مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی ۔ف) کا آزادی مارچ اپنے سفر کے تیسرے روز ملتان سے لاہور کی جانب رواں دواں ہے۔
روانگی سے قبل شرکاء سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ اس حکومت کے پاس مینڈيٹ نہیں ہے ، مینڈيٹ وہ ہے جو یہاں نظر آر ہا ہے ، یہ ایک مقدس جہاد ہے ، اسلام آباد اس لیے جارہے ہیں تاکہ سب کو بتادیں یہ جعلی حکمران ہیں ، تاجر ہڑتال کررہے ہیں انہیں بھی کہتا ہوں ہم ان کے ساتھ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے تحفظ کی جنگ لڑرہے ہیں ، ان کے آئينی حق کو چھیڑا گیا تو حکمران ذمہ دار ہوں گے ۔
اس موقع پر سینیئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ نظر آئے۔
آخری اطلاعات کے مطابق آزادی مارچ کا یہ قافلہ اوکاڑہ پہنچ چکا ہے جس کے بعد یہ کاررواں لاہور میں پڑاؤ کرے گا۔
خیال رہے کہ جمعیت علمائےاسلام کےسربراہ مولانافضل الرحمان کی قیادت میں اتوارکوکراچی سےشروع ہونے والا آزادی مارچ سندھ کے مختلف شہروں سے ہوتا ہوا رات گئےسکھر پہنچا تھا۔ پیر کی صبح آزادی مارچ کا قافلہ پنوعاقل اور گھوٹکی سے ہوتا ہوا رحیم یار خان کے راستے پنجاب میں داخل ہوا۔ قافلہ بہاولپوراور لودھراں کے راستے علی الصبح 4 بجے ملتان پہنچا۔
بلوچستان سےآنے والے قافلے بھی آزادی مارچ کے مرکزی قافلے میں شامل ہوگئے۔ قافلے کے شرکاء نے رات فاطمہ جناح کالونی میں قیام کیا ، صبح کے وقت کارکن ناشتے کی تیاری میں مصروف دکھائی دیے، ۔قافلے کے قریب عارضی دکانیں بھی سج گئی ہیں جہاں نان چنے اور دیگرکھانے پینے کے اشیاء موجودہیں ۔
ناشتےکےبعدقافلے کے شرکانےسامان سمیٹاا ور لاہور کی جانب روانہ ہوگئے۔
مولانا فضل الرحمان پر حملے کا خطرہ
محکمہ داخلہ پنجاب نے جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان پر حملے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے۔
پروونشل انٹیلی جنس سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے مولانا فضل الرحمان کی زندگی کو خطرے سے متعلق تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے جس سے حکومت پنجاب کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
تھریٹ الرٹ کے مطابق مولانا فضل الرحمان پر بھارتی خفیہ ایجنسی’را‘ اور افغان ایجنسی ’این ڈی ایس‘ جان لیوا حملہ کرسکتے ہیں۔
تھریٹ الرٹ میں بتایا گیا ہےکہ ’را‘ اور ’این ڈی ایس‘ نے ٹارگٹ کلرز سے رابطہ کر لیا ہے جب کہ سینٹر ہوم ڈیپارٹمنٹ نے اس حوالے سے مولانا فضل الرحمان کو بھی آگاہ کردیا ہے۔
یاد رہے کہ آزادی مارچ کے شرکاء 31 اکتوبر کو اسلام آباد میں داخل ہوں گے جہاں معاہدے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) ایچ 9 کے اتوار بازار کے قریب گراؤنڈ میں جلسہ کرے گی۔