جمعرات : 30 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی میں حزب اللہ کالعدم قرار دے دی گئی[/pullquote]

جرمنی نے اسلامی تحریک حزب اللہ کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ پولیس نے جرمنی میں اس لبنانی شیعہ تحریک سے وابستہ چار گروپوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے بتایا ہے کہ اس تنظیم کی جرمنی میں تمام تر کارروائیاں ممنوع قرار دے دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متعدد جرمن صوبوں میں حزب اللہ سے منسلک افراد کے خلاف چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ زیہوفر نے کہا کہ کورونا بحران کے باوجود ملک میں قانون کا بول بالا رہے گا۔ ایک اندازے کے مطابق جرمنی میں تقریبا پندرہ سو پچاس افراد اس تنظیم سے وابستہ ہیں۔

[pullquote]جرمنی کی طرف حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دینے پر اسرائیل کا خیر مقدم[/pullquote]

اسرائیلی وزیر خارجہ اسرائیل کاٹز نے جرمنی کی طرف سے حزب اللہ کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے فیصلے کی ستائش کی ہے۔ عالمی سطح پر جاری انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کے تناظر میں انہوں نے اسے ایک انتہائی اہم اور معنی خیز فیصلہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں یورپی یونین اور دیگر یورپی ممالک کو بھی ایسا ہی کرنا چاہیے کیونکہ حزب اللہ کے تمام سماجی، سیاسی اور عسکری دھڑے دہشت گرد تنظیمیں ہیں اور انہیں اس طرح سے دیکھا جانا چاہیے۔

[pullquote]جرمنی کووڈ انیس سے نمٹنے کے لیے بھارت کی مدد کرے گا[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ٹیلی فون پر گفتگو میں کہا ہے کہ برلن حکومت نئے کورونا وائرس سے مقابلے کے لیے نئی دہلی حکومت کے ساتھ تعاون کر کے خوشی محسوس کرے گی۔ میرکل نے کہا کہ اس تناظر میں بھارت کو بیس ملین یورو کی امداد فراہم کی جائے گی۔ پانچ ملین یورو جرمن ترقیاتی تنظیم جی آئی زیڈ کے ذریعے خرچ کی جائے گی، جس میں طبی شعبے میں بہتری کے اقدامات شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ کے ایف ڈبلیو پندرہ ملین یورو کی رقوم فراہم کرے گا، جو ضروری طبی سامان کی خریداری میں استعمال کی جائیں گی۔ یہ امدادی پروگرام یونیسیف کے ساتھ شراکت میں پایہ انجام کو پہنچایا جائے گا۔

[pullquote]جاپان میں ہنگامی حالت میں توسیع کا امکان[/pullquote]

جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے نے کہا ہے کہ متعلقہ حکام سے مشاورت کے بعد فیصلہ کریں گے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جائے یا نہیں۔ نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کی وجہ سے جاپان میں سولہ اپریل سے ہنگامی حالت نافذ ہے، جو ممکنہ طور پر چھ مئی تک برقرار رہے گی۔ مقامی میڈیا کے مطابق آبے طبی حکام سے ملاقاتوں کے بعد اس ایمرجنسی میں مزید ایک ماہ کا اضافہ کر سکتے ہیں۔ جاپان میں کووڈ انیس کی وجہ سے 415 افراد ہلاک جبکہ چودہ ہزار کے قریب انفیکشن کا شکار ہو چکے ہیں۔

[pullquote]چین نہیں چاہتا کہ میں آئندہ الیکشن میں کامیاب ہوں، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ چین نہیں چاہتا کہ وہ دوبارہ صدر منتخب کر لیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بیجنگ حکومت کورونا وائرس کے بحران کو جس طرح ہینڈل کر رہی ہے، یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ انہیں آئندہ الیکشن میں ہرانے کی خاطر سب کچھ کر سکتی ہے۔ امریکی صدر اس عالمی وبا کے پھیلاؤ کی ذمہ داری چین پر عائد کرتے ہیں۔ امریکا میں اس وبا کی وجہ سے ساٹھ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ احتیاطی تدابیر اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے امریکی معیشت کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔ رواں سال نومبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخابات میں ری پبلکن صدر ٹرمپ کا مقابلہ ڈیموکریٹ سیاستدان اور سابق نائب صدر جو بائیڈن سے ہو گا۔

[pullquote]بالی ووڈ کے مقبول اداکار رشی کپور انتقال کر گئے[/pullquote]

بالی ووڈ کے مقبول اداکار رشی کپور انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی عمر سڑسٹھ برس تھی۔ وہ گزشتہ دو برسوں سے کینسر کے عارضے میں مبتلا تھے۔ ان کی موت پر بالی ووڈ کے ستاروں کی طرف سے شدید غم و افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ معروف بھارتی اسٹار امیتابھ بچن نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ اس خبر سے وہ ’تباہ‘ ہو گئے ہیں۔ گزشتہ روز ہی بالی ووڈ کے ستارے عرفان خان بھی انتقال کر گئے تھے۔ ان کی عمر تریپن برس تھی۔

[pullquote]کم جونگ ان کے بارے میں کچھ علم نہیں، پومپیو[/pullquote]

شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کی مبینہ بیماری یا موت کی خبروں پر تبصرہ کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ مائیکل پومپیو نے کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت اس بارے میں معلومات حاصل کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کم جونگ ان کے بارے میں انہیں کوئی علم نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ انیس کی وجہ سے اس کمیونسٹ ملک میں قحط کا خطرہ ہے۔ تاہم پیونگ یانگ حکومت نے ایسی عالمی خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ کم جونگ ان شدید علیل ہیں یا ان کا انتقال ہو گیا ہے۔

[pullquote]کورونا وائرس سے جرمنی میں مزید 173 ہلاکتیں[/pullquote]

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کووڈ انیس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں چودہ سو اٹہتر کا اضافہ نوٹ کیا گیا ہے جبکہ اس دوران اس بیماری کی وجہ سے مارے جانے والے افراد کی تعداد 178رہی۔ رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے جمعرات کے دن تازہ اعدادوشمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ اس عالمی وبا سے جرمنی میں متاثر ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ ساٹھ ہزار کے قریب پہنچ چکی ہے۔ دنیا بھر میں اس وائرس کا شکار ہونے والوں کی تعداد تیس لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ دو لاکھ آٹھ ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

[pullquote]نئے کورونا وائرس کے خلاف تجرباتی دوا کے مثبت اثرات[/pullquote]

امریکی سائنس دانوں نے نئے کورونا وائرس کے خلاف ایک ممکنہ پیش رفت کی نوید سنا دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس بیماری کے خلاف ایک اینٹی وائرل دوا کا مؤثر ردعمل نوٹ کیا گیا ہے۔ یہ دوا کچھ مریضوں کو تجرباتی بنیادوں پر دی گئی تھی، جس کے بعد ان افراد میں بہتری دیکھی گئی ہے۔ یوں عالمی سطح پر ایک امید پیدا ہو گئی ہے کہ جلد ہی اس وبا پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی۔ دنیا بھر میں سائنس دان کورونا وائرس کی ویکسین اور دوا بنانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔

[pullquote]گریٹا تھنبرگ نے انعام کی رقم عطیہ کر دی[/pullquote]

تحفظ ماحول کے لیے فعال کم سن سویڈش کارکن گریٹا تھنبرگ نے کووڈ انیس کی عالمی وبا کے دوران بچوں کے تحفظ کے لیے ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہیں یہ رقم ڈنمارک کی ایک فاؤنڈیشن کی طرف سے بطور تحفہ دی گئی تھی۔ تاہم انہوں نے یہ پیسے اقوام متحدہ کے بچوں کے فنڈ کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ سترہ سالہ تھنبرگ نے کہا کہ ماحولیاتی بحران کی طرح کورونا کی عالمی وبا بھی بچوں کے حقوق کے بحران کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھی اس صورتحال میں بچوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے کی بھرپور کوشش کرے۔

[pullquote]کورونا وائرس، جنوبی کوریا میں ہلاکتوں کی تعداد کم ترین سطح پر[/pullquote]

جنوبی کوریا میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے چار نئے کیس رپورٹ کیے گئے ہیں، جو گزشتہ دو ماہ کے دوران سب سے کم ہیں۔ جمعرات کے دن حکام نے بتایا کہ جنوبی کوریا میں مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 247 ہو گئی ہے جبکہ دس ہزار سات سو کے قریب افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس دوران نو ہزار سے زائد افراد اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔ جنوبی کوریا میں پندرہ فروری کے بعد سے مقامی سطح پر انفیکشن کا کوئی نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

[pullquote]فلپائن میں پھر آتشزدگی، مزید چھ افراد ہلاک[/pullquote]

فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں ایک رہاشی علاقے میں آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے جمعرات کے دن بتایا کہ اس حادثے میں چار افراد زخمی بھی ہوئے، جن میں ایک فائر فائٹر بھی شامل ہے۔ ابتدائی طور پر اس آتشزدگی کی وجہ الیکٹرک شارٹ سرکٹ کے باعث رونما ہوا۔ ضلع ٹونڈو میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران آتشزدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے