زردہ بنانے، زیادہ مقدار میں بریانی، پلاؤ یا کسی اور قسم کا چاول بنانے کے لیے سیلا چاول کا انتخاب کیا جاتا ہے کیونکہ یہ ٹوٹتا نہیں اور جڑتا بھی نہیں ہے۔
سیلا چاول کے بارے میں اتنا تو معلوم ہے لیکن کیا یہ معلوم ہے کہ سیلا چاول کہاں اگتا ہے؟ جواب ہوگا کھیتوں میں یا زمین میں جب کہ ایسا نہیں ہے، سیلا چاول اگتا نہیں ہے اسے تیار کیا جاتا ہے۔
قدیم زمانے میں سیلا چاول محدود پیمانے پر گھروں پر بھی تیار کیا جاتا تھا لیکن تجارتی بنیادوں پر سیلا چاول کو فیکٹریوں میں لگے ہوئے پلانٹس میں تیار کیا جاتا ہے۔
ان پلانٹس میں چھلکا (جسے عرف عام میں پھوک بھی کہا جاتا ہے) اتارے بغیر چاول کو مقررہ مدت کے لیے ابالا جاتا ہے۔
ابالے گئے چاولوں کو بھاپ کے ذریعے بالکل خشک کر لیا جاتا ہے، یہی خشک ہوئے نمی کے بغیر چاولوں کو ‘سیلا چاول’ کہا جاتا ہے۔
یہ چاول جلدی پک جاتے ہیں اور آپس میں نہ جڑتے ہیں اور نہ ہی ٹوٹتے ہیں۔کیونکہ بھوسی کے اندر موجود غذائی اجزاء کو چاول جذب کر لیتا ہے، یوں عام چاول سے زیادہ غذائیت والا ہو جاتا ہے۔
سیلا چاول کی غذائیت کو زیادہ تر نظر انداز کر دیا جاتا ہے اور صرف اس کی نہ ٹوٹنے اور نہ چپکنے کی خصوصیت کو یاد رکھا جاتا ہے۔
عموماً گھروں میں عام استعمال کے لیے سیلا چاول کا انتخاب نہیں کیا جاتا، اسے صرف زردے اور دیگوں تک محدود رکھا جاتا ہے۔