[pullquote]جرمنی: کورونا پابندیوں کے خلاف مظاہرہ[/pullquote]
جرمنی میں ہزاروں افراد نے کورونا کی وبا کی وجہ سے حکومت کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف مظاہرے کیے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق دارالحکومت برلن کے الیگزانڈر پلاٹز پر ہونے والے مظاہرے کے دوران پولیس اور مظاہرین کے مابین تصادم بھی ہوا۔ اس کے علاوہ کولون، بریمن، شٹٹ گارٹ، ڈورٹمنڈ اور میونخ میں بھی لوگوں نے احتجاج کیا۔ مظاہرین سیاستدانوں اور شعبہ طب سے تعلق رکھنے والے افراد پر معاشرے میں افراتفری پھیلانے کا الزام عائد کر رہے تھے۔ اس کے علاوہ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ طویل عرصے سے جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے شہریوں کے حقوق بھی پامال ہوئے ہیں۔
[pullquote]کورونا کی وبا: جرمنی کی ایتھوپیا کے لیے مالی امداد[/pullquote]
جرمنی نے کورونا کی وبا کے روک تھام کی خاطر ایتھوپیا کے لیے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ ترقیاتی امور کے جرمن وزیر گیئرڈ مؤلر کے مطابق اس مقصد کے لیے ایتھوپیا کو 120 ملین یورو دیے جائیں گے۔ان کے بقول یہ رقم اس ملک کے طبی ڈھانچے کو توسیع دینے اور اسے مستحکم کرنے پر خرچ کی جائے گی۔ ایتھوپیا کی آبادی 110 ملین ہے اور یہاں پر صرف ڈیڑھ سو وینٹی لیٹرز ہیں۔ عالمی ادارہ صحت کا اندازہ ہے کہ ایک سال کے دوران براعظم افریقہ میں کورونا کے مریضوں کے تعداد تیس سے چالیس ملین ہو سکتی ہے۔
[pullquote]کوروناوائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار ملین سے تجاوز کر گئی[/pullquote]
دنیا بھر میں نئے کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد چار ملین سے تجاوز کر گئی ہے۔ امریکا کی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق اس عالمی وبا کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد دو لاکھ سات ہزار تین سو اکیس ہو چکی ہے۔ سب سے زیادہ اموات امریکا میں ہوئی ہیں، جہاں اب تک اٹھہتر ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ دوسرے نمبر پر برطانیہ ہے، جہاں ہلاک شدگان کی تعداد تیس ہزار سے بڑھ چکی ہے۔ پاکستان میں اب اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ساڑھے انتیس ہزار کے قریب ہے جب کہ اب تک اس وبا کے نتیجے میں 639 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
[pullquote]جنوبی کوریا میں کورونا کے 34 نئے کیسز[/pullquote]
جنوبی کوریا میں اتوار کے روز کورونا وائرس کے 34 نئے کیسز سامنے ہیں۔ جنوبی کوریا میں تیز رفتار اقدامات کے ذریعے اس وبا کے پھیلاؤ کو نہایت محدود کر لیا گیا تھا اور یہ پچھلے ایک ماہ میں پہلا موقع ہے کہ یہاں ایک دن میں تیس سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ کوریا کے مراکز برائے انسداد امراض کے مطابق اب جنوبی کوریا میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد دس ہزار ایک سو اٹھائیس ہو چکی ہے، جس میں سے نو ہزار چھ سو دس صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ یہاں اس وائرس کے نتیجے میں ہونے والی مجموعی ہلاکتیں دو سو چھپن ہو چکی ہے۔
[pullquote]وائٹ ہاؤس کی وائرس ٹاسک فورس کے ارکان بھی قرنطینہ میں[/pullquote]
کورونا وائرس کے انسداد کے لیے ڈاکٹر انتھونی فاؤسی سمیت وائٹ ہاؤس کی خصوصی ٹاسک فورس کے تین ارکان نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔ اس کی وجہ ان افراد کی ایک ایسے شخص سے ملاقات تھی، جس میں کووِڈ انیس کی تشخیص ہوئی۔ ڈاکٹر فاؤسی متعدی بیماریوں کے قومی انسٹیٹیوٹ کے سربراہ ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر فاؤسی کا کوورنا ٹیسٹ مثبت نہیں ہے، تاہم انہیں روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا رہے گا۔ بتایا گیا ہے کہ امریکی ادارے مراکز برائے انسدادِ امراض کے ڈائریکٹر ڈاکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ اور کمشنر برائے محکمہء خوراک و ادویات اسٹیفن ہان بھی ڈاکٹر فاؤسی کی طرح اب گھر سے ہی کام کریں گے۔
[pullquote]ایران بغیر پیشگی شرائط کے امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر آمادہ[/pullquote]
ایران نے بغیر پیشگی شرائط کے امریکا کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ ایرانی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے تاہم کہا کہ امریکا کی جانب سے اس ایرانی پیشکش کا اب تک کوئی جواب نہیں دیا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق اس سلسلے میں ایران کی جانب سے واشنگٹن حکومت کو مطلع کیا جا چکا ہے کہ تہران حکومت ایران میں قید امریکی قیدیوں اور امریکا میں قید ایرانی قیدیوں کے تبادلے پر مذاکرات کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ سن 2019 میں امریکا اور ایران کے درمیان قیدیوں کا تبادلہ کیا گیا تھا۔
[pullquote]فرانس اور اسپین میں لاک ڈاؤن میں نرمی[/pullquote]
فرانس اور اسپین میں کورونا وائرس کی وبا کے انسداد کے لیے نافذ لاک ڈاؤن میں نرمی کی جا رہی ہے۔ اتوار کے روز سے اس سلسلے میں کئی طرح کی نرمی نافذالعمل ہو گی۔ ہفتے کے روز فرانس میں اس وائرس کے نتیجے میں اسی ہلاکتیں ہوئی، جو اپریل کے آغاز سے اب تک کی کم ترین ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے متنبہ کیا ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کورونا وائرس وبا کی دوسری لہر کا سبب بن سکتی ہے۔ اسپین میں حکام نے کووِڈ انیس سے شدید متاثرہ میڈرڈ اور بارسلونا میں فی الحال لاک ڈاؤن میں نرمی نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، تاہم دیگر علاقوں اور قصبوں کو اب رفتہ رفتہ کھولا جا رہا ہے۔
[pullquote]جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں کمی[/pullquote]
غیرملکیوں کی جانب سے جرمنی میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں کمی دیکھی گئی ہے۔ اتوار کے روز جرمن اخبار بلڈ ام زونٹاگ کی ایک رپورٹ میں جرمن دفتر برائے مہاجرین و پناہ گزین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے پہلے چار ماہ میں سیاسی پناہ کی درخواستوں میں 29 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کہا گیا ہے کہ اپریل میں جرمنی میں فقط چار ہزار ایک سو افراد نے سیاسی پناہ کی درخواست دی، جو گزشتہ برس اپریل کے مہینے کے مقابلے میں قریب نصف کم ہے۔ حکام کے مطابق سیاسی پناہ کی درخواستوں میں کمی کی وجہ کورونا وائرس کی وبا اور سرحدوں پر سخت چیکنگ ہے۔
[pullquote]لاپتا امریکی کانٹریکٹر ہمارے پاس نہیں، طالبان[/pullquote]
طالبان نے امریکی کانٹریکٹر مارک فریرچز کی گم شدگی سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ یہ امریکی کانٹریکٹر رواں برس جنوری کے آخر میں افغانستان میں لاپتا ہو گیا تھا۔ طالبان کے سیاسی ترجمان سہیل شاہین نے اتوار کے روز کہا کہ طالبان کو اس لاپتا امریکی سے متعلق کوئی علم نہیں ہے۔ خصوصی امریکی مندوب برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے اس سلسلے میں پاکستان سے مدد کی درخواست بھی کی ہے۔ واضح رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان ایک امن معاہدہ فروری کے آخر میں طے پایا تھا، تاہم اب تک یہ معاہدہ کئی طرح کے مسائل کا شکار رہا ہے۔
[pullquote]برازیل میں کووِڈ انیس سے ہلاکتوں کی تعداد دس ہزار کا ہندسہ عبور کر گئی[/pullquote]
برازیل میں کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی بیماری کووِڈ انیس کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ برازیلی وزارت صحت کے مطابق اب تک ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ پچپن ہزار نو سو انتالیس ہے، جب کہ ہلاک شدگان دس ہزار چھ سو ستائیس ہیں۔ واضح رہے کہ برازیلین صدر جائیر بولسونارو ملکی اقتصادیات کو نقصان پہنچ جانے کے ڈر سے لوگوں کو گھروں میں رہنے سے منع کرتے رہے ہیں۔ صدر بولسونارو کی جانب سے دباؤ کے باوجود ساؤ پاؤلو اور ریو ڈی جنیرو کے گورنروں نے قرنطینہ اقدامات میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔