بدھ : 29 اپریل 2020 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کورونا وائرس سے متاترین کی تعداد 31 لاکھ سے بڑھ گئی[/pullquote]

نئے کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 31 لاکھ 27 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس نئے وائرس کے بارے میں اعداد وشمار جمع کرنے والی امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس وائرس کے سبب ہونے والی بیماری کووڈ انیس اب تک دو لاکھ 18 ہزار کے قریب انسانی جانیں لے چکی ہے۔ دوسری طرف اس بیماری سے عالمی سطح پر صحت یاب ہونے والوں کی تعداد بھی نو لاکھ 36 ہزار ہو گئی ہے۔ کورونا انیس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک بدستور امریکا ہے جہاں متاثرین کی مجموعی تعداد 10 لاکھ 13 ہزار کے قریب ہے جبکہ وہاں اس سبب اموات کی تعداد 58 ہزار چار سو تک پہنچ چکی ہے۔

[pullquote]جرمنی نے بین الاقوامی سفری انتباہ جون کے وسط تک بڑھا دیا[/pullquote]

جرمنی نے بین الاقوامی سفر سے متعلق اس وقت لاگو سفری انتباہ کی مدت 14 جون تک بڑھا دی ہے۔ جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس کے مطابق اس کا مقصد کورونا وائرس کی وباء میں کمی لانا ہے۔ ماس کے مطابق یورپ کی یہ سب سے بڑی معیشت گزشتہ چار ہفتوں کے دوران مختلف ممالک میں پھنسے اپنے 240,000 شہریوں کو وطن واپس لا چکی ہے۔

[pullquote]امریکا اپنی کارکردگی سے توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہا ہے، چین[/pullquote]

چین نے کورونا وائرس کی وبا کے حوالے سے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے جوابی طور پر امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے صدر ٹرمپ کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ امریکی سیاست دان اپنی خراب کارکردگی سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لیے چین پر الزام دھر رہے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے پیر کے روز کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں بیجنگ حکومت کے کردار پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔ صدر ٹرمپ نے یہ بھی کہا تھا کہ امریکا چین سے معاشی نقصانات کے ازالے کے لیے معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کرے گا۔

[pullquote]بھارت میں کووڈ انیس کے سبب اموات ایک ہزار سے تجاوز کر گئیں[/pullquote]

بھارت میں کورونا وائرس کے سبب اب تک 1007 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ اس انفیکشن سے متاثرین کی مصدقہ تعداد 31 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 73 افراد کی موت ہوئی جوکورونا وائرس کی وبا سے ایک دن میں ہلاک ہونے والوں کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔ وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن کے مطابق کووڈ۔انیس سے متاثر ہونے والے مریضوں کی تعداد دوگنا ہونے کی شرح میں گراوٹ آئی ہے اور اب 10.9 دنوں میں یہ تعداد دوگنا ہورہی ہے جبکہ اس ماہ کے اوائل میں یہ شرح چار دن تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت یاب ہونے والوں کی شرح 24.56 فیصد ہے اور اب تک 7696 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

[pullquote]دس ملین یورو مالیت کی منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی[/pullquote]

اطالوی حکام نے بحیرہ روم میں منشیات کی بڑی مقدار ملک میں اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ یورپی بارڈر ایجنسی فرونٹیکس کے مطابق بین الاقوامی بلیک مارکیٹ میں ان منشیات کی قیمت 10 ملین یورو سے زائد بنتی ہے۔ فرونٹیکس کی طرف سے جاری کی جانے والی ویڈیو فوٹیج میں دو تیز رفتار کشتیوں کو حکام کی جانب سے روکتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس اسمگلنگ کی کوشش کے بارے میں فرونٹیکس نے ہی اطالوی حکام کو خبردار کیا تھا۔ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا۔ حکام نے دو مشتبہ اسمگلرز کو گرفتار بھی کیا۔

[pullquote]یورپی یونین اور میکسیکو کے درمیان آزاد تجارت پر مذاکرات مکمل[/pullquote]

کورونا بحران کے دنوں میں یورپی یونین اور میکسیکو کے درمیان آزادانہ تجارت کے معاہدے پر بات چیت مکمل ہو گئی ہے۔ اس معاملے پر آخری متنازعہ معاملات بھی طے پاچکے ہیں جس کے بعد اس معاہدے کی توثیق کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ دو برس قبل یورپی یونین اور میکسیکو نے سال دو ہزار میں طے پانے والے معاہدے کی تجدید پر اتفاق کیا تھا جس کے بعد سے اس پر مذاکرات کا سلسلہ جاری تھا۔ لاطینی امریکا میں میکسیکو یورپی یونین کا سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے۔

[pullquote]ایتھوپین پولیس نے ہزاروں افراد کو بے گھر کر دیا[/pullquote]

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے ایتھوپین پولیس پر لوگوں کو بے گھر کرنے کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ ایتھوپین سکیورٹی اہلکاروں نے منصوبے کے تحت ہزاروں مزدوروں اور ان کے خاندانوں کی خیمہ بستیاں اور کچے مکان ختم کر دیے ہیں۔ قبل ازیں اپریل کے اوائل میں دارالحکومت ادیس ابابا میں خیمہ بستیاں ختم کر دی تھیں۔ ایمنسٹی کے مطابق ان اقدامات کے باعث ہزاروں افراد سردی اور بارش کے دنوں میں کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب ایتھوپین حکام نے اپنے اقدامات کا دفاع کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچی آبادیاں غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی تھیں۔

[pullquote]افغانستان: خود کش حملے میں تین افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ایک خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم تین افراد ہلاک اور پندرہ زخمی ہو گئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق حملہ آور نے کابل کے نواح میں سپیشل فورسز کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا۔ ہلاک ہونے والے تمام افراد سویلین تھے۔ اب تک اس حملے کی ذمہ داری کسی گروہ نے قبول نہیں کی تاہم کابل حکومت نے حملے کا الزام طالبان پر عائد کیا ہے۔ کچھ روز قبل ہی افغان وزیر دفاع اور افغانستان میں امریکی فورسز کے کمانڈر نے اس اڈے کا دورہ کیا تھا۔

[pullquote]بھارتی اداکار عرفان خان انتقال کر گئے[/pullquote]

بھارتی فلموں کے معروف اداکار عرفان خان انتقال کر گئے ہیں۔ عرفان طویل عرصے سے کینسر کے خلاف جنگ لڑ رہے تھے۔ ان کی موت کی تصدیق ان کے ایک ترجمان نے مختصر بیان میں کی ہے۔ عرفان خان لائف آف پائی اور دی نیم سیک جیسی ہالی وُڈ کی فلموں میں بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ چند روز قبل ہی عرفان کی والدہ بھی انتقال کر گئی تھیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے