اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ ف) کی قیادت میں اپوزیشن جماعتوں کے آزادی مارچ کا آج چھٹا روز ہے اور شرکاء بدستور ایچ نائن گراؤنڈ میں موجود ہیں۔
اسلام آباد میں رات گئے گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور تیز ہواؤں کے باعث موسم سرد ہو گیا جس نے آزادی مارچ کے شرکاء کی مشکلات میں اضافہ کر دیا ہے۔
تیز ہوائیں چلنے سے ایچ نائن کے میٹرو ڈپو گراؤنڈ میں موجود شرکاء کے کئی خیمے بھی اکھڑ گئے جب کہ کچھ شرکاء نے اسلام آباد پولیس کی جانب سے لگائے گئے کنٹینرز میں ہی پناہ لے لی۔
جلسہ گاہ کی انتظامیہ کی جانب سے کہا گیا کہ جن شرکاء کے پاس بارش سے بچاؤ کا انتظام نہیں وہ کشمیر ہائی وے میٹرو اسٹیشن میں قیام کریں۔
وفاقی وزیر علی زیدی کا ردعمل
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے ٹوئٹر پر کہا کہ دھرنے کے غریب شرکاء سرد موسم اور بارش برداشت کر رہے ہیں جب کہ آزادی مارچ کی قیادت گھروں میں آرام کر رہی ہے ، افسوس کا مقام ہے۔