وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ سی پیک پاکستان کی ترقی کا ضامن ہے اور منصوبے کے حوالے سے امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے۔
دو روز قبل امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ ایلس ویلز نے کہا تھا کہ چین مختلف ممالک کو ایسے معاہدے کرنے پر مجبور کر رہا ہے جو اُن کےمفاد میں نہیں ہیں۔
ایلس ویلز کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کو چین سے چائنا پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے کی شفافیت سمیت سخت سوالات کرنے ہوں گے۔
گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی اس حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ سی پیک کے خلاف بہت سازشیں ہوئی ہیں، امریکی حکومت شامل تھی یا نہیں یہ نہیں کہہ سکتا لیکن ایلس ویلس کا سی پیک سے متعلق تجزیہ حقیقت پر مبنی نہیں ہے۔
اب وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ سی پیک ہماری اولین ترجیح ہے، یہ عظیم راہداری پاکستان اور چین ہی نہیں بلکہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھولے گی۔
فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ ہماری اقتصادی ترقی کا ضامن ہے اور اس منصوبے کے حوالے سے امریکی خدشات سے اتفاق نہیں کرتے۔
انہوں نے کہا کہ چین ہمارا قریبی دوست ہے اور اس نے آزمائش کی ہر گھڑی میں ہمیشہ ڈٹ کر ساتھ دیا ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند اور سمندروں سے گہری پاک چین دوستی دنیا میں ایک مثال بن چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت اقتصادی زونز کے قیام سے عوام کے لیے خوشحالی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور چین سے لیے گئے کمرشل قرض میں آنے والے ماہ و سائل میں کمی نظر آئے گی۔