا گیا ہے۔ یہ بات امریکی حکام کی طرف سے کہی گئی ہے۔ ترکی کی طرف سے روسی ایس 400 دفاعی میزائل نظام خریدنے کے فیصلے پر امریکا نالاں ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ یہ میزائل نظام امریکی ایف-35 طیاروں کے لیے خطرے کا سبب ہو گا۔ خیال رہے کہ ترکی امریکا سے یہ طیارے خریدنے کا معاہدہ کر چکا ہے تاہم واشنگٹن نے دھمکی دے رکھی ہے کہ روسی میزائل نظام خریدنے کی صورت میں یہ معاہدہ منسوخ کر دیا جائے گا۔

[pullquote]جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے ایرانی سپریم لیڈر خامنہ ای سے ملیں گے[/pullquote]

جاپانی وزیراعظم شینزو آبے رواں ہفتے ایران کا دورہ کر رہے ہیں جس کے دوران وہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات کا مقصد تہران اور واشنگٹن کے درمیان موجودہ تناؤ میں کمی لانے کی کوشش ہے۔ آبے کل بدھ کے روز ایران کے لیے روانہ ہوں گے۔ گزشتہ 41 برسوں کے دوران کسی جاپانی وزیر اعظم کا ایران کا یہ اوّلین دورہ ہو گا۔ جاپانی وزیراعظم جمعرات کے روز ایرانی صدر حسن روحانی اور سپریم لیڈر سے ملاقاتیں کریں گے۔

[pullquote]یورپی یونین عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا خواہاں[/pullquote]

یورپی یونین آئندہ پانچ برسوں میں سکیورٹی، اقتصادی نمو اور ماحولیات کے شعبوں میں بہتری لاتے ہوئے عالمی سطح پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کی خواہاں ہے۔ جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے یہ بات یورپی یونین کے ’اسٹریٹیجک ایجنڈا‘ کے مسودے کے حوالے سے بتائی ہے جس میں 2024ء کے لیے اہداف رکھے گئے ہیں۔ اس مسودے میں یورپی یونین کو زیادہ با اعتماد اور طاقتور بننے کے ساتھ ساتھ نئے ارکان کو خوش آمدید کہنے کی بھی بات کی گئی ہے۔ یہ دستاویز آئندہ ہفتے ہونے والی یورپی رہنماؤں کی ملاقات میں پیش کی جائے گی جس پر اس 28 رکنی بلاک میں تفصیلی بحث و تمحیص ہو گی۔

[pullquote]یونانی جزیرے کے قریب کشتی ڈوبنے سے کم از کم چھ افراد ہلاک[/pullquote]

یونانی جزیرے لیسبوس کے قریب سمندر میں مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے کے سبب کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ یونانی کوسٹ گارڈز کے مطابق اس کشتی کے 57 مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ بحیرہ روم کو پار کر کے یورپ پہنچنے کی کوشش میں رواں برس بڑی تعداد میں مہاجرین ہلاک ہو چکے ہیں۔ یونان میں اس وقت 70 ہزار کے قریب مہاجرین موجود ہیں جن میں سے زیادہ تر کا تعلق شام سے ہے۔

[pullquote]سعودی عرب نے حوثی باغیوں کے دو ڈرون حملوں کو ناکام بنا دیا[/pullquote]

سعودی فضائیہ نے گزشتہ روز دو ایسے ڈرونز کو مار گرایا جو یمن میں سرگرم حوثی باغیوں کی طرف سے بھیجے گئے تھے۔ یہ بات سعودی میڈیا کی طرف سے بتائی گئی ہے۔ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف کارروائی میں مصروف سعودی سربراہی میں قائم اتحاد کے مطابق ان ڈرونز کا ہدف خامس مشیت کا علاقہ تھا تاہم اس حملے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ حوثی باغیوں کی طرف سے قبل ازیں دعویٰ کیا گیا کہ انہوں نے خامس مشیت کے قریب سعودی ایئربیس کو نشانہ بنایا ہے۔

[pullquote]امریکا نے ایرانی انتباہ رد کر دیا[/pullquote]

امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی جانب سے واشنگٹن کو دی گئی دھمکیوں کو رد کر دیا ہے۔ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ایران یا تو ایک عام ملک کی طرح کا رویہ اختیار کرے یا پھر اپنی معیشت کو تباہ ہوتا ہوا دیکھتا رہے۔ جواد ظریف نے گزشتہ روز جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے ساتھ ملاقات میں امریکا پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ پابندیوں کے ذریعے ایران پر اقتصادی جنگ تھوپ رہا ہے اور یہ کہ اس جنگ کے حامی زیادہ دیر محفوظ نہیں رہ سکیں گے۔ ہائیکو ماس ایران کے ساتھ جوہری معاہدے کو بچانے کی کوشش میں ہیں۔

[pullquote]نیویارک میں ایک ہیلی کاپٹر ایک بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ[/pullquote]

نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ایک ہیلی کاپٹر ایک بلند عمارت سے ٹکرا کر تباہ ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اس واقعے میں پائلٹ ہلاک ہو گیا تاہم کوئی اور شخص ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔ متاثرہ عمارت کو خالی کرا لیا گیا۔ اس حادثے کی وجہ ابھی تک معلوم نہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بارش اور خراب موسم کے باعث پائلٹ ایمرجنسی لینڈنگ کرنا چاہتا تھا۔ نیویارک کے میئر بِل ڈے بلاسیو کے مطابق ایسے کوئی شواہد نہیں ملے، جن کی بنیاد پراسے دہشت گردی کا کوئی واقعہ قرار دیا جا سکے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے