شاہی جوڑے کے اسلام آباد میں سیر سپاٹے

پاکستان کے چار روزہ دورے پر آئے شاہی جوڑے کے اسلام آباد میں سیر سپاٹے جاری ہیں۔

سب سے پہلے برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن نے یونیورسٹی کالونی اسلام آباد میں ماڈل کالج فار گرلز کا دورہ کیا جہاں طالبات سے ملاقات کی، اس دوران شاہی جوڑے نے کالج کے مختلف حصے دیکھے اور ریاضی کی کلاس کا جائزہ بھی لیا۔

اس موقع پر کالج انتظامیہ نے شاہی جوڑے کو پاکستان میں تعلیمی نظام سے آگاہ بھی کیا۔

گرلز کالج کے دورے پر شہزادی کیٹ مڈلٹن نے مشرقی لباس کا انتخاب کرتے ہوئے نیلے رنگ کا خوبصورت قمیض شلوار اور دوپٹہ زیب تن کیا جو مقامی ڈیزائنر ماہین خان کا ڈیزائن کردہ ہے۔

نیلے رنگ کے مشرقی لباس میں شہزادی انتہائی دلکش دکھائی دیں جنہوں نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی۔

بعدازاں شاہی جوڑا مرگلہ ہلز پہنچا جہاں وہ دلکش نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔

شاہی جوڑے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور وہ کچھ ہی دیر میں دورہ ٹریل فائیو، ماحولیاتی تحفظ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ شاہی جوڑا آج صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔

شاہی جوڑے کی پاکستان آمد سے متعلق وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے ٹوئٹر پر جاری بیان میں کہا کہ برٹش ائیر ویز کی بحالی کے بعد شاہی جوڑے کی پاکستان آمد نئے ،روشن اور پرعزم پاکستان کی آئینہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاک برطانیہ تعلقات کی مضبوطی سمیت دنیا بھر میں ملک کے حقیقی اور مثبت تشخص کو اجاگر کرے گا، پاکستان سیاحوں کے لیے حسین اور پرکشش منزل بن کر ابھر رہا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان عظیم ثقافتی ورثے کا امین اور قدیم تہذیب کا مسکن ہے، یہاں کے تاریخی مقامات اورشمالی علاقہ جات کی مسحورکن خوبصورتی سرزمین پاکستان کو منفرد بناتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے عوام شاہی مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہیں، امیدہے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ خوبصورت یادیں اپنے ساتھ لے کر جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز برطانوی شاہی جوڑا خصوصی طیارے کے ذریعے نور خان ائیربیس پر پہنچا تھا جہاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا۔

برطانوی شاہی جوڑے کی آمد کے موقع پر ان کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، راولپنڈی اور لاہور میں رکشوں کو خیر مقدمی پینٹنگز سے سجادیا گیا ہے۔

شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن 16 اکتوبر کو لاہور جائیں گے جہاں وہ لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد کا دورہ کریں گے اور ایک ایس او ایس ویلج کا بھی دورہ کریں گے، دورہ لاہور کے دوران شاہی مہمان نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے۔

برطانوی شاہی مہمان 17 اکتوبر کو چترال جائیں گے جہاں ایک روز گزارنے کے بعد 18 اکتوبر کو دوپہر ڈیڑھ بجے وہ وطن واپس روانہ ہوں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے