جمعرات:28 نومبر 2019 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]قندوز حملے میں کم از کم پندرہ ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمال مشرقی صوبے قُندوز میں سڑک کنارے ایک بم دھماکے میں کم از کم پندرہ افراد مارے گئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں چھ عورتیں اور بچیاں شامل ہیں، جو ایک گاڑی میں شادی کی تقریب میں شرکت کے لیے جا رہی تھیں۔ یہ واقعہ بدھ کی شب پیش آیا۔ افغان حکام نے اس حملے کے لیے طالبان کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے دارالحکومت کابل میں اقوام متحدہ کے دفتر پر ایک گرینیڈ حملے میں پانچ افراد مارے گئے تھے، جن میں ایک غیر ملکی شہری بھی شامل تھا۔

[pullquote]دنیا بھر میں خسرے کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے، ڈبلیو ایچ او[/pullquote]

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کیا ہے کہ دنیا بھر میں خسرے کا مرض بڑھ رہا ہے کیونکہ متعدد ملکوں میں حکام اپنے شہریوں کو خسرے کے ٹیکے لگانے میں ناکام ہو رہے ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کی تازہ رپورٹ کے مطابق، اس سال اب تک دنیا بھر سے تقریباﹰ ساڑھے چار لاکھ کیسز رپورٹ ہوئے۔ افریقہ میں سب زیادہ کیس کانگو اور چاڈ سے سامنے آئے ہیں۔ لاطینی امریکا میں برازیل اور یورپ میں یوکرائن سے ہزاروں کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ جنوبی ایشیا میں پڑوسی ممالک کی نسبت پاکستان میں زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں۔ خسرہ ایک قابل علاج مرض ہے لیکن ویکسین نہ لگوانے کی صورت میں اس کے شکار افراد کی موت واقع ہو سکتی ہے۔

[pullquote]عراق: نجف میں ایرانی قونصلیٹ پر حملہ، ناصریہ میں دو ہلاک[/pullquote]

عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں حکومت مخالف مظاہرین پر سکیورٹی فورسز کی فائرنگ میں دو افراد مارے گئے ہیں۔ مزید بیس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات بھی ہیں۔ دارالحکومت بغداد اور عراق کے جنوبی شہروں میں گزشتہ دو ماہ کے پرتشدد مظاہروں میں تین سو سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔ گزشتہ روز بدھ کو مشتعل افراد نے نجف میں ایرانی قونصلیٹ کو آگ لگا دی تھی۔ ایرانی قونصل خانے پر ایک ماہ میں یہ دوسرا حملہ ہے۔ قبل ازیں کربلا میں بھی ایرانی قونصل خانے پر حملہ کیا گیا تھا۔ ایران نے عراقی حکومت سے حملہ آوروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ عراق میں بعض حلقے ایران پر ملک کے داخلی معاملات میں مداخلت کا الزام لگاتے ہیں۔

[pullquote]امریکا: ہانگ کانگ مظاہرین کی حمایت میں بل منظور[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہانگ کانگ کے مظاہرین کی حمایت میں ایک نئے قانون پر دستخط کر دیے ہیں۔ انسانی حقوق اور جمہوریت کے فروغ سے متعلق امریکی قانون کے تحت امریکا ہانگ کانگ میں جمہوری آزادیاں کچلنے کے مرتکب چینی حکام پر پابندیاں لگا سکے گا۔ چین نے امریکی اقدام پر سخت تنقید کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ وہ جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ چین کا الزام ہے کا امریکا اور یورپی ملک ہانگ کانگ میں جاری بدامنی کی حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔

[pullquote]ایران میں آٹھ مبینہ امریکی جاسوس گرفتار[/pullquote]

ایران کے سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے سے تعلق کے شبے میں آٹھ افراد کو حراست میں لیا ہے۔ ایران میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد ملک پرتشدد مظاہرے ہوئے، جن مین کئی لوگوں کی ہلاکتوں کی اطلاعات ہیں۔ ایران کا الزام ہے کہ ان مظاہروں کے پیچھے غیرملکی ہاتھ ہے۔ حکام کو خدشہ ہے کہ ان جھڑپوں کے بارے میں ملک کے اندر سے بعض عناصر نے معلومات اکٹھی کر کے باہر بھیجی تھیں۔

[pullquote]چینی اور سربیا کی انسداد دہشت گردی کی مشقیں[/pullquote]

سیربیا اور چین کی سکیورٹی فورسز انسداد دہشت گردی کی مشترکہ مشقوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ ان مشقوں میں دونوں ممالک کے خصوصی پولیس دستے شرکت کر رہے ہیں۔ سیربیا اور چین کے مابین گزشتہ برس سکیورٹی معاہدہ طے پایا تھا جس کے تحت انسداد دہشت گردی کی مشقیں کی جا رہی ہیں۔ ان مشقوں میں چینی کمپنی ہواوے کی جانب سے بنائے گئے خاص کیمرے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں، جس کو پولیس اہلکار گشت کے دوران چہرے کی شناخت کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ سکیورٹی ماہرین کے مطابق ان مشترکہ مشقوں سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ چین کا بلکان خطے میں اثر ورسوخ بڑھ رہا ہے۔

[pullquote]البانیہ زلزلے میں ہلاکتوں کی تعداد 39 ہو گئی[/pullquote]

البانیہ میں دو روز قبل شدید زلزلے میں ہلاک زدگان کی تعداد انتالیس ہو گئی ہے جبکہ چھ سو پچاس سے زائد افراد زخمی ہو ئے۔ حکام کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاہم اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ یورپی یونین نے اپنی امدادی ٹیم وہاں روانہ کر دی ہے جبکہ یونان، اٹلی اور ہنگری کی ٹیمیں پہلے ہی وہاں پہنچ چکی ہیں۔ زلزلے سے سب سے زیادہ دارالحکومت ترانا اور اس کا ساحلی شہر دراج متاثر ہوا ہے۔

[pullquote]نازی دور کا اسلحہ جمع کرنے والے شخص کو تین سال قید کی سزا[/pullquote]

جرمنی میں ایک عدالت نے نازی دور کا اسلحہ اور سامان جمع کرنے پر ایک شخص کو تین سال قید کی سزا سنائی ہے۔ شمالی شہر ہینوور میں پولیس نے اس شخص کے کمرے سے پچاس سے زائد نازی دور کے ہتھیار برآمد کیے، جن میں ہزاروں گولیاں اور ایک اینٹی ٹینک لانچر بھی شامل تھا۔ اس کے علاوہ پولیس کو ان کے کمرے سے ایک لاکھ یورو نقد رقم اور نازی دور کے پرچم اور میڈل بھی ملے۔ اطلاعات کے مطابق ملزم ایک دہائی سے زائد عرصے سے معاشرے سے الگ تنہائی کی زندگی بسر کر رہا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے