بھارتی دعووں کی قلعی کھولنے کیلئے غیر ملکی سفارتکاروں کا ایل او سی کا دورہ

بھارتی جھوٹے دعووں کا پول کھولنے کے لیے غیر ملکی سفارت کار وں کو آج لائن آف کنٹرول کا دورہ کر ایا جا رہا ہے۔

غیر ملکی سفیروں، ہائی کمشنر کو آزاد کشمیر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروانے کے لیے وادی نیلم پہنچا دیا گیا ہے جس کے بعد وہ ایل او سی کے جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹرز کا دورہ کریں گے۔

وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک اور ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل بھی ایل او سی کا دورہ کرنے والے غیر ملکی سفیروں کے ہمراہ ہیں۔

غیر ملکی سفراء کی آمد سے قبل ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ بھارتی آرمی چیف کا دعویٰ صرف دعویٰ ہی رہ گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کوئی بھی ایل او سی کے دورے میں شریک نہیں ہوا اور نہ ہی انہوں نے مبینہ ’لانچ پیڈ’ کے حوالے سے کسی قسم کی معاونت کی۔

خیال رہے کہ پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے تمام سفارت کاروں کو بھارت کی طرف سے ہفتہ کی شب اور اتوار کو بلا اشتعال بھارتی فائرنگ سے متاثرہ علاقوں کے معائنے کے لیے آج کنٹرول لائن کے دورے کی دعوت دی تھی۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ کہا بھارت کے پاس اپنے آرمی چیف کا جھوٹا دعویٰ ثابت کرنے کے لیے کچھ نہیں، غیر ملکی سفارت کاروں اور میڈیا کے دورے سے زمینی حقائق سب کے سامنے آ جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کے ناظم الامور کو بھی غیر ملکی سفارتکاروں کے سامنے اپنی فوج کے سربراہ کے دعوے کو ثابت کرنے کی دعوت دی گئی کیونکہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو پاکستان27 فروری کی طرح ردعمل ظاہر کرے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق دعوت نامے میں اسلام آباد میں تمام سفارتی مشنز کے سربراہان کو کنٹرول لائن پر جورا، شاہ کوٹ اور نوسہری سیکٹر کا دورہ کرنے اور زمینی صورتحال کا مشاہدہ کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

دوسری جانب وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارت کی ہٹ دھرمی پر کہا کہ کا بھارت کا بیانیہ پِٹ رہا ہے، اُس کی ساکھ دنیا بھر میں متاثر ہو رہی ہے، بھارتی الزام تراشی پر دنیا کو نوٹس لینا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آبی جارحیت کی طرف بڑھ رہا ہے، اس معاملے پر دفتر خارجہ میں آج اجلاس ہوگا اس کے علاوہ نریندر مودی کی ہریانہ کی تقریر کا مناسب جواب دیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے