[pullquote]امریکی ڈرون کی جانب سے ایرانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کے ثبوت ہیں، روس[/pullquote]
امریکی ڈرون طیارے کی تباہی کے معاملے میں روس نے ایرانی موقف کی تائید کر دی ہے۔ روسی مشیر برائے قومی سلامتی نکولائی پاتروشیف کے مطابق امریکی ڈرون کی جانب سے ایران کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے کے شواہد موجود ہیں۔ یہ بیان انہوں نے یروشلم میں اپنے امریکی اور اسرائیلی ہم منصبوں سے ملاقات کے دوران دیا۔ ایران نے گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز کی آبی گزر گاہ کے قریب ایک امریکی ڈرون مار گرایا تھا۔ واشنگٹن نے کہا تھا کہ ڈرون کو بلاجواز نشانہ بنایا گیا ہے۔
[pullquote]یورپی یونین اور ویتنام کے مابین تجارتی معاہدے کی منظوری[/pullquote]
يورپی یونین کی رکن ریاستوں نے ویتنام کے ساتھ ایک تجارتی معاہدے کی منظوری دے دی ہے۔ حکام نے بتایا ہے کہ اس معاہدے کے بعد تقریباً تمام اشیاء پر کسٹم ڈیوٹی ختم کر دی جائے گی۔ ویتنام جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم آسیان کے رکن ممالک میں سنگاپور کے بعد یورپی یونین کا دوسرا بڑا تجارتی ساتھی ہے۔ یورپی اتحاد اور ویتنام کے مابین سالانہ تجارتی حجم چون ارب یورو کے برابر بنتا ہے۔ اس معاہدے کی یورپی پارلیمان سے منظوری ہونا ابھی باقی ہے۔
[pullquote]برطانیہ کے نئے وزیر اعظم کے نام کا اعلان تیئیس جولائی کو[/pullquote]
برطانیہ کے آئندہ وزیر اعظم کے نام کا اعلان تیئیس جولائی کو کیا جائے گا۔ یہ بات لندن میں حکمران قدامت پسندوں کی ٹوری پارٹی کی طرف سے منگل کے روز بتائی گئی۔ موجودہ وزیر اعظم ٹریزا مے کے جانشین کے طور پر انتخاب کے لیے اب بورس جانسن اور جیریمی ہنٹ کی صورت میں صرف دو امیدوار میدان میں ہیں۔ نئے وزیر اعظم کا انتخاب ٹوری پارٹی کے ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب ارکان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے کریں گے۔ یہ وو ٹنگ بائیس جولائی کو مکمل ہو گی اور اگلے ہی روز نئے سربراہ حکومت کے نام کا اعلان کر دیا جائے گا۔
[pullquote]جاپان میں جی ٹوئنٹی سمٹ: ٹرمپ پوٹن اور شی سے بھی ملیں گے[/pullquote]
امریکی صدر ٹرمپ اسی ہفتے جاپان میں ہونے والی جی ٹوئنٹی سمٹ کے حاشیے پر کئی عالمی رہنماؤں سے انفرادی ملاقاتیں بھی کریں گے۔ واشنگٹن میں حکام نے بتایا کہ صدر ٹرمپ اس دوران روسی صدر پوٹن اور چینی ہم منصب شی جن پنگ سے بھی ملیں گے۔ اس کے علاوہ ڈونلڈ ٹرمپ جرمن چانسلر میرکل، ترک صدر ایردوآن اور بھارتی وزیر اعظم مودی سے ملنے کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔ اوساکا میں بیس ممالک کی یہ دو روزہ سمٹ جمعے کو شروع ہو کر ہفتے کو ختم ہو گی۔
[pullquote]میانمار: راکھین میں ملین سے زائد انسانوں کے لیے انٹرنیٹ کی سہولت معطل[/pullquote]
میانمار میں حکومت کی ہدایت پر ایک ملین سے زائد شہریوں کو انٹرنیٹ کی سہولت معطل کر دی گئی ہے۔ ینگون سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق ایسا نوبل امن انعام یافتہ خاتون سیاستدان اونگ سان سوچی کی پارٹی کی حکومت کی ہدایت پر کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ روہنگیا مسلم اقلیت سے متعلق بحران کی وجہ سے میڈیا کی سرخیوں کا موضوع رہنے والی ریاست راکھین میں ان ایک ملین سے زائد انسانوں کو انٹرنیٹ کی سہولت گزشتہ جمعے سے مسلسل معطل ہے۔
[pullquote]اسرائیل نے غزہ کے واحد بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی[/pullquote]
اسرائیل نے غزہ پٹی کے فلسطینی علاقے میں قائم واحد بجلی گھر کو ایندھن کی فراہمی روک دی ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ غزہ سے عسکریت پسند فلسطینی ابھی تک آتش زنی کے لیے غبارے اسرائیل کی طرف چھوڑ رہے ہیں۔ فلسطینی علاقے سے آتشیں بموں کو غباروں کے ساتھ باندھ کر اس لیے اسرائیل کی طرف چھوڑا جاتا ہے کہ وہ جہاں گریں، وہاں آگ لگ جائے۔ غزہ کو ایندھن کی فراہمی کے ذمے دار اسرائیلی محکمے نے کہا کہ غزہ کے بجلی گھر کو فی الحال کوئی ایندھن مہیا نہیں کیا جائے گا۔ اس فیصلے سے غزہ کے تقریباﹰدو ملین فلسطینیوں کے لیے توانائی کی فراہمی کی صورت حال مزید ابتر ہو جائے گی۔
[pullquote]شمالی کوریا کے خلاف بین الاقوامی پابندیاں: خلاف ورزی نہیں کی، چینی بینک کا موقف[/pullquote]
چین کے ایک بہت بڑے مالیاتی ادارے نے کہا ہے کہ اس نے شمالی کوریا کے خلاف اقوام متحدہ کی طرف سےعائد کردہ پابندیوں کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی۔ چائنہ مرچنٹس بینک کی طرف سے منگل کے روز کہا گیا کہ اس کے خلاف ایسے کسی الزام میں کوئی چھان بین بھی نہیں کی جا رہی۔ کل پیر کے روز امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے لکھا تھا کہ چائنہ مرچنٹس بینک چین کے ان تین بڑے بینکوں میں سے ایک تھا، جن کے خلاف پابندیوں کی مبینہ خلاف ورزیوں کے سلسلے میں تحقیقات جاری تھیں۔