پیپلزپارٹی نے آصف زرداری کو ذاتی معالج تک رسائی دینے کا مطالبہ کردیا۔
پیپلزپارٹی کی رہنما شیری رحمان نے ایک بیان میں کہاکہ حکومت آصف زرداری کو طبی ماہرین اور ذاتی معالج تک رسائی نہیں دے رہی، ان کی صحت دن بدن بگڑتی جارہی ہے۔
انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ آصف زرداری کی میڈیکل رپورٹس تک نہیں دی جارہیں اور ان کے علاج کیلئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہیں بٹھایا جارہا، حکومت ڈاکٹرزکی ہدایات کے باوجود آصف زرداری کی زندگی کے ساتھ کھیل رہی ہے لہٰذا حکومت ہوش سے کام لے، پھر ایسا نا ہوحکومت انتقام کی آگ میں خود ہی جل جائے۔
دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی پی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی صحت بری طرح گر رہی ہے، ان کی تشویشناک حالت سے متعلق ہم بار بار اپیل کرتے رہے۔
انہوں نے کہا کہ عدالتوں پر تحفظات کے باوجود عدالتوں ہی سے رابطہ کریں گے، ہم دوبارہ مطالبہ کررہےہیں آصف زرداری کو ڈاکٹرز سے ملنے دیاجائے۔
پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی مارچ میں حکومت کےخلاف اپنا لائحہ عمل طےکرلےگی، مولانا کے مارچ سے حکومت نہ گئی تو پیپلزپارٹی اس کا دھڑن تختہ کرے گی۔