لاہور: مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہےکہ وہ کوئی ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والے نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں۔
کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے کہا کہ عمران خان اور علیمہ خان کے خلاف ٹھوس چارجز موجود ہیں، ان کا جلد کڑا احتساب ہوگا۔
انہوں نے وزیراعظم پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان ایسا کھلاڑی ہے جسے تماشائی جلد اسٹیڈیم سے باہر پھینک دیں گے، ان کا بنی گالہ کرپشن کی دلدل میں پھنسا ہوا ہے، امپائر کی انگلی کی بات کرنے والے عمران خان کو شرم آنی چاہیے، وہ کھیل کے دوران ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کررہا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم عوامی مینڈیٹ سے آئے اور یہ عوامی مینڈیٹ سے محروم ہیں، میں ولی پیر یا قسمت کا حال بتانے والا نہیں لیکن عمران خان جلد انجام کو پہنچنے والے ہیں، عمران خان بے انتظامی اور نااہلی چھپانے کے لیے سابق حکومت پر الزام لگارہے ہیں، ان کی نااہلی نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔
نوازشریف نے مزید کہا کہ ہمارے دور میں بھارتی وزیراعظم خود چل کر پاکستان آئے، بھارتی وزیراعظم کو کسی نے حلف برداری میں بھی نہیں بلایا، ہم نے ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا کو پاکستان کی اہمیت کا اندازہ ہوا، جب کوئی خود اندر جانے والا ہوتا ہے تو وہ پہلے دوسرے کو اندر بھیجتا ہے، موجودہ حکومت بلاوجہ بڑے سیاستدانوں کو جیل بھیج رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئی ایم ایف کو خیر باد کہہ دیا تھا اور یہ ان کے سامنے جھک رہے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے بھرے ہوئے خزانے چھوڑے، موٹروے بنائیں، ہم نے دہشت گردی اور مہنگائی کم کی، ملک میں بجلی بجلی کردی، عمران خان کہتے تھے خود کشی کرلوں گا آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، انہوں نے خود کشی تو نہیں کی مگر قوم کو خود کشی پر مجبور کردیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر کنٹرول میں رہا اور غیر ملکی ذخائر بڑھے، تیل کی قیمت کم ہوئی، ہمارے دور میں ترقی کی شرح 5 اعشاریہ 8 فیصد تک پہنچ چکی تھی، اب ان کے دور میں ترقی کی شرح 4 فیصد بھی نہیں رہی، عمران خان سلیکٹڈ وزیراعظم نہ ہوتے تو آج ملک کی حالت بہتر ہوتی، انہوں نے 10 ماہ میں قوم کو مایوس کردیا، ہمارے دور میں ضروریات زندگی کی ہر چیز سستی تھی لیکن آج عوام کی چیخیں نکل رہی ہیں۔