سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کے لیے لندن پہنچ گئے

لاہور: سابق وزیراعظم نوازشریف علاج کی غرض سے لاہور سے لندن پہنچ گئے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف قطر ائیرلائنز کی پرواز A7MED کے ذریعے لاہور سے پہلے دوحہ اور پھر دوحہ سے لندن پہنچے۔

نواز شریف کو لے کر قطر ائیرویز کے طیارے نے صبح ساڑھے 10 بجے اڑان بھری جبکہ لندن میں طیارے نے پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 33 منٹ پر ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔

ائیرپورٹ سے نواز شریف اپنے بیٹے حسن نواز کے گھر روانہ ہوئے، پارک لین فلیٹس میں قیام کے بعد طبی معائنے کے لیے بدھ کو ہارلے اسٹریٹ کلینک جائیں گے۔

نواز شریف کے صاحبزادے حسن نواز کے فلیٹ میں نواز شریف کیلئے طبی سہولتوں سے آراستہ ایک کمرہ مخصوص کیا گیا ہے جس میں ضروری طبی آلات نصب کرنے کا عمل گزشتہ ہفتے سے جاری تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہارلے اسٹریٹ کی نجی کلینک میں پلیٹیلیٹس کے ماہرین نواز شریف کا معائنہ کریں گے، نواز شریف کے علاج کیلئے امریکا میں طبی ماہرین سے بھی مشاورت کا عمل جاری ہے، لندن میں طبیعت بہتر نہ ہونے پر نواز شریف کو فوری طور پر امریکا منتقل کیا جائے گا۔

میاں نوازشریف لاہور ائیرپورٹ جانے کے لیے سخت سیکیورٹی میں جاتی امرا سے روانہ ہوئے، اس موقع پر ان کی رہائش گاہ کے باہر موجود کارکنان نے نعرے بازی کی اور ان کی گاڑی پر پھول نچھاور کیے۔

ائیرپورٹ پہنچنے پر نوازشریف کی روانگی کے لیے امیگریشن کی کارروائی مکمل کی گئی جس کے بعد ان کا ائیرایمبولینس میں چیک اپ کیا گیا، چیک اپ کے وقت نواز شریف کے پلیٹیلیٹس کی تعداد 40 ہزار تھی۔

چیک اپ کے بعد ائیرایمبولینس نے تقریباً ساڑھے 10 بجے لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔

نوازشریف کے ہمراہ ان کے بھائی شہباز شریف اور ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان سمیت 7 افراد لندن روانہ ہوئے ہیں۔

سابق وزیراعظم کو لے کر ائیر ایمبولینس پہلے قطر کے شہر دوحہ پہنچی۔

سابق وزیراعظم نوازشریف کو لے کر ائیر ایمبولینس پاکستانی وقت کے مطابق تقریباً 2 بجکر 42 منٹ پر دوحہ پہنچی۔

نوازشریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے ٹوئٹر کے ذریعے بتایا کہ ائیرایمبولینس کی دوحہ میں ری فیولنگ ہوگی جس کے بعد فضائی اور طبی عملہ بھی تبدیل ہوگا، ری فیولنگ اور عملے کی تبدیلی کے بعد لندن روانہ ہوگی۔
ذرائع کا کہناہےکہ لندن میں نوازشریف کے صاحبزادے حسن نواز کی رہائش گاہ پر سابق وزیراعظم کے لیے ایک کمرہ بک کرلیا گیا جہاں نوازشریف ابتدائی طور پر قیام کریں گے۔

والدہ اور مریم نواز رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں
نوازشریف کی والدہ اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز سابق وزیراعظم کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔

سابق وزیراعظم کو لینے کے لیے آنے والی قطر ائیرویز کی جدید ترین سہولیات سے آراستہ ائیر ایمبولینس صبح پونے 9 بجے کے قریب لاہور کے علامہ اقبال ائیرپورٹ پہنچی تھی، ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے جب کہ اس میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف بھی موجود ہے، کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں ائیر ایمبولینس میں آپریشن بھی کیا جاسکتا ہے۔
ائیر ایمبولینس شریف فیملی کی جانب سے کرائے پرحاصل کی گئی ہے، ائیر ایمبولینس قطر کی ہے جو ائیر بس طیارے میں بنایا گیا ہے، ائیر ایمبولینس میں اسٹریچر کے علاوہ ڈاکٹرز اور پیرامیڈکس اسٹاف ہوتا ہے اور یہ ائیر ایمبولینس براہ راست لندن تک پرواز کرسکتی ہے۔

’نوازشریف کو اسٹرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئیں‘
نوازشریف کی روانگی سے قبل مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ائیرایمبولینس میں آئی سی یو اور آپریشن تھیٹر کی سہولت موجود ہے، سفر پر روانگی سے قبل ڈاکٹرز نے نواز شریف کا تفصیلی معائنہ کیا اور انہیں دوران سفر خطرات سے بچانے کےلیے اسٹیرائیڈز کی ہائی ڈوز دی گئی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے