اسلام آباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عدلیہ، پارلیمنٹ، اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں۔
بلاول بھٹو سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر سید کلب حسن، پاکستان بار کونسل کے ممبر احسن بھون اور عابد ساقی نے ملاقات کی۔
ملاقات میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر نے الیکشن میں حمایت پر بلاول بھٹو زرداری کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کے اندر آئین و قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں لہٰذا انسانی حقوق اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لیے بار کونسلز کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ، پارلیمنٹ اور افواج پاکستان سمیت تمام ادارے اپنی آئینی حدود میں رہ کر فرائض سرانجام دیں، آئین و قانون کی حکمرانی سے ہی ملک کے مسائل حل ہوں گے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشنز جمہوری و آئینی بالادستی کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا اور اعلیٰ عدالت نے اب حکومت کو یہ معاملہ حل کرنے کیلئے کل تک کی مہلت دی ہے۔